کراچی: رمضان المبارک میں سحرکے اوقات میں غیراعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ پرشدید عوامی احتجاج کے جواب میں کے الیکٹرک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس پریشرکم فراہم کیا جارہا ہے جس کے سبب یہ مسئلہ پیدا ہوا۔
جاری کردہ بیان میں کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ روات سوئی گیس کی جانب سے کے الیکٹر ک کے سائٹ ایریااورکورنگی میں واقع الیکٹرک پلانٹس کو گیس کی فراہمی معطل کردی جس کے سبب گیس پر چلنے والے دونوں پلانٹ بند ہوگئے جس سے ’’کے ای‘‘ کی پیداواری صلاحیت میں کمی واقع ہوگئی اور شہر سحر کے اوقات مین اندھیرے میں ڈوب گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’’ بجلی کی طلب بڑھ کر 3100 میگا واٹ تک پہنچ چکی ہے اورگرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ بجلی کی طلب میں بھی اضافہ ہوگا۔ کے الیکٹرک نے ان علاقوں میں اپںی ٹیمیں تعینات کررکھی ہیں جہاں تارٹوٹنے اور غیر قانونی کنڈوں کی شکایات عام ہیں۔
کے الیکٹرک کے ترجمان نے اپنے بیان کے اختتام پر اپنے صارفین سے معذرت طلب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی کمپنی حتی الامکان رمضان المبارک میں صارفین کو زیادہ سے زیادہ وقت بجلی مہیا کرنے کی کوشش کرے گی۔
Leave a Reply