پھلوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف سوشل میڈیا کی بائیکاٹ مہم کا پہلا دن، کسی نے پھلوں کا کیا بائیکاٹ تو کسی نے مجبوری میں مہنگے پھل بھی خریدے۔ شہری کہتے ہیں کہ رمضان المبارک کے مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے ہر چیز پر قیمت بڑھا دی جاتی ہے۔ جہاں کچھ پھل فروشوں نے اس مہم کو کامیاب قرار دیا ہے تو کچھ اسے ناکام قرار دے رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پھلوں کی بائیکاٹ مہم کے ذریعے عارضی طور پر تو قیمتوں پر اثر پر سکتا ہے لیکن مہنگائی کے طوفان کو کنٹرول کرنا حکومت کا فرض ہے۔ مہنگے پھلوں کے بائیکاٹ کی مہم کے پہلے ہی روز لاہوریوں نے مہم کو کامیاب بنانے کی ٹھان لی جبکہ ملتان میں بھی شہریوں نے سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم کا خیر مقدم کرتے ہوئے پھلوں کا بائیکاٹ کر دیا۔ ایسا ملکی تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے کہ تین روز کے لیے مہنگے پھلوں کے بائیکاٹ کی مہم شروع کی گئی ہے اور محسوس تو یہی ہوتا ہے کہ یہ مہم شہریوں کی اکثریت کی آواز بن گئی ہے تبھی تو پھلوں کے دکاندار اور بیوپاری حضرات بھی قدرے متفکر دکھائی دینے لگے ہیں۔ اگر یہ مہم کامیاب ہوتی ہے تو پھر دیگر اشیائے صرف کے حوالے سے بھی اِسے آگے بڑھایا جا سکتا ہے –
Leave a Reply