ورلڈ کپ وارم اپ میچ، پاکستان نے انگلینڈ کو 4 وکٹ سے شکست دیدی

 

سڈنی : پاکستان نے انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی، مصباح الحق اور عمر اکمل نے نصف سنچریاں اسکور کیں، گرین شرٹس نے ورلڈ کپ کے دونوں وارم اپ میچز جیت لئے۔

سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 251 رنز کا ہدف دیا، گرین شرٹس کو ابتداء میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، محض 10 رنز پر اوپنرز اور 78 کے اسکور پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، ناصر جمشید 1، احمد شہزاد 2، یونس خان 19 اور حارث سہیل 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مصباح الحق اور عمر اکمل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 133 رنز کی شراکت قائم کی، کپتان نے ناقابل شکست 91 رنز بنائے، 99 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے انہوں نے 5 چوکے اور 2 چھکے لگائے، مڈل آرڈر بیٹسمین نے بھی خوب ساتھ نبھایا، 65 رنز کی اننگز میں 3 چوکے اور 3 چوکے شامل تھے، صہیب مقصود 20 رنز بنا سکے، شاہد آفریدی 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن اوراسٹورٹ براڈ نے 2، 2، کرس جورڈن اور جیمز ٹریڈ ویل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر انگلینڈ نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 250 رنز بنائے، جو روٹ 85 اور گیری بیلنس 57 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، الیکس ہالز اور جوز بٹلر نے 31، 31 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3، سہیل خان نے 2، احسان عادل، وہاب ریاض اور شاہد آفریدی نے ایک ایک شکار کیا۔

ورلڈ کپ میں گرین شرٹس 15 فروری کو بھارت کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلیں گے۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.