یوراج سنگھ کے نام نیا عالمی ریکارڈ درج

 

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انڈین ٹیم کے آل راؤنڈر یوراج سنگھ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹورنامنٹس کے 7 فائنل کھیلنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ، سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے نے 6 بار آئی سی سی ٹورنامنٹوں کے فائنل کھیلے تھے۔ یوراج سنگھ نے اپنے کیریئر کا آغاز 2000ء میں چیمپئنز ٹرافی سے ہی کیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں بھی انڈین ٹیم نے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ اس کے بعد یوراج سنگھ 2002ء میں چیمپئنز ٹرافی میں فاتح آنے والی انڈین ٹیم میں بھی شامل تھے۔ اس کے بعد انہوں نے 2003ء میں عالمی کپ کا فائنل بھی کھیلا جس میں بھارتی ٹیم رنر اپ رہی تھی۔ 2007ء میں منعقد ہونے والے پہلے ٹونٹی 20 ورلڈ کپ میں انڈیا کو فتح دلانے میں یوراج سنگھ کا اہم کردار تھا۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں سٹیورٹ بریڈ کے ایک اوور میں چھ چھکے مارے تھے۔ 2011ء میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں یوراج مین آف دی ٹورنامنٹ رہے تھے۔ انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں 90.50 کی اوسط سے 362 رن بنائے اور 15 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ یوراج سنگھ 2014ء میں ٹونٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچنے والی انڈین ٹیم میں بھی شامل تھے۔ حالیہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں یوراج سنگھ نے پاکستان کے خلاف گروپ میچ میں شاندار میچ فاتح اننگز کھیلی تھی اور مین آف دی میچ بھی بنے تھے۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.