سرتاج عزیز کا رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر بھارتی ہم منصب کو خط، تحقیقات کا مطالبہ

 

اسلام آباد : پاکستان کا ظفروال سیکٹر پر رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر بھارت سے شدید احتجاج، مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر خارجہ کو خط میں واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے مشیر خارجہ کا خط بھارتی ہائی کمشنر کے حوالے کیا، خط میں بھارتی سیکیورٹی فورس کے اقدام کی مذمت کی گئی اور واقعے کی فوری تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا گیا، مشیر خارجہ نے خط میں مزید کہا ہے کہ اس واقعے سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر امن متاثر ہوگا۔

سیکریٹری خارجہ نے بھی بھارتی ہائی کمشنر سے واقعے پر احتجاج کیا اور کہا کہ رینجرز کے جوانوں پر بھارتی فائرنگ سے اعتماد کو ٹھیس پہنچی، ورکنگ باؤنڈری اور ایل او سی پر کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، ہماری فورسز اندرون ملک دہشت گردی کیخلاف کارروائی میں مصروف ہیں، پاکستان پر سرحد پار دراندازی کا الزام بے بنیاد ہے۔

وزیراعظم سمیت پوری قوم نے اس قابل مذمت واقعے کا سخت نوٹس لیا، سیکریٹری خارجہ نے پی 5 ممالک اور یورپی یونین کے سفارتکاروں کو بھی اس واقعے پر بریفنگ دی، اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی یقینی بنانے کیلئے ایسے واقعات رکوائے جائیں، خطے میں امن اور استحکام کیلئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.