کراچی : شہر قائد میں طوفان کے پیش نظر سمندرمیں نہانےپرپابندی سے شہری ناراض ہوگئے اورپولیس کے مزے آگئے۔
کمشنر کراچی کہنا ہے کہ نہانے پر پابندی ہے لیکن ساحلی تفریح پر نہیں۔ کراچی میں ممکنہ طوفان نے خطرے کی گھنٹی بجائی توانتظامیہ نے سمندر میں نہانے پر پابندی لگادی۔
دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہوتے ہی ساحل پر تفریح کیلئے جانے والے پریشان ہوگئے اور پولیس کے وارےنیارے ہوگئے۔ گرمی کے ستائے لوگوں نے جب ساحل کا رخ کیا تو قانون کے رکھوالے بھی حرکت میں آگئے اور جیب گرم کرنے کے بہانے تلاش کرنے لگے۔
عوام کہتے ہیں لوڈشیڈنگ اور گرمی سے پریشان لوگوں کیلئے ساحل ہی تو ایک تفریح کی جگہ ہے ۔ ساحل پر تفریح کی غرض سے آئی ہوئی ایک خاتون نے کہا کہ طوفان نے تفریح کا بیڑا غرق کردیا۔
کمشنر کراچی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سمندر میں نہانے پر پابندی ہے لیکن ساحل پر تفریح شہریوں کا حق ہے۔
جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کراچی کے جنوب میں 1575 کلومیٹر دور ہے۔ طوفان کی نوعیت کا صحیح اندازہ آئندہ 24 گھنٹے میں لگایا جاسکے گا۔
Leave a Reply