ٹرین حادثہ، لیفٹیننٹ کرنل عامر جدون، اہلیہ اور دو بچے سپرد خاک

گوجرانوالہ ٹرین حادثے میں لیفٹیننٹ کرنل عامر جدون کی اہلیہ ، بیٹا اور بیٹی کی دو مرتبہ نمازجنازہ ادا کی گئی ۔ فرنٹیئر فورس رجمنٹ سنٹر میں ہونے والی نمازجنازہ میں کورکمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل ہلال اور کمانڈنٹ پی ایم اے کاکول نے بھی شرکت کی ۔ نواں شہر میں دوبارہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں عزیزواقارب اور اہل علاقہ نے شرکت کی ۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد لیفٹیننٹ کرنل عامر جدون کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ۔ چیف آف جوائنٹ اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی جانب سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی ۔ پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی ۔ ستانوے پی ایم اے لانگ کورس کے ذریعے پاک فوج میں شمولیت اختیار کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل عامر جدون شہید کا تعلق ایک سو سات انجینئرنگ بٹالین سے تھا۔ وہ پنوں عاقل سے کھاریاں جا رہے تھے اور پچیس دن قیام کے بعد سوات میں اسٹیشن ہونا تھا۔ ایک ہی خاندان کے چار افراد کی شہادت پر اہل علاقہ کی بڑی تعداد ورثاء سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لیے گھر پہنچ گئی۔ گورنر خیبر پختونخوا مہتاب عباسی نے بھی تعزیت کی ہے ۔ عزیز و اقارب کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل عامر جدون انتہائی ملنسار اور حقوق العباد کا خیال رکھنے والی شخصیت کے مالک تھے۔ وہ ناصرف رشتہ داروں بلکہ اہل علاقہ کا بھی بہت خیال رکھتے تھے۔ ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے شہید کے ورثاء میں تین بھائی اور ایک بہن شامل ہیں۔ تینوں بھائی بھی پاک فوج میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ – fd

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.