دمبولا میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو جیت کے لئے سری لنکا کی ٹیم نے دو سو چھپن رنز کا ہدف دیا تھا۔
گرین شرٹس نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو کپتان اظہرعلی اکیس، احمدشہزاد انتیس اور بابراعظم پچیس رنزبناکر پویلین لوٹ گئے تاہم باؤلنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی حفیظ نے شاندار کارکردگی دکھائی اور تیرانوے گیندوں پر دس چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ایک سو تین بنا کر ون ڈے کیرئیر کی دسویں سینچری اسکور کی۔
حفیظ پویلین لوٹے تو بیٹنگ کی کمان شعیب ملک نے سنبھال لی اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پچپن رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمدرضوان بھی بیس رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان نے دو سو چھپن رنز کا ہدف چھیالیسویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
سری لنکا کی جانب سے سورنگا لکمل، تلکارتنے دلشان، انجیلو میتھیوز اور تھسارا پریرا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس قبل پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے میچ میں ٹاس جیت کر باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا اور قومی باؤلرز کی باؤلنگ کے آگے لنکن بیٹسمین کھل کر نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے اسکی وکٹیں گرتی رہیں۔
سر لنکا کے کوشل پریرا چھبیس، دلشان اڑتیس، تھریمانے تیئس، تھرنگا بیس اور کپتان میتھیوز اڑتیس رنز بناسکے جبکہ دنیش چندیمل کی ناقابل شکست پینسٹھ رنز کی اننگز کی بدولت سری لنکا کی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں پر دو سو پچپن رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔
محمد حفیظ نے چار اور راحت علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان اور سری لنکا کےدرمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ پندرہ جولائی کو پالے کیلے میں کھیلا جائے گا۔
Leave a Reply