لاہور میں موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور تو ٹوٹ گیا مگر باران رحمت لاہوریوں کے لیے زحمت بن گئی ، موسلا دھار بارش سے شہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں ، ڈیوس روڈ ، لکشمی چوک ، سنت نگر ، ساندہ روڈ اور مزنگ سمیت کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔۔ خراب موسم کے باعث ائر پورٹ انتظامیہ نے تمام اے ٹی آر طیاروں کو وارننگ جاری کر دی ، جبکہ آرے بازار میں بڑا درخت بجلی کی تاروں پر گر گیا ۔ موسلا دھار بارش نے لیسکو کی کارکردگی کا بھی پول کھول دیا ، ترسیلی نظام متاثر ہونے سے لاہور کے کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ، تیز ہوا اور آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش سے لیسکو کے 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ، سبزہ زار ، مغل پورہ ، ہربنس پورہ ، شاہدرہ ، گرین ٹاون سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کا نظام معطل رہا۔ واضح رہے اس سے قبل پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں پہلے کالی گھٹائیں چھائیں ،پھر تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ جس سے روزے داروں کا زورہ ٹھنڈا ہوگیا ، بارش کے باعث سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑا۔ راولپنڈی اسلام آباد میں صبح کے وقت تیز بارش ہوئی ، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ، گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا ، ہر چہرے پر خوشی آگئی ۔ شیخوپورہ ، حافظ آباد ، ڈسکہ ، کھاریاں اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔ دوسری طرف کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی رات گئے بونداباندی ہوئی جس سے ٹھنڈک کا احساس ہونے لگا ، موسم کی خبر دینے والے کہتے ہیں آج اسلام آباد ، پنجاب ، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ –
Leave a Reply