تحریک انصاف کی ’آپ کو کیوں نکالا‘ مہم کا آغاز

مہم کے تحت کراچی میں پمفلٹ تقسیم کیے جبکہ اس میں نکالے جانے کی دس وجوہات درج کی گئیں۔

ان وجوہات میں عہدے کا غلط استعمال، کرپشن، منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری شامل ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ نواز کے رہنما طلال چوہدری نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے کرپشن نہیں کی، عہدے کا غلط استعمال نہیں کیا، اسی لیے نکالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ چھوٹے جرائم نہیں، انھی جرائم پر پہلے بھی نوازشریف کو نکالا گیا تھا۔

عالمی شہرت یافتہ تن سازوں کی ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی

اسلام آباد:  پاکستان میں بین الاقوامی سپورٹس مقابلوں کی بحالی میں بڑی پیشرفت، چھ انٹرنیشنل باڈی بلڈرز اسلام آباد پہنچ گئے۔ باڈی بلڈز لاہور میں “فٹنس ایکسپو دبئی” میں شرکت کریں گے۔ پاکستان آن والے تن سازوں میں کیئی گرین اور ایڈم پاز کا تعلق امریکا سے جبکہ ٹام کول مین اور عارف مرزا برطانوی ہیں۔ کیئی گرین پاکستان آ کر بے حد خوش ہیں۔ غیر ملکی تن سازوں کے اعزاز میں تقریب میں میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کا کہنا تھا کہ وہ کھیلوں کے میدانوں میں غیر ملکی مقابلوں کیلئے ہر سہولت فراہم کریں گے۔

کراچی: صدر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، متعدد پتھارے مسمار

کراچی:  ضلع جنوبی میں پاسپورٹ آفس اور شاہراہ عراق سمیت مختلف مقامات پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے انسداد تجاوزات سیل نے غیر قانونی تعمیرات اور پتھاروں کے خلاف بڑا آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران بھاری مشینری کا استعمال کر تے ہوئے متعدد پتھاروں کو مسمار کر دیا گیا جبکہ سڑکوں پر موجود پتھاروں کو ٹرکوں میں ڈال کر ضلعی دفتر منتقل کر دیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر کے ایم سی بشیر صدیقی کے آپریشن کے دوران پتھارے مافیا نے رکاوٹ ڈالنے کی بھی کوشش کی جس پر 7 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

تجاوزات کے خلاف آپریشن میں پولیس کی بھاری نفری نے بھی حصہ لیا، کے ایم سی حکام کے مطابق ضلع جنوبی سمیت شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنسز کی تیاری، نیب کا سٹیٹ بینک سے رابطہ

لاہور: وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنسز کی تیاری کیلئے نیب نے سٹیٹ بینک سے رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سٹیٹ بینک سے اسحاق ڈار اور انکے اہلخانہ کے بینک اکائونٹس کی تفصیلات طلب کی گئیں ہین۔ اسحاق ڈار کی اہلیہ، دو بیٹوں اور ایک بہو کے اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ نیب نے سٹیٹ بینک سے درخواست کی ہے کہ اسلام آباد اور کراچی سمیت جہاں بھی بینک اکاؤنٹس ہیں اس کی تفصیلات دی جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے نیشنل بینک کے صدر سعید احمد کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی طلب کر لیں ہیں۔ نیب نے سٹیٹ بینک سے تمام تفصیلات 25 اگست تک فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

ورلڈ الیون کا دورہ؛ ہاشم آملہ اورعمران طاہرپاکستان آنے پرآمادہ

ستمبرمیں شیڈول ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کیلیے پی سی بی کی کوششیں جاری ہیں، ذرائع کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹرزہاشم آملہ اورعمران طاہرنے پاکستان آنے پرآمادگی ظاہرکردی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاورکے بھائی اینڈی فلاورکو ورلڈ الیون کا منیجرمقررکیا گیا تھا جو ورلڈ الیون کے انتخاب کیلیے کھلاڑیوں کے ساتھ رابطےمیں ہیں۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق ہاشم آملہ اورعمران طاہرکی آمادگی کے بعد دونوں پلئیرز کےساتھ معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی جبکہ آئندہ چند روز میں ورلڈ الیون کیلیے 13 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ الیون کا ستمبرمیں دورہ پاکستان شیڈول ہے اورلاہورمیں 10 سے 15 ستمبر تک تین ٹی ٹوئنٹی میچز ہونے کے امکان ہے۔ مہمان ٹیم کی قیادت کیلیے ڈیرن سیمی مضبوط امیدوار ہیں جبکہ برینڈن میک کولم کا نام بھی لیا جا رہا ہے۔

طویل ویڈیوز بنانے والا نیکلس کیمرا متعارف

فرنٹ رو کیمرا نیکلس کے طور پر گلے میں پہن لیا جاتا ہے۔ اس میں ٹچ اسکرین بھی دی گئی ہے جس کی مدد سے کیمرے کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

فرنٹ رو کیمرے سے تمام یادگار مناظر کو قید کر کے بطور اسٹوری بھی اپ ڈیٹ کیا جاسکتا ہے۔

فرنٹ رو کیمرا نیکلس کے اندر منفرد فیچرز موجود ہیں۔ صارفین لائیو ویڈیوز شیئر کرنے کے ساتھ ویڈیو ریکارڈ بھی کرسکتے ہیں جسے وہ بعد میں اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔

اس کے اندر اسٹوری موڈ بھی موجود ہے اور ٹائم لیپس بھی۔نیکلس فرنٹ رو کیمرا  بلو ٹوتھ اور وائی فائی کی مدد سے اسمارٹ فون سے بھی کنیکٹ ہوسکتا ہے۔

