سزائے موت عالمی قوانین کے خلاف نہیں، پاکستان

جمعے کو اسلام آباد میں ایک نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ ‘صرف ان افراد کو پھانسی دی جارہی ہے، جو سنگین جرائم میں ملوث ہیں’۔

مزید پڑھیں:پاکستان سے سزائے موت پر دوبارہ پابندی کا مطالبہ

واضح رہے کہ یورپی یونین کی جانب سے جاری کیے بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سزائے موت پر پابندی عائد کرکے پاکستان بین الاقوامی ذمہ داریوں اور وعدوں کو پورا کرے۔

یورپی یونین کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں ہر قسم کی سزائے موت کے خلاف ہے۔

ہندوستان کی جانب سے پاکستان مخالف بیانات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے مفادات کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی خطرے سے نمٹنا جانتا ہے اور کسی کو بھی منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہندوستانی رہنماؤں کے بیانات قابل مذمت ہیں اور اس معاملے کو اقوام متحدہ اور دیگر سفارتی فورمز پراٹھایا جائے گا۔

قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ ان دھمکیوں سے ہندوستان کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے جو خود کو ایک سیکولر ملک قرار دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ہندوستان کی پاکستان میں کارروائی کی دھمکی

واضح رہے کہ ہندوستان کے وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات کرنل (ر) راجيہ وردھن سنگھ راٹھور نے میانمار میں فضائی اور زمینی کارروائی کرکے 20 سے زائد افراد کو ہلاک کرنے کے دعوے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی کارروائی کرنے کی دھمکی دی تھی۔

کرنل راٹھور کا کہنا تھا کہ “یہ آپریشن ان تمام پڑوسیوں کے لیے ایک پیغام ہے جو دہشت گرد گروپوں کو پناہ دے کر انھیں ہندوستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں”۔

میڈیا بریفنگ کے دوران قاضی خلیل اللہ نے بتایا کہ دفتر خارجہ میں پاکستانی سفیروں کی کانفرنس میں خارجہ پالیسی جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:امن کی خواہش یکطرفہ نہیں ہو سکتی، وزیراعظم

ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ کانفرنس میں ہندوستان کی دھمکیوں سمیت خطے کے ممالک سے تعلقات پر بات ہوئی۔

انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف نے سفیروں کو ہدایات دیں کہ دیگر ممالک کو ہندوستان کے جارحانہ عزائم سے آگاہ کیا جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین افغانستان سمیت کسی بھی ہمسایہ ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، ‘افغانستان کے دشمن کو اپنا دشمن سمجھتے ہیں’۔

قاضی خلیل اللہ نے این جی او ‘سیو دی چلڈرن’ پر پابندی کے فیصلے پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہ وزارت داخلہ اس معاملے کو دیکھ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد: این جی او ‘سیو دی چلڈرن’ پر پابندی عائد

خیال رہے کہ ‘پاکستان مخالف سرگرمیوں’ پر بین الاقوامی امدادی گروپ ‘سیو دی چلڈرن’ پر پاکستان میں پابندی عائد کرکے اسلام آباد میں مارگلہ روڈ پر واقع ان کا دفتر بھی سیل کردیا گیا ہے۔9

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.