آصف زرداری نے مشاورت کے لئے سیاسی رہنماؤں کو آج افطار ڈنر پر بلالیا ، دعوت نامے بھیج دئیے گئے ، عمران خان نے شرکت سے انکار کر دیا ۔ سابق صدر نے الطاف حسین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ، دونوں رہنماؤں نے اختلافات ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ آصف زرداری کی جارحانہ تقریر کے بعد ملک میں سیاسی درجہ حرارت ایک بار پھر بڑھ گیا ہے ۔ سابق صدر کو ایک طرف تنقید کا سامنا ہے اور دوسری طرف وہ سیاسی رابطوں میں مصروف ہیں ۔ آصف زرداری نےاپنے بیان کے حوالے سے اعتماد میں لینے کیلئے حکومت سمیت تمام جماعتوں کے رہنماؤں کو آج افطار ڈنر پر مدعو کیا ہے ، تحریک انصاف ، اے این پی ، جے یو آئی اور ایم کیو ایم کو بھی دعوت دی گئی ہے ، سابق صدر نے ق لیگ کی قیادت اور محمود اچکزئی کو بھی مدعو کیا ہے ۔ دوسری طرف آصف علی زرداری اور الطاف حسین میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا ۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ جن کا جینا مرنا سندھ دھرتی سے وابستہ ہے انہیں آپس کے اختلافات ختم کر دینے چاہئیں ۔ دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس وقت اتحاد و یکجہتی کی جتنی ضرورت ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی ۔ – 

Leave a Reply