سرکاری دوروں میں شاہانہ اخراجات پر امریکی وزیر صحت مستعفی

امریکی وزیر صحت ٹام پرائس سرکاری دوروں کے لیے نجی جہازوں میں سفر کرنے پر نہ صرف معافی مانگ کر مستعفی ہوگئے بلکہ انہوں نے قومی خزانے سے خرچ ہونے والی رقم واپس لوٹانے کی بھی پیش کش کردی۔ امریکی میڈیا کے مطابق ٹام پرائس نے چارٹرڈ طیاروں میں سفر پر قومی خزانے کی 10 لاکھ ڈالر سے زیادہ رقم لٹا دی اور یہ خبر سامنے آنے کے بعد عوام نے شدید غم و غصے کا مظاہرہ کیا جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے وزیر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ناراضی کا اظہار کیا۔

ٹام پرائس نے اپنے استعفے میں مہنگے جہازوں پر سفر کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کی وجہ سے محکمہ صحت کے کام سے توجہ ہٹ گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ دوروں پر خرچ ہونے والی رقم قوم کو واپس لوٹانے کے لیے بھی تیار ہیں۔ ٹام پرائس نے اپنے بیان میں کہا کہ میں دوروں میں عوام کے پیسے کو خرچ کرنے میں واقعی غیرمحتاط ہوگیا، میں اس بات سے بخوبی واقف ہوں کہ امریکی عوام یہ بات جاننا چاہتے ہیں کہ ان کی محنت کی کمائی کو سرکاری حکام سمجھداری اور دھیان سے خرچ کررہے ہیں یا یونہی اڑا رہے ہیں۔

ٹام پرائس  کے بارے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ انہوں نے ناروے کے دورے کے لیے فوجی طیارے کا بھی استعمال کیا۔ سرکاری دوروں میں مہنگے اخراجات اور نجی جہازوں کے استعمال پر ٹرمپ کابینہ کے مزید تین وزرا کے خلاف بھی تحقیقات کی جارہی ہیں جن میں وزیر داخلہ ریان زنکی بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا میں ضابطے کے تحت قومی سلامتی افسران کے سوا باقی تمام سرکاری عہدے داروں کو صرف عوامی طیاروں سے سفر کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر ٹرمپ نے وزیر صحت ٹام پرائس کا استعفی منظور کرلیا ہے اور ان کی جگہ ڈان جے رائٹ کو قائم مقام وزیر صحت بنایا گیا ہے۔

حکومت کا ٹرینوں میں سیکیورٹی کے پیش نظر جیمر لگانے کا فیصلہ

ریلوے حکام نے ٹرینوں اور ٹریکس کو بم دھماکوں سے محفوظ بنا نے کے لئے ٹرینوں میں جیمر لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ابتدائی طور پر جعفر ایکسپرپس کی بوگیوں میں جیمر لگا دیئے گئےہیں۔

حکومت کا حساس علاقوں میں چلنے والی ٹرینوں اور ٹریکس کو بم دھماکوں اور دہشتگردی سےمحفوظ بنانے کے لئے ٹرینوں میں جیمر لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ابتدائی طور پر جعفر ایکسپرپس کی بوگیوں میں جیمر لگا دیئے گئے ہیں جس کا آئندہ ہفتے ٹرائل کیا جائے گا جس کے لئے ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ جس میں ریلوے پولیس، ریلوے کے شعبہ ٹیلی کمیونیکیشن اور این آر ٹی سی کے انجینئر شامل ہیں۔

تجربہ کامیاب ہونے پر حساس علاقوں میں چلنے والی دیگر ریل گاڑیوں اکبر بگٹی، بولان میل اوردیگر میں مرحلہ وار جیمر لگائے جائیں گے۔ ریلوے پولیس حکام نے یہ پراجیکٹ کئی سال قبل تیار کیا تھا لیکن بعد ازاں خاموشی اختیار کر لی تھی اور منصو بہ التوا کا شکار ہو گیا تھا تین ماہ قبل راولپنڈی میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں حکومتی ادارے این آر ٹی سی کے تعاون سےریل گاڑیوں میں جیمر لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اور ریلوے پولیس حکام نے حساس علاقوں میں ریلوے ٹریک کے اردگرد پھر نے والے مشکوک افراد کو فوری حراست میں لینے کا بھی حکم دیا ہے اور رات کے وقت پٹرولنگ کی ہدایت کی ہے۔

پاکستان ٹیم میں ایک اور اسپنر کی کمی شدت سے محسوس ہونے لگی

مشکوک فٹنس کے ساتھ آخری لمحات میں اسکواڈ میں جگہ بنانیوالے یاسر شاہ نے مجموعی 154.5 اوورز میں سے 57کیے اور 3 وکٹیں حاصل کیں، پارٹ ٹائم بولرز نے 26اوورز کیے۔ ان میں سے شان مسعود اور اسد شفیق ناکام رہے، اسپنر حارث سہیل نے 13اوورز میں 51 رنز دے کر ایک شکار کیا، سری لنکا کی دوسری اننگز میں پچ پر توڑ پھوڑ کی وجہ سے ریگولر اسپنر کی کمی زیادہ محسوس ہوگی۔

یاد رہے کہ پاکستان یواے ای میں سلوبولرز کی جوڑی کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے حریفوں کی ناک میں دم کرتا رہا ہے،سعید اجمل اور عبدالرحمان کے بعد یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر اہم مہرے رہے ہیں۔

اس بار تجربہ کار لیگ اسپنر کی معاونت کیلیے محمد اصغر یا بلال آصف کو پلیئنگ الیون میں جگہ دی جا سکتی تھی،مگر ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے نہ صرف 3 پیسرز کھلانے کو ترجیح دی بلکہ اس فیصلے کا دفاع بھی کرتے نظر آئے، ٹی وی کمنٹیٹرز بھی یواے ای کی کنڈیشنز میