پشاور میں ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج ، لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی تالہ بندی کی کوشش میں دو ڈاکٹر گرفتار،جی ٹی روڈ بلا ک کر کے نعر ے بازی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کا سلسلہ آٹھویں روز بھی جاری رہا ، بدھ کے روز ڈاکٹروں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی تالہ بندی کی کوشش کی تو پولیس نے ینگ ڈاکٹرز کے دو عہدیداروں ڈاکٹر امجد اور ڈاکٹر وقاص کو حراست میں لے لیا ، جس کے بعد دوسرے ہسپتالوں سے بھی ڈاکٹرز لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچ گئے ، زیروپوائنٹ پر جمع ہو کر ڈاکٹروں نے احتجاج کیا اور انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کی۔ ہسپتال میں احتجاج کے بعد بعد ڈاکٹروں نے جی ٹی روڈ کا رخ کیا اور اسمبلی چوک میں جی ٹی روڈ بلاک کردیا ، ڈاکٹروں نے سڑک پر لیٹ کر احتجاج کیا ، بعدازاں پولیس کے ساتھ مذاکرات کے نتیجے میں ڈاکٹروں نے جی ٹی روڈ خالی کر دیا اور اسمبلی چوک میں لگے احتجاجی کیمپ میں جمع ہوگئے۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم ہونے اور گرفتار ڈاکٹروں کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا ، ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو اس کے بعد مرحلہ وار صوبے کے تمام بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے علاوہ تمام سروسز بند کردینگے۔
Leave a Reply