شہر قائد میں ابو حسن اصفہانی روڈ پر دو نجی سکولوں پر ہینڈ گرینیڈ سے حملہ کیا گیا ۔ حملے کے وقت سکول بند ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ دھماکے سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔ سکول چھوڑنے کے لیے آنے والے والدین اپنے بچوں کو لے کر واپس جانے لگے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر بھی پہنچ گئے اور انہوں نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر انہیں واقعہ پر بریفنگ بھی دی گئی ۔ اصفہانی روڈ پر قائم سکول کے باہر سیکورٹی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں ۔ ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کے معائنے کےبعد صورتحال واضح ہوگی ۔ اہل علاقہ کے مطابق ملزم دھمکی آمیز خط بھی پھینک کر فرار ہو گئے ہیں ۔ دوسری طرف سندھ کے وزیر تعلیم نثار کھوڑو نے سکول پر دستی بم حملے کا نوٹس لے لیا اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ صوبائی وزیر نے سکولوں کے اطراف میں پولیس پٹرولنگ بڑھانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔ –

Leave a Reply