کراچی: ملک بھر میں خلیفہ چہارم حضرت علی رضی اللہ عنہ کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا اس حوالے سے سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے۔
کراچی میں حضر ت علیٰ کے یوم شہادت کے موقع پر مرکزی جلوس شاہ خراسا ں نمائش سے شروع ہوکر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا ، حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر سکیورٹی ریڈالرٹ تھی ۔ سکیورٹی کیلئے گیارہ ہزار اہلکار تعینات تھے ۔
لاہور میں یوم علیؓ کا مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمدہوا ۔جلوس کی سکیورٹی فول پروف تھی بلند عمارتوں میں اسنائپر شوٹرز اورچھ ہزاراہلکار تعینات کئے گئے تھے ،جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتاہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوا۔ راولپنڈی میں نماز ظہرین کے بعد یوم علی کا جلوس کمرشل مارکیٹ سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا واپس کمرشل مارکیٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
ملتان میں امام بارگاہ کاشانہ حیدریہ چاہ بوہڑ والا سے یوم علی کامرکزی جلوس برآمدہوا ،اس موقع پر سیکیورٹی کےانتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔۔ سرگودھا میں یوم علی کے حوالے سے مرکزی جلوس امام بارگاہ سات بلاک سے برآمد ہواجو حسین چوک سے ہوتاہواواپس امام بارگاہ سات بلاک پر اختتام پذیرہوگیا۔ شہادت حضرت علی کے سلسلہ میں گوجرانوالہ ضلع میں سترہ جلوس نکالے گئے۔
گوجرانوالہ پولیس نے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے تھے۔لاڑکانہ میں یوم شہادت حضرت علی علیھ السلام پر ضلع بھر میں نو ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔ سکھر کی مختلف امام بارگاہوں سے یوم علی کے جلوس بر آمد ہوئے۔ سیکورٹی کے لیے گیارہ سو پولیس اہلکار تعینات تھے۔
اس کے علاوہ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں بھی حضرت علی رضی اللہ عنہ کے یوم شہادت پر جلوس اور محافل عزا منعقد کی گئیں۔
Leave a Reply