چیمپئنز ٹرافی:پاک بھارت ٹاکرا کل ہوگا ، قومی کرکٹرز میدان میں اترنے کیلئے بے چین

چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا معرکہ یعنی پاک بھارت زور کا جوڑ ، اعصاب شکن مقابلے کیلئے شاہینوں کی تیاریاں بھی عروج پر پہنچ گئیں ، سرفراز الیون برمنگھم میں بیٹنگ ، بولنگ اور فیلڈنگ کی خامیاں دور کرنے میں مصروف ہے ، نوجوان قومی کرکٹرز روایتی حریف کو تگنی کا ناچ نچانے کیلئے بے چین ہیں ، وارم اپ میچ میں زخمی ہونے والے فاسٹ بولر وہاب ریاض بھی تیزی کیساتھ صحتیاب ہو رہے ہیں ، میچ سے قبل ان کا فٹنس ٹیسٹ ہوگا ، اتوار کو ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی جنگ کے دوران بارش سارا مزہ کر کرا کر سکتی ہے۔ نوجوان قومی بیٹسمین بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ بھارت کیخلاف اہم میچ کے بارے میں زیادہ نہیں سوچ رہے کیونکہ انہیں اپنے قدرتی کھیل پر بھروسہ کرنا ہے اور کسی دباؤ کے بغیر اپنے شاٹس کھیلنے کی کوشش کریں گے ، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاک بھارت مقابلہ ہمیشہ ہی پریشر والا ہوتا ہے مگر اس میں فتح کیلئے ضروری ہے کہ اپنے اعصا ب کو قابو میں رکھا جائے اور وہ اسی بات کی کوشش کریں گے ، ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں انہیں جو ذمہ داری دی گئی ہے اس کو نبھانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ پاکستان کے نوجوان لیگ سپنر شاداب خان نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف موقع ملا تو وہ قوم کومایوس نہیں کریں گے کیونکہ روایتی حریف کے مقابل پرفارم کرنے والا پلیئر قومی ہیرو بن جاتا ہے اور وہ بھی بھارت کیخلاف کھیل کر پاکستان کو فاتح بنانا چاہتے ہیں ، ویسٹ انڈیز کے خلاف چار ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 10 وکٹیں لے کرشہرت حاصل کرنے والے لیگ سپنر شاداب خان کا کہنا تھا کہ وہ بھی پڑوسی ملک سے میچ کھیل کر پاکستان کی جیت میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ لیگ سپنر نے کہا کہ ٹیم پرکوئی دباؤ نہیں کیونکہ ویسٹ انڈیز سے حالیہ سیریز میں ٹیسٹ ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تینوں فارمیٹ میں جیت کر آئے ہیں۔ دوسری جانب ٹیم ویرات بھی چار جون کے جوڑ کیلئے ہتھیار تیز کرنے میں مصروف ہے ، ادھر وہ ٹائٹل کا دفاع کرنے کیلئے پرعزم تو ادھر سرفراز احمد نے بھارت کا غرور خاک میں ملانے کیلئے کمر کس لی ہے ، پاک بھارت کے اس ہائی وولٹیج میچ کے تمام ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہوچکے ہیں۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.