صوبے کے نائب پولیس چیف عبدالرزاق نے حملے کا ذمہ دار طالبان کو ٹھہراتے ہوئے غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ صوبہ بلخ کے ضلع زاری میں ہلاک ہونے والے میں مذکورہ این جی اوز کے 6 مرد اور ایک خاتون جب کہ 2 سیکیورٹی گارڈز بھی شامل ہیں۔
مقتولین کا تعلق جیک کے ذیلی ادارے پی آئی این سے تھا جو کہ افغانستان میں عوامی فلاح و بہبود کے لئے 2001 سے کام کررہا ہے۔
پی آئی این کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ گذشتہ رات زاری کے علاقے میں قائم ایک گیسٹ ہاؤس میں کچھ مسلح افراد نے ان کے 9 ملازمین کو قتل کردیا۔
اس حملے کی اب تک کسی بھی گروپ کی جانب سے ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں کابل میں گیسٹ ہاؤس پر ہونے والے ایک حملے میں طالبان نے 14 افراد کو ہلاک کردیا تھا جن میں سے اکثر کا تعلق ایک بین الاقوامی این جی او سے تھا۔
اقوام متحدہ کے افغان مشن کی ایک رپورٹ کے مطابق کئی سالوں سے افغانستان میں جاری کشیدگی کے باعث اب تک بڑی تعداد میں افغان شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2015ء کے پہلے 4 ماہ میں ہونے والی شہریوں کی ہلاکتیں گذشتہ سال اسی عرصے میں ہونے والی ہلاکتوں سے 16 فیصد زیادہ ہیں۔
Leave a Reply