سانحہ احمد پور شرقیہ: مزید 2 جاں بحق، 125 افراد کی اجتماعی نماز جنازہ ادا

محبت پورہ غم پورہ بن گیا۔ سانحے کے متاثرین کے چہروں پر اداسی اور افسردگی مستقل ہو گئی۔ علاقے میں آہ و بکا اور کہرام ہنوز جاری ہے۔ دل زخموں سے چور ہیں۔ علاقے میں آج بھی جنازے اٹھنے کا سلسلہ جاری رہا۔ گزشتہ روز 35 افراد کو سپرد خاک کیا گیا۔ آج 125 افراد کی تدفین کی جا رہی ہے۔ قبروں کی تیاری کیلئے مختلف محکموں کے 300 ملازمین کو بلایا گیا جو صبح سویرے پہنچے اور قبریں تیار کیں۔ قبروں کی کھدائی کے موقع پر لوگوں کی بڑی تعد اد موجود تھی۔ سانحے میں جاں بحق ہونیوالوں کے گھروں پر تعزیت کرنیوالوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ سانحے میں جاں بحق 125 افراد کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ تدفین کا عمل کچھ دیر بعد شروع کیا جائے گا۔

دوسری طرف ہسپتالوں میں زیرعلاج زخمی زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ملتان کے نشتر ہسپتال کے برن یونٹ میں 45 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے مزید دو زخمی آج دم توڑ گئے ہیں۔ ہسپتالوں میں لائی گئی تمام لاشوں کے ڈی این اے بھی مکمل ہو گئے ہیں۔ جائے حادثہ سے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کا بھی ملبہ اٹھا لیا گیا ہے۔ ٹینکر کو بھی آج موقع سے ہٹایا جائے گا۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.