اس کی سامنے والی اسکرین کا کیمرا 8 میگا پگزلز ہے جبکہ پیچھے کا کیمرا 5 میگا پگزلز ہے۔ اس کی اسکرین کا سائز 2 انچ کے قریب ہے۔

فرنٹ رو نیکلس کیمرا 2.4 انچ لمبا اور 2.8 انچ چوڑا ہے جب کہ اس کا وزن  1.94 اونس ہے۔

صارفین کی آسانی کے لئے اس کی ایل ای ڈی کے کنارے پر ایک چھوٹا سا بٹن اور لائٹ موجود ہے جو ویڈیو ریکارڈ کرنے کے بعد روشن ہو جائے گا۔

نیکلس کیمرے کی بیٹری 2 دن تک چل سکتی ہے۔ فرنٹ رو نیکلس کیمرا 1 گھنٹہ 50 منٹ تک لائیو اسٹریمنگ بھی کرسکتا ہے جبکہ یہ مسلسل دو گھنٹے تک ویڈیو ریکارڈ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

فرنٹ رو کیمرا دو مختلف رنگوں کالے اور گلابی رنگ میں متعارف کرایا گیا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج: 100 انڈیکس 43 ہزار 78 پوائنٹس پر بند

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان برقرار ہے اور آج بھی کاروبار کے دوران شدید مندی دیکھی گئی۔

ٹریڈنگ کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 300 سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی تو انڈیکس 43 ہزار200 پوائنٹس سے بھی نیچے کی سطح پر آگیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پہلے کاروباری سیشن کے اختتام پر انڈیکس میں 396 پوائنٹس کی کمی رہی اور ہنڈرڈ انڈیکس 42 ہزار 739 پر بند ہوا۔

کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس میں 57 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی اور 100 انڈیکس 43 ہزار 78 پوائنٹس پر بند ہوا۔

سپریم کورٹ کی دی گئی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے پلان ترتیب دیدیا، نیب ذرائع

پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان سمیت اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت اسحاق ڈار کو 23 اگست کو طلب کیا گیا ہے جب کہ شریف خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات کے لیے سعودی عرب کو خط بھی لکھا گیا ہے۔

جیونیوز کے مطابق آج لاہور میں ڈائریکٹر جنرل نیب شہزاد سلیم اور ڈی جی نیب راولپنڈی کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا جس میں راولپنڈی نیب کے ڈی جی نے اپنی 8 رکنی ٹیم کے ہمراہ شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریف خاندان کی عدم پیشی کے معاملے پر غور کیا گیا۔ نیب ذرائع کا کہنا ہےکہ شریف خاندان کو نیب کی جانب سے نوٹس جاری کیے تھے جو انہیں موصول بھی ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں نیب حکام نے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جس کے تحت شریف خاندان کو اب ممکنہ طور پر نیب راولپنڈی کے سامنے پیش ہونا پڑے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں بعض اہم دستاویزات زیر غور آئیں جب کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم 10 پر بھی بات چیت ہوئی۔

نیب ذرائع کا کہنا ہےکہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے تفویض کردہ ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ شریف خاندان کی آج نیب کے سامنے پیشی متوقع تھی تاہم شریف خاندان کا کوئی فرد نیب کے سامنے پیش نہیں ہوا جب کہ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر آصف کرمانی نے شریف خاندان کو نیب کی جانب سے کے کسی بھی قسم کے نوٹس ملنے کی تردید کی۔

پی ٹی آئی والے سپریم کورٹ اور نیب کا ترجمان بننے کی کوشش نہ کریں، طلال چودھری

لاہور:  ن لیگ کے رہنماء طلال چودھری کہتے ہیں کہ تحریک انصاف سپریم کورٹ اور نیب کو مشورے دے کر شریف فیملی کے خلاف مرضی کا فیصلہ لینا چاہتی ہے، شریف خاندان کا نیب کے سامنے پیش نہ ہونا قانونی معاملہ ہے، ماہرین کے مزید مشورے کے بعد پیش ہو نے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ پانامہ کیس میں صرف اقامہ نکلا، ہو سکتا ہے آئندہ بھی کوئی ایسی ہی چیز نکلے، پانامہ کیس میں اختیارات کا ناجائز استعمال اور کرپشن ثابت نہیں ہوئی، یہ کون ہوتے ہیں سپریم کورٹ اور نیب کو حکم دینے والے؟

طلال چودھری کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے سپریم کورٹ اور نیب کا ترجمان بننے کی کوشش نہ کریں، کرپشن اور ناجائز اثاثے بنانے کی کہانی سنی اور بعد میں ایک اقامہ نکلا، رام کہانی بڑی دیر سے سنتے آ رہے ہیں۔

نواز شریف ہمیشہ ایجنسیوں کی وجہ سے الیکشن جیتے: کائرہ

لاہور:  پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو ہمیشہ ایجنسیوں نے الیکشن جتوائے، انہوں نے تو ہمیشہ ہمارا مینڈیٹ چھینا، اب وہ قوم کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب ایجنسیوں کی وجہ سے الیکشن جیتتے رہے اور ہم ایجینسیوں کی موجودگی میں الیکشن جیتتے رہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی میں مائنس ون فارمولہ نہیں چل سکتا، ہم نے اپنا مقدمہ عوام کی عدالت میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جو کچھ میاں صاحب کے ساتھ ہو رہا ہے، وہ وقت کی سزا ہے۔ ہم نے جو جمہوریت کی بنیاد رکھی وہ جاری و ساری ہے اور ملکی نظام بہتری کی جانب گامزن ہے۔ پاکستان میں جمہوری نظام چل رہا ہے۔ ایک وزیراعظم گیا تو دوسرا آ گیا، آج کسی نے نظام کو نہیں چھیڑا۔