الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی فنڈنگ کیس ایک ہفتے کے لئے ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کر دی ۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی الیکشن کمیشن نے سماعت شروع کی مگر ایک بار پھر تحریک انصاف کی جانب سے بینک اکائونٹس کی تفصیلات پیش نہ کی گئیں ۔ تحریک انصاف کے وکیل نے بتایا کہ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے حکم کو ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست کی سماعت بدھ کو ہوگی ۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ جب عدالت نے ابھی تک حکم امتناع جاری نہیں کیا تو یہاں سماعت کیسے ملتوی کی جاسکتی ہے ۔ آپ کو جواب جمع کرانے کا آخری موقع دیا گیا تھا ۔ تحریک انصاف کے وکیل نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ میں بھی اسی نوعیت کی ایک درخواست زیر سماعت ہے ۔ سپریم کورٹ روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر رہی ہے ۔ انور منصور کل بھی سپریم کورٹ میں مصروف ہوں گے اس لئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرنے کی جائے۔ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سماعت بدھ تک کیلئے ملتوی کردی۔
Leave a Reply