تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ترجمان شیریں مزاری نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ ‘نہ تو ہمارے وکیل اور نہ ہی الیکشن ٹریبونل کے جج نے ضمنی رپورٹ طلب کی’۔
انہوں نے کہا کہ نادرا نے اس حوالے سے غلط بیانی سے کام لیا ہے۔
شیریں مزاری نے نادرا کو چیلنج کیا کہ وہ ایسی کسی درخواست کا ثبوت پیش کرے۔
ترجمان شیریں مزاری نے کہا کہ نادرا کا جھوٹ اس بات کا عکاس ہے کہ اس پر حکومت کا کتنا دباؤ ہے۔
شیریں مزاری نے مزید کہا کہ ان کی جماعت نادرا کے اس بیان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔
واضح رہے کہ نادرا نے تحریک انصاف پر گمراہ کن مہم کے ذریعے دباؤ ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’پی ٹی آئی کی قیادت نادرا اور اس کے چیئرمین پر دباؤ ڈال رہی ہے۔ اُس نے موقع کا استعمال کرتے ہوئے نادرا ملازمین کی یونین کے اراکین کے ساتھ ملاقاتوں میں انہیں دھرنوں اور رجسٹریشن کے مراکز کو بند کرنے پر اکسایا ہے۔‘‘
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی گمراہ کن مہم چلارہی ہے: نادرا
نادرا کے ترجمان نے مزید کہا کہ ’’ضمنی رپورٹ، انتخابی ٹریبیونل کو دونوں جماعتوں کے وکیلوں کی درخواستوں پر جمع کرائی گئی تھی، تاہم کارروائی کے دوران جب پی ٹی آئی کے وکیل نے اس بات سے انکار کیا کہ انہوں نے ضمنی رپورٹ پیش کرنے کے لیے نادرا سے درخواست کی تھی تو نادرا کے چیئرمین نے پی ٹی آئی کے وکیل کی درخواست پر مبنی ایک خط فاضل جج کے سامنے پیش کردیا تھا۔‘‘
انہوں نے کہا ’’جج نے تسلیم کیا کہ یہ ان کی موجودگی میں دیا گیا تھا اور اب اسے سرکاری ریکارڈ کا حصہ بنادیا گیا ہے۔‘‘
نادرا کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے وکلاء پر عدالت میں نصف حقیقت بیان کرنے پر قانونی کارروائی شروع کی جاسکتی ہے۔
Leave a Reply