دفتر خارجہ میں سفیروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ بھارتی قیادت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے مفاہمت کی فضاء متاثر ہوئی ہے۔ پاکستان اپنے تمام ہمسائیہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے تاہم امن کی خواہش یکطرفہ نہیں ہو سکتی۔ دوسری جانب سے بھی اسی قسم کا جذبہ ہونا ضروری ہے۔ پاکستان تحمل کیساتھ چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ کشمیر سے متعلق قرارداد پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ وزیراعظم کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ترقی کرتے پاکستان کیلئے دہشتگردی ایک بڑا چیلنج ہے۔ آپریشن ضرب عضب میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ ملک میں جمہوریت اور ادارے مضبوط ہو رہے ہیں۔ پاکستان منفرد جغرافیائی حیثیت رکھتا ہے اور خطے میں معاشی طاقت بن کر ابھر رہا ہے۔ راہداری منصوبے سے صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر امن دونوں ممالک کی ذمہ داری ہے۔ افغانستان سے کہا کہ اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے دیں۔ افغانستان کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں۔ دہشتگردوں کو اپنی سرزمین استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ – 

Leave a Reply