وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے امریکی سینیٹ آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین جان مکین کی قیادت میں پانچ رکنی وفد نے اہم ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور قومی سلامتی مشیر ناصر جنجوعہ بھی موجود تھے۔ امریکی سینیٹر جان مکین کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ خطے میں امن کے لیے پاکستان اور امریکا کا تعاون ضروری ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا ایک دوسرے کے دیرینہ شراکت دار اور سٹرٹیجک اتحادی ہیں۔ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط پاک امریکا شراکت داری کا ہونا ضروری ہے۔ وزیر اعظم نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے حکومتی کارروائیوں سے امریکی وفد کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چار سال کے دوران پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی جبکہ پاکستان کے اندر سیکیورٹی کی صورتحال بھی بہت بہتر ہوئی ہے۔ دوسری جانب اقتصادی صورتحال بہتر ہونے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بھارت اور افغانستان کے ساتھ اچھی ہمسائیگی چاہتے ہیں۔ پاکستان افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ افغانستان میں دیرپا قیام امن کے لیے پاکستان،افغانستان اور امریکا کے دوران شراکت داری ضروری ہے۔
Leave a Reply