پی ٹی آئی طالبان کا سیاسی ونگ ہے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

 

کراچی : ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے عمران خان کا بیان کراچی کا امن تباہ کرنے اور پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش کا حصہ ہے، متحدہ قومی موومنٹ رہنماء کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی طالبان کا سیاسی ونگ ہے، عمران دہشت گردوں کیخلاف قومی اتفاق رائے کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، ایم کیو ایم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سب سے آگے کھڑی ہے۔

کراچی میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تقریر کے دوران بازاری زبان استعمال کی، انہوں نے اشتعال انگیزی پھیلا کر کراچی کا امن تباہ کرنے کی کوشش کی، کپتان کی تقریر دھرنوں کی طرح پہلے سے طے شدہ تھی، پاکستان کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش کی جارہی ہے، آرمی چیف کے دورے سے قبل ایسا بیان اسی سازش کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف طالبان کا سیاسی ونگ ہے، عمران نے طالبان کیخلاف کبھی بیان نہیں دیا، پی ٹی آئی سربراہ دہشت گردوں کیخلاف قومی اتفاق رائے کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، ایم کیو ایم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سب سے آگے کھڑی ہوئی، قائد کیلئے نفرت کا جواب والہانہ عقیدت سے دے رہے ہیں، کراچی کے عوام نے انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔

متحدہ رہنماء مزید بولے کہ عمران خان کا اسلام آباد دھرنا ناکام ہوا، وہاں کیا ہوتا رہا ہم سب جانتے ہیں، دھرنے کا پنڈال خالی ہوگیا اور عمران خان امپائر کی انگلی کا انتظار کرتے رہ گئے، چاہے دھماکے ہوں یا دہشت گردی، عمران کو وزیراعظم بننا ہے، ضرب عضب کیلئے ان کے منہ سے دو جملے نہیں نکلے۔

حیدر عباس کہتے ہیں کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کا مقدمہ ہمارے کسی رہنماء کیخلاف درج نہیں، سیتا وائٹ کی صرف 43 سال کی عمر میں موت کی بھی تحقیقات ہونی چاہئے، عمران نیازی! لندن جانے کی بات تو پہلے بھی کرتے رہے ہیں، اسکاٹ لینڈ یارڈ کو آپ نے کیا الیکشن ٹریبونل سمجھ رکھا ہے، اسکاٹ لینڈ یارڈ برطانوی ادارہ ہے، این اے 122 نہیں، وہ متحدہ کیخلاف اشتعال انگیز تقریر کرکے فنڈز اکٹھا کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی چیف لوگوں کو جان بوجھ کر دھوکا دے رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی طالبان کا سیاسی ونگ ہے، جس نے ایم کیو ایم کو نشانے پر رکھا ہوا ہے، الطاف حسین کو بزدلی کا طعنہ دینے والے عمران خان طالبان کی گود میں بیٹھ کر سیاست کرتے ہیں، ضرورت پڑتی ہے تو متحدہ اچھی لگتی ہے، عمران خان کے جلسے کامیاب کرانے کیلے بڑے فون آتے رہے ہیں، کراچی میں ہوکر بھی عمران، زہرہ شاہد کے جنازے میں نہیں گئے، پی ٹی آئی نے تو زہرہ قتل کیس کی ایف آئی آر تک درج نہیں کرائی۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.