ملکی سلامتی مقدم، کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے: وزیر اعظم

 

وزیر اعظم نواز شریف نے کشمیر ، افغانستان ، خیلجی ممالک کے تنازعے اور مودی ٹرمپ گٹھ جوڑ پر اہم فیصلے کئے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمسایوں سے پرامن تعلقات چاہتا ہے مگر اپنی سیکورٹی کیلئے ہرممکن اقدامات کرے گا ۔ انہوں نے خارجہ پالیسی پر اہم فیصلے کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے پرامن ہمسائیگی کے اصول پر کاربند رہے گا ۔ افغانستان میں امن کیلئے چین کی سفارتکاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے امت مسلمہ کے اتحاد کی کوششیں جاری رکھنے اور سعودی قطر تنازعے میں غیرجانبدار رہنے کا فیصلہ بھی کیا ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے دفتر خارجہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے نہتےعوام کی جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا ، ملکی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ، افغانستان میں امن کے لئے چین کی مصالحتی کاوشوں کا خیر مقدم کرتے ہیں ، خلیج کی صورتحال کو معمول پر لانے کے لئے پاکستان بدستور اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ۔ وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹرمپ مودی مشترکہ اعلامیہ میں امریکہ نے کشمیر پر ثالثی کی پیشکش عملاً واپس لے لی ہے ، امریکہ نے خطے میں قیام امن میں کردار ادا کرنے کا موقع ضائع کر دیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے فوری حل کیلئے سفارتکاری کو مزید متحرک کیا جائے گا ۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.