پالے کیلے میں پاکستان فتح کی راہ پر گامزن

میچ کے چوتھے دن سری لنکا نے 228 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے اننگ شروع کی تو دنیش چندیمل اور اینجلو میتھیوز وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے چھٹی وکٹ کیلئے 117 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کیا۔

اس دوران میتھیوز نے اپنی سنچری اور چندیمل نے نصف سنچری بھی مکمل کی اور اسکور بورڈ پر 278 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ کا ہندسہ میچ پر سری لنکن گرفت کی عکاسی کر رہا تھا۔

اس موقع پر کپتان مصباح الحق عمران خان کو باؤلنگ کیلئے لائے جنہوں نے چند ہی اوورز میں سری لنکن بیٹنگ کی بساط لپیٹ دی۔

عمران نے سری لنکا کی آخری پانچوں حاصل کر کے پوری سری لنکن ٹیم کو 313 رنز پر پویلین لوٹا دیا۔

کپتان اینجلو میتھیوز آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھی جنہوں نے 122 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے عمران خان پانچ وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ یاسر شاہ اور راحت علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

پہلی اننگ میں 64 رنز کی برتری کے سبب سری لنکا نے پاکستان کو میچ میں جیت کیلئے 377 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو 13 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے احمد شہزاد اور اظہر علی اپنی وکٹیں گنوا چکے تھے۔

اس موقع پر تجربہ کار یونس خان اور شان مسعود کریز پر یکجا ہوئے اور اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے سری لنکن باؤلرز کا ڈٹ کر سامنا اور تیسری وکٹ کیلئے 217 رنز کی ساجھے داری قائم کر کے پاکستان کو میچ میں واپس لا کر فتح گر پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔

پاکستان کی جانب سے نوجان شان مسعود نے اپنے کیریئر کی پہلی جبکہ یونس خان نے اپنے کیریئر کی 30ویں سنچری اسکور کی۔

جب چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے دو وکٹ کے نقصان پر 230 رنز بنائے تھے، یونس خان 101 اور شان مسعود 114 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

پاکستان کو ٹیسٹ میچ اور سیریز جیتنے کیلئے محض 147 رنز درکار جبکہ اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔cc

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.