ملتان: موبل آئل فیکٹری میں آگ لگ گئی، ریسکیو کی 8 گاڑیاں قابو پانے میں ناکام

وہاڑی روڈ پر واقع موبل آئل فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی۔ فیکٹری کے اندر موجود موبل آئل کے بڑے بڑے ڈرم بموں کی طرح مسلسل ہوا میں بلند ہونے اور پھٹنے لگے۔ ریسکیو کی 8 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ تاہم تاحال انہیں کوئی کامیابی نہیں ملی۔ آگ اردگرد کی عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ چکی ہے۔ پولیس نے 500 میٹر اردگرد کی عمارتیں خالی کروا لی ہیں اور سڑک کو بھی ٹریفک کیلئے بند کر دیا ہے۔ آگ بجھانے کیلئے ریسکیو کی مزید گاڑیاں طلب کر لی گئی ہیں۔ بڑی تعداد میں ایمبولینسز بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہیں۔ تاہم آگ لگنے کے فوراً بعد فیکٹری میں موجود بیشتر افراد باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے میں کم از کم تین گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ دریں اثناء، آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث قریبی علاقوں کی بجلی بند کر دی گئی ہے۔ ریسکیو کی گاڑیوں کا پانی آگ تک نہیں پہنچ رہا۔ مظفر گڑھ، خانیوال اور وہاڑی سے بھی فائر ٹینڈرز طلب کر لئے گئے ہیں۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.