اسلام آباد : اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویز مشرف کی آج حاضری سے استثنٰی کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے سابق صدر کو پانچ جنوری کو طلب کر لیا۔
ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے کیس کی سماعت کی۔ پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے سیکیورٹی خدشات اور بیماری کے باعث اپنے مؤکل کی حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی جس کی مدعی مقدمہ کے وکیل طارق اسد ایڈووکیٹ نے مخالفت کی۔ فاضل عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے پرویز مشرف کو آئندہ سماعت پر طلب کر لی۔ اختر شاہ کی جانب سے عدالت کے دائرہ اختیار کے خلاف درخواست پر بھی دلائل دیئے گئے۔
سابق صدر کے وکیل کا کہنا تھا سیشن کورٹ سماعت نہیں کر سکتی، چالان مجسٹریٹ کو بھجوا کر مقدمہ خارج کیا جائے۔ پرویز مشرف کا نام چالان میں خانہ نمبر دو میں ہے، عدالت طلب نہیں کرسکتی۔ دو گھنٹے کے دلائل کے بعد سماعت پانچ جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔ پرویز مشرف کے وکیل آئندہ سماعت پر بھی دلائل جاری رکھیں گے۔
Leave a Reply