نادرا کو چینیوں کے کوائف جمع کرنے اور سکیورٹی اداروں کو فراہم کرنیکا حکم

وزارت داخلہ اسلام آباد میں وزیر داخلہ چودھری نثار کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری داخلہ، نیکٹا، نادرا اور وزارت کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں چینی باشندوں کی سکیورٹی فول پروف بنانے کے انتظامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ چینی شہریوں کے پاکستان کاروباری ویزے پر آنے کیلئے صرف چیمبر آف کامرس کا دعوت نامہ قابل قبول ہو گا۔ چینی شہریوں کے ویزا پراسیس کیلئے الیکٹرانک سسٹم بنایا جائے گا جو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ایف آئی اے کے تعاون سے کام کرے گا۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ صرف ڈی جی پاسپورٹ کو ویزوں میں توسیع دینے کا اختیار ہو گا۔ پاکستانی سفارتخانے چینی شہریوں کو صرف ایک سال کا ملٹی پل انٹری ورک ویزا جاری کرینگے۔ ورک ویزے کیلئے متعلقہ شخص کو چینی حکام سے سکیورٹی کلیئرنس بھی لینا ہو گی۔ ورک ویزے میں توسیع کیلئے متعلقہ کمپنی کی درخواست لازم ہو گی۔ وزیر داخلہ نے نادرا کو پاکستان میں موجود چینی شہریوں کے کوائف جلد از جلد اکٹھے کرنے اور ڈیٹا سکیورٹی ایجنسیوں کو فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں پاکستانیوں کی غیرملکی بیگمات کیلئے پاکستان اوریجن کارڈ دوبارہ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.