توہین عدالت کیس:الیکشن کمیشن کی عمران خان کو جواب جمع کروانے کی آخری مہلت

+

توہین عدالت کیس میں الیکشن کمیشن نے عمران خان کو جواب جمع کرانے کی آخری مہلت دے دی ، عمران خان پہلے والے بیان میں ترمیم کر کے جواب 7 جون تک جمع کرا سکیں گے ، پارٹی فنڈنگ کیس میں بھی جواب جمع کرانے کے لیے وقت مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی جس میں پی ٹی آئی وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ توہین عدالت کا معاملہ غلط فہمی پر مبنی ہے ، در گزر کیا جائے ، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا نظرثانی درخواست واپس لے لی مگر عمران خان نے معافی نہیں مانگی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آج تک جس نے بھی معذرت کی ہم نے اسے تسلیم کیا ، نظرثانی درخواست میں جو الفاظ لکھے گئے تھے وہ کبھی ختم نہیں ہوسکتے ، معاملے پر الیکشن کمیشن اپنا فیصلہ سنائے گا ، تحریک انصاف نے استدعا کی کہ دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر بھی کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب پارٹی فنڈنگ کیس میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کچھ وقت دے کر تحریک انصاف سے فنڈنگ کا ریکارڈ دوبارہ مانگ لیتے ہیں ، پارٹی فنڈنگ پر سپریم کورٹ جو فیصلہ کرنے جا رہی ہے وہ بہت اہم ہوگا ، الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم برقرار رکھتے ہوئے سماعت 22 جون تک ملتوی کر دی۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.