آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ ملٹری اکیڈمی سے تربیت حاصل کرنے والے سری لنکن فوجی افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان خصوصی تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات میں سیکیورٹی تعاون بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ ہم بہتر سیکیورٹی، ترقی اور سلامتی کے معاملے پر سری لنکا کیساتھ ہیں۔ دہشتگردی کیخلاف پاکستان اور سری لنکا کے عزم سے امن آئے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ جن ریاستوں کی مسلح افواج اور ادارے کمزور تھے وہ اندرونی خلفشار کے نتیجے میں گر گئیں۔ پاکستانی قوم کی حمایت کیساتھ دہشتگردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب جاری ہے۔ قوم کی مدد سے دہشت گردی کا بنیادی انفراسٹرکچر تباہ کر دیا گیا ہے۔ آپریشن ضرب عضب کا مقصد پاکستان میں امن اور استحکام لانا ہے۔ بحیثیت قوم ہم اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے جو بھی قیمت ادا کرنا پڑی کرینگے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورے سے پاک سری لنکا عسکری تعلقات مستحکم ہوئے۔ آرمی چیف نے اپنا دورے کے دوران سری لنکن حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔ آرمی چیف نے سری لنکا کی مسلح افواج کی دہشتگردی کیخلاف طویل جنگ اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ 

Leave a Reply