راولپنڈی میں موسلادھاربارش نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق

راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے باعث مختلف علاقوں میں کئی کئی فٹ تک پانی کھڑا ہوگیا جس کے باعث نظام زندگی معطل ہو کر رہ گئی۔ شدید بارش کے باعث مختلف حادثات میں 2 بچوں سمیت 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جب کہ نالہ لئی میں پانی کی سطح انتہائی بلند ہونے کے بعد ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جس کے بعد امدادی کاموں کے لئے پاک فوج کی ٹیمیں بھی پہنچ گئیں۔ موسلا دھار بارش کے باعث میٹرو بس سروس بھی شدید متاثر ہوئی اورمیٹرو اسٹیشن کی چھتیں ٹپکنا شروع ہوگئیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے راولپنڈی بارش کے بعد ہونے والی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے پانی کی نکاسی کے لئے ہنگامی بنیاد پر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ محکمہ موسمیات نے دریائے چناب میں 9 جولائی تک فلڈ وارننگ جاری کردی جس کے بعد چناب میں ہیڈ مرالہ، ہیڈ خانکی اور ہیڈ قادرآباد پراضافی عملہ تعینات کردیا گیا ہے اورمحکمہ انہارکے افسران اور اہلکاروں کی بھی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی بارش مون سون بارشوں کا ابتدائی سلسلہ ہے جو عارضی ہے جس کے بعد تیزبارشوں کا سلسلہ ایک مرتبہ پھرشروع ہوگا تاہم آئندہ 24 گھنٹے کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، ڈی جی خان سمیت دیگر شہروں میں مزید موسلا دھاربارش کا امکان ہے۔lk

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.