پاکستان ’ڈی ایٹ‘ کمیشن کے 36ویں سیشن کا میزبان

کیمشن کے اجلاس کا افتتاح وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ طارق فاطمی کریں گے اور اجلاس میں ڈی ایٹ ممبر ممالک کے کمیشنرز اور تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سعید علی محمد موسوی شرکت کرے گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ اجلاس پاکستان کی تنظیم کی صدارت کی توسیعی مدت کے دوران منعقد کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے 2012 اور 2014ء کے دوران ڈی ایٹ کمیشن کے 4 اجلاسوں کی میزبانی کی ہے اور اس کے علاوہ وزرا سطح کی دو اور ایک عام اجلاس بھی پاکستان ہی میں منعقد ہوا۔

اجلاس کے دوران ڈی ایٹ کے ممبر ممالک بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشا، ایران، ملائیشا، نائجیریا، پاکستان اور ترکی تجارت، صنعت، زراعت، ٹرانسپورٹ اور بجلی سمیت پانچ اہم امور پر ہونے والی پیش رفت پر بات چیت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ تنظیم کو مزید مؤثر بنانے کے لئے ڈی ایٹ کے ’نامور افراد کا گروپ‘ بنانے کی تجویز بھی پیش کی جائے گی۔

اجلاس کے ایجنڈے میں تنظیم کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں ڈی ایٹ کے رہنماؤں اور وزراء خارجہ کی شرکت اور اس تنظیم کے اقوام متحدہ کی مختلف ایجنسیز سے خارجہ تعلقات پر گفتگو بھی شامل ہے تاکہ ڈی ایٹ کو اقوام متحدہ میں مبصر کا درجہ دلوایا جاسکے۔

یاد رہے کہ ڈی ایٹ دنیا کے مختلف حصوں میں مسلم دنیا کی ابھرتی ہوئی آٹھ معاشی طاقتوں پر مشتمل ایک تنظیم ہے جس کا قیام 1997 میں عمل میں آیا۔

تنظیم کا مقصد رکن ملکوں کے درمیان معاشی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔vfe

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.