الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ پارلیمنٹ سے انتخابی اصلاحات کے پیکیج کی منظوری کے فوری بعد عملے کی تربیت شروع کر دی جائے گی۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں یہ طے کیا گیا کہ اگر پارلیمنٹ سے قانون پاس ہو گیا تو عملے کی تربیت جولائی دو ہزار سترہ میں شروع کی جائے گی۔ اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کے دفاتر میں کمپیوٹرائزڈ ووٹر لسٹ کا نظام کامیابی سے لگایا جا چکا ہے۔ جولائی کے آخر تک تمام اضلاع میں نظام نصب کر دیا جائے گا، جس سے عوام کو ووٹرز رجسٹریشن میں سہولت ملے گی۔ اجلاس میں انتخابی مواد کی خریداری، الیکشن کمیشن کی استعداد کار بڑھانے اور تمام حساس پولنگ سٹیشنز پر کیمروں کی تنصیب کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ تمام پولنگ سٹیشنز کو گوگل میپ سے منسلک کرنے کے کام کا بھی جائزہ لیا گیا۔
Leave a Reply