افغان حکومت اور تحریک طالبان افغانستان کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ختم ہو گیا ، فریقین نے مذاکراتی عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، آئندہ اجلاس رمضان المبارک کے بعد اتفاق رائے سے ہوگا ۔ ترجمان دفتر خارجہ خلیل اللہ قاضی کے مطابق افغان حکومت اور تحریک طالبان افغانستان کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مری میں ہوا ۔ افغان حکومتی وفد کی قیادت نائب وزیرخارجہ حکمت کرزئی جبکہ طالبان وفد کی قیادت ملا جلیل نے کی ۔ مذاکرات میں دو پاکستانی سرکاری بھی شریک تھے ۔ خلیل اللہ قاضی کا کہنا ہے کہ فریقین نے افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ خطے میں قیام امن کے لئے مذاکراتی عمل میں خلوص دل اور نیک نیتی سے شرکت کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ فریقین نے اعتماد سازی کے مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور شروع کرنے کے حوالے سے فیصلہ رمضان المبارک کے بعد اتفاق رائے سے ہوگا ۔ ترجمان نے افغانستان میں پائیدار امن کیلئے افغان حکومت تحریک طالبان ، اقوام متحدہ اور دیگر شراکت داروں کا شکریہ بھی ادا کیا ہے ۔ –
Leave a Reply