میاں عامر محمود پی بی اے کے چیئرمین منتخب

dbddddddddd

 

سال 2016-17ء کے لیے دنیا ٹی وی کے چیئرمین میاں عامر محمود کو پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔ جیو ٹی کے میر ابراہیم رحمان وائس چیئرمین، ہم ٹی نیٹ ورک کے درید قریشی سینئر وائس چیئرمین، ڈان نیوز کے شکیل مسعود سیکرٹری، کے ٹی این کے محمد اسلم قاضی جوائنٹ سیکریٹری اور آج ٹی وی کے ارشد زبیری کو فنانس سیکریٹری منتخب کیا گیا ہے۔

دھڑ جڑے بچوں کو علیحدہ کرنے کا آپریشن کامیاب

hh

 

تین ماہ سے جاری کوششیں رنگ لے آئیں۔ دھڑ جڑے بچوں کو کامیاب آپریشن کے بعد علیحدہ کر دیا گیا۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک بچے ابراہیم کی طبیعت اچانک بگڑ گئی تو رات گئے ڈاکٹروں کی ٹیم سرجن محمود شوکت کی سربراہی میں چلڈرن ہسپتال پہنچ گئی اور دونوں کی علیحدگی کا آپریشن کیا گیا جو صبح چھے بجے تک جاری رہا۔ ڈاکٹرز نے اس آپریشن کو معجزہ قرار دیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق آپریشن سے قبل بیمار بچے ابراہیم کی حالت اب بھی تشویشناک ہے لیکن اسماعیل بہتری کی طرف گامزن ہے۔ بچوں کی مکمل صحت یابی تک انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ دنیا نیوز نے 13 جولائی کو دھڑ جڑے بچوں کیلئے آواز اٹھائی تھی جس کی وجہ سے بچوں کا آپریشن ممکن ہو سکا اورانہیں ایک نئی زندگی ملی۔

 

 

صوابی انٹر چینج میدان جنگ بن گیا، پولیس کی شیلنگ، مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ، گاڑیاں نذر آتش

 

 

کرینوں اور گاڑیوں کی لمبی قطار کے ساتھ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی قیادت میں پی ٹی آئی کارکنوں کا قافلہ صوابی انٹر چینج پر پہنچا تو سامنے پولیس موجود تھی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ شروع کر دی۔ شیلنگ ہوتے ہی کارکنوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ شیلنگ سے درجنوں کارکنوں کی حالت خراب ہو گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ پی ٹی آئی کے مشتعل مظاہرین نے جھاڑیوں میں آگ لگا دی اور مورچہ بند ہو کر پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ کارکنوں نے پتھراؤ کیلئے غلیل کا استعمال بھی کیا۔
دوسری جانب پولیس کی شیلنگ اور ہنگامہ آرائی سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا گاڑی میں محصور ہو کر رہ گئے۔ اس دوران مظاہرے کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی جاری رہی۔

حضرو کے ہارون پل پر راستہ روکنے پر تحریک انصاف کے کھلاڑی دو بدو مقابلے پر اتر آئے۔ پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے بعد 8 گاڑیوں اور 10 موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی۔

پرویز رشید کو قربانی کا بکرا بنایا گیا: اعتزاز احسن

bgg

 

قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سابق وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کو قربانی کا بکرا بنایا گیا ۔

سپریم کورٹ بار کے انتخابات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کمزوروں کو قربانی کا بکرا بناتی ہے ، پہلے مشاہد اللہ خان کو قربانی کا بکرا بنایا گیا اور اب پرویز رشید کو قربانی کا بکرا بنایا گیا ۔

اعتزاز احسن نے دعویٰ کیا کہ جس نے خبر فیڈ کی ہے اس کا ابھی تک حکومت کو پتا نہیں چلا ۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نے دعویٰ کیا کہ جس نے خبر دی ہے وہ پرویز رشید سے زیادہ طاقت ور اور مقتدر ہے ۔

پاناما پیپرز کا حساب مانگنے والوں کی اپنی آف شور کمپنیاں ہیں: مسلم لیگ (ن)

grr

 

مسلم لیگ کے رہنماؤں دانیال عزیز نے محمد زبیر اور طلال چودھری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا سارا خاندان آف شور کمپنیاں بنانے میں شامل ہے۔ گجرات اور پشاور کے ٹولوں کا نام بھی پاناما پیپرز میں شامل ہے۔ الیکشن کمیشن میں 2 نومبر کو عمران خان اور جہانگیر ترین کی تلاشی ہو گی۔ عمران خان اس شخص کے خلاف اسلام آباد بند کرنے جا رہے ہیں جن کا پاناما پیپرز میں نام ہی نہیں ہے۔
محمد زبیر کا کہنا تھا کہ پاناما پیپرز کی تحقیقات عمران خان یا تحریک انصاف نے نہیں کرنی، احتساب کا قانونی فورم سپریم کورٹ ہے۔ سپریم کورٹ نے نوٹسز جاری کر دیے ہیں تو دھرنے اور احتجاج کا کیا جواز ہے؟ عمران خان عدلیہ پر پریشر ڈال کر پسند کا فیصلہ لینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا عمران خان وفاقی دارالحکومت کو بند کرنا چاہتے ہیں اور توقع بھی رکھتے ہیں کہ پکڑ دھکڑ نہ ہو۔
طلال چودھری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو احتجاج کی اجازت تو ہے لیکن فساد اور یلغار کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ تحریک انصاف والے مسلح ہو کر اسلام آباد کو فتح کرنا چاہتے ہیں۔

 

 

مریم اورنگزیب وزیر مملکت اطلاعات ونشریات مقرر

 

 

وزیراعظم محمد نواز شریف نے مریم اورنگزیب کو وزیر مملکت برائے اطلاعت ونشریات مقرر کر دیا ہے۔ مریم اورنگزیب خواتین کی مخصوص نشت پر رکن اسمبلی منتخب ہوئیں تھیں۔ مریم اورنگزیب کو سیاست ورثے میں ملی۔ ان کے والد راجہ اورنگزیب عباسی سینیٹر رہے۔ ان کی والدہ طاہرہ اورنگزیب (ن) لیگ کی اہم رکن جبکہ خالہ نجمہ حمید بھی سینیٹر ہیں۔ وہ اس وقت پارلیمانی سیکرٹری برائے داخلہ اطلاعات وماحولیاتی تبدیلی سے متعلق کمیٹیوں کی رکن ہیں۔ مریم اورنگزیب راولپنڈی اسلام آباد خواتین یوتھ ونگ کی چیف آرگنائزر بھی ہیں۔ انہوں نے لندن کی یونیورسٹیوں سے معیشت اور ماحولیات میں ماسٹر ڈگری بھی حاصل کر رکھی ہے۔

راستے بند کرنے کا اختیار کسی کے پاس نہیں، عدالت

vddddd

 

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں دفعہ 144 اور پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاری کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس عاطر محمود نے عمیر تنویر کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست کی سماعت کے دوران فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ راستے بند کرنے کا اختیار کسی کے پاس نہیں ہے۔ کس قانون کے تحت راستے بند کیے گئے ہیں؟ جس پر سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی انتظامات کیلئے کچھ راستوں پر کنٹینرز لگائے ہیں۔ اس موقف پر جسٹس عاطر محمود نے کہا کہ یہ بات متعلقہ حکام لکھ کر دیں، پھر آ گئے بات ہوگی۔ فاضل جج نے کنٹینرز لگا کر راستے بند کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب، سی پی او اور ڈی سی او راولپنڈی کو کل طلب کر لیا ہے۔

پنجاب پولیس کا صوبے بھر میں کریک ڈاون، تحریک انصاف کے سیکڑوں کارکن زیرحراست

cddd

 

پنجاب کے مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاریوں کے لیے بھی پولیس سرگرم ہے۔ پولیس نے اوکاڑہ سے ایم پی اے مسعود شفقت ربیرہ اور ملتان سے ایم پی اے جاوید اختر انصاری کو حراست میں لے لیا۔ فیصل آباد میں پولیس نے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد کارکنوں کو پکڑ لیا۔ ایم پی اے خرم شہزاد کے گھر بھی چھاپہ مارا گیا تاہم گرفتاری عمل میں نہ لائی جا سکی۔ ادھر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل فرخ حبیب کی رہائشگاہ پر چھاپہ مار کر ان کے بھائی اور کزن گرفتار کر لیا گیا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی پولیس سرگرم رہی اور درجنوں کارکن گرفتار کر لیے۔ تحریک انصاف کے حلقہ 158 سے ایم پی اے کے امیدوار طاہر مجید میو کو حراست میں لے لیا گیا۔ ویلنشیا ٹاؤن سے اداکار کاشف محمود کو گرفتار کیا گیا تاہم رات گئے انہیں رہا کر دیا گیا۔ پولیس نے مسلم لیگ ق کے رہنما سینیٹر کامل علی آغا کے گھر بھی چھاپہ مارا۔ راولپنڈی میں پولیس نے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ تحریک انصاف نے شمس آباد میں گرفتاریوں کیخلاف احتجاج کیا اور نعرے لگائے۔ دوسری جانب ملتان، وہاڑی، خانیوال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، سانگلہ ہل، منڈی بہاؤالدین سمیت مختلف شہروں میں پولیس کے چھاپے رات بھر جاری رہے۔

پولیس نے تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں کو گرفتار کرنے کیلئے فہرست تیار کر لی

ccc

 

پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔ فہرست میں عمران خان، شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، علیم خان سمیت 94 لیڈروں کے نام شامل ہیں۔ اسلام آباد پولیس فہرست کے مطابق اسد عمر، اعظم خان سواتی، ڈاکٹر شیریں مزاری، عون چودھری، فوزیہ قصوری اور نفیسہ خٹک کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔

متحدہ کے کنوینر، ڈپٹی کنوینر اور سی ای سی ارکان کا انتخاب آج ہو گا

hi

 

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پارٹی قیادت کے انتخاب کے لئے انٹرا پارٹی انتخابات کا اعلان کیا ہے۔ انتخابات پیر کے روز ایم کیو ایم کے پی آئی بی کالونی میں واقع عارضی مرکز پر ہوں گے جس میں ذمہ داران اور کارکنان ووٹنگ کے ذریعے رابطہ کمیٹی اور سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے انچارج و اراکین کا انتخاب کریں گے۔ کارکنان دوپہر 2 بجے سے شام 6 بجے تک ووٹ کاسٹ کر سکیں گے جسکے لئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ انتخبات میں الیکشن کمیشن کے فرائض حمید الظفر، حنیف سورتی اور کامران نظامی انجام دیں گے۔