‘عالمی برادری بھارتی فورسز کی مظلوم کشمیریوں پر بربریت کا نوٹس لے’

ترجمان دفترخارجہ نفیس ذکریا نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، رواں ہفتے درجنوں افراد کو نشانہ بنایا گیا، چیمپئنزٹرافی میں پاکستانی جیت کا جشن منانے والے کشمیریوں کوگرفتار کیا گیا، بھارت کی جانب سے حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو مسلسل نظر بند رکھا گیا ہے، بھارتی آرمی چیف کا بیان زمینی حقائق کے منافی ہے، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں 10 لاکھ نہتے کشمیریوں کو شہید کرچکی ہے، بھارت نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے جعلی کارروائیاں کیں، لیفٹننٹ جنرل ایس کے گل کا حالیہ انٹرویو بھارت اس بات کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لے اور انسانی حقوق کمیشن اپنی ٹیم مقبوضہ کشمیر بھیجے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کاروائیاں ہمارے قومی مفاد کے تحت ہیں، پاکستان پرعزم ہے کہ اپنی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔ نفیس ذکریا نے کہا کہ پاکستان تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں کررہا ہے، غیر ملکی ڈرون حملوں پر پاکستان کی پوزیشن واضح ہے، ڈرون حملے ناقابل قبول اور ہماری قومی خود مختاری کے منافی ہیں، ایرانی ڈرون گرانے سے متعلق بیان جاری کیا جا چکا ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ چینی وزیرخارجہ رواں ہفتہ پاکستان کا دورہ کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات، افغان امن عمل اور علاقائی صورتحال پر بات چیت ہوگی، افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان اور چین مشترکہ انداز سے کام کر رہے ہیں، مفاہمتی عمل آگے بڑھانے کیلئے چین کا کردار اہم ہے۔ افغانستان سے کسی بھی وفد کے دورے کو خوش آمدید کہتے ہوئے نفیس ذکریا نے کہا کہ دوطرفہ سطح پردوروں سے باہمی تعلقات مستحکم اورافغان مسئلے کے حل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کیساتھ بارڈر مینجمنٹ ضروری ہے، اس سے دہشتگردوں کی نقل و حمل روکنے میں مدد ملے گی، پاکستان نے اپنی اطراف سرحدی باڑ لگانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، افغانستان میں لاپتہ پاکستانی قونصلر افسران کے حوالے سے افغان حکومت سے رابطے میں ہیں، افغان حکومت نے قونصلر افسران کی بازیابی کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ نفیس ذکریا نے پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے عالمی میڈیا کی خبروں پر تبصرے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا کہہ چکا ہے، پاکستان کیلیے بجٹ میں کٹوتی امریکہ کا داخلی معاملہ ہے۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.