تاریخ نہ بدل سکی، پاکستان کو ورلڈ کپ میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست

 

ایڈیلیڈ : ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 76 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، 301 رنز ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 224 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، مصباح الحق  76 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

ورلڈ کپ کرکٹ میں پاکستان کا روایتی حریف کو شکست دینے کا خواب اس بار بھی خواب ہی رہا، ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کو جیت کیلئے 301 رنز کا ہدف ملا، گرین شرٹس شروع سے دباؤ کا شکار رہی، کوئی بھی کھلاڑی بے خوف ہو کر نہ کھیل سکا، یونس خان 6 رنز پر آؤٹ ہوئے تو احمد شہزاد کا ساتھ دینے حارث سہیل آئے، دونوں نے ٹیم کیلئے 68 رنز جوڑے۔

لیفٹ ہینڈر بیٹسمین حارث سہیل 36 رنز بناکر پویلین لوٹے، احمد شہزاد 47 کے اسکور پر تیز شاٹ کھیلنے کی کوشش میں جڈیجا کو کیچ تھما بیٹھے، ان کی گری تو جیسے لائن ہی لگ گئی، صہیب مقصود اگلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے سلپ میں کیچ دے کر چلتے بنے، عمر اکمل بھی ڈرے ڈرے وکٹ پر آئے اور چار گیندوں کا سامنا کیا مگر ایک متنازع فیصلے کی نذر ہوگئے۔

مصباح الحق اور شاہد آفریدی نے تھوڑی مزاحمت کی، بوم بوم نے روایتی انداز اختیار کیا، تاہم وہ بھی 22 رنز سے آگے نہیں بڑھ سکے، کپتان کی ہمت بھی 76 کے انفرادی اسکور پر جواب دے گئی، وہاب ریاض 4، یاسر شاہ 13 اور سہیل خان 7 رنز بناسکے۔

پوری گرین شرٹس ٹیم 47 ویں اوورز میں 224 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، بھارت نے 76 رنز کی فتح حاصل کرکے ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کیخلاف ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ برقرار رکھا۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 4، امیش یادیو اور موہت شرما نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل بھارت نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں بھارت نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنائے، ویرات کوہلی نے 107، سریش رائنا 74 اور شیکھر دھون 73 کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے، پاکستان کی جانب سے سہیل خان نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ویرات کوہلی کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.