سیہون شریف میں لال شہباز قلندر کے عرس کے دوران شدید گرمی حبس اور نہر میں ڈوبنے سے مزید چھ افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ، دو روز میں جاں بحق افراد کی تعداد چودہ ہو گئی ہے ۔ سیہون شریف میں لال شہباز قلندر کے 763 ویں سالانہ عرس کی تقریبات جاری ہیں ، شدید گرمی اور حبس سے آج بھی چھ زائرین جاں بحق ہوگئے ، پانچ افراد گرمی کی تاب نہ لاکر اور ایک نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوا ۔ عرس کے موقع پر دو روز میں جاں بحق زائرین کی تعداد چودہ ہوگئی ہے ۔ سیہون شریف اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جبکہ ہزاروں کی تعداد میں زائرین عرس کی تقریبات میں موجود ہیں ۔ گزشتہ روز بھی آٹھ زائرین زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جن میں سے پانچ افراد شدید موسم کے باعث جاں بحق ہوئے جبکہ تین گرمی کی شدت کم کرنے کے لیے نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے ۔ جاں بحق افراد میں سے زیادہ کا تعلق پنجاب سے ہے جن کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں ۔ دوسری طرف انتظامیہ نے دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت نہروں میں نہانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے ، تاہم اس کے باوجود زائرین کی بڑی تعداد اڑل واہ نہر میں گرمی سے بچنے نہانے پہنچ جاتی ہے ۔
Leave a Reply