شدید گرمی سے چڑیا گھر کے 3 جانور ہلاک

ذرائع نے ڈان کو بتایا ہے کہ کراچی چڑیا گھر میں ہیٹ اسٹروک اور ڈی ہائیدریشن کے باعث 3 جانور ہلاک ہوچکے ہیں۔

پیر کو ایک ہرن، مور اور مورنی اپنے پنجروں میں مردہ حالت میں پائے گئے، تاہم ہلاک ہونے والے ہرن کی نسل کی شناخت نہیں کی جاسکی۔

دوسری جانب چڑیا گھر انتظامیہ نے صرف 2 جانوروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

چڑیا گھر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سید عقیل تعظیم نقوی نے بتایا کہ 2 موروں کی موت واقع ہوچکی ہے اور اگرچہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق جانوروں کی ہلاکت کی فوری وجہ ہیٹ اسٹروک ہے تاہم انھیں آنتوں کی سوزش کا مسئلہ بھی لاحق تھا۔

انھوں نے بتایا کہ موروں کا یہ جوڑا ایک ہی پنجرے میں رہائش پزیر تھا۔

چڑیا گھر کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے لیے ایک نہایت منافع بخش ذریعہ آمدنی ہے، لیکن غیر تربیت یافتہ عملے کے ساتھ ساتھ چڑیا گھر میں جانوروں کی رہائش کے انتظامات بھی انتہائی ناقص ہیں اور انھیں بہتر بنانے کے لیے خاطر خواہ کوششیں بھی نہیں کی گئیں۔

ہر سال چڑیا گھر سے اچھی خاصی آمدنی حاصل کرنے کے باوجود کے ایم سی نے جانوروں کی حالت زار بہتر بنانے کے لیے خاطر خواہ قدامات نہیں کیے۔

جبکہ اس ادارے نے ابھی تک کانٹریکٹرز کو جانوروں کی فیڈ کی مد میں بقایاجات بھی ادا نہیں کیے اور اسے اکثر اوقات ان کی جانب سے سپلائی بند کرنے کی دھمکیاں ملتی رہتی ہیں۔b

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.