فیصل آباد میں بسنت کی خوشی میں دوست کی فائرنگ، نوجوان جاں بحق

 

فیصل آباد : فیصل آباد میں پتنگ کٹنے کی خوشی میں ہوائی فائرنگ سے نوجوان کی زندگی کی ڈور ہی کٹ گئی، شہر بھر میں ہوائی فائرنگ اور پتنگ بازی ہوتی رہی مگر انتظامیہ نے کبوتر کی طرح آنکھيں بند رکھیں۔

پتنگ کٹنے کی خوشی غم میں بدل گئی جب فیصل آباد کا بدقسمت نوجوان علی رضا اپنے ہی دوست کی گولی کا نشانہ بنا، اہل علاقہ کہتے ہیں پولیس کو ہوائی فائرنگ کرنيوالوں کے بارے ميں کئی بار اطلاع دی مگر قانون کے رکھوالے نجانے کس کی رکھوالی ميں مصروف تھے۔

نوجوان کی جان گئی تو پوليس کو ہوش آيا اور پھر پورے شہر میں کریک ڈاؤن شروع کردیا گيا، فائرنگ کرنے والے محمد علی کو گرفتار کرلیا گیا، اس کا کہنا ہے کہ اپنے کئے پر شرمندہ ہے، سمجھ نہیں آرہا کیا ہوگیا۔

ہر افسوسناک واقعے کی طرح علی رضا کی موت پر بھی خادم اعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے ليا ہے مگر قاتل ڈور کيساتھ پتنگ بازی پر پابندی کے باوجود شہر بھر میں اُڑتی گڈياں انتظاميہ کی ناکامی کا پتہ دے رہی ہيں۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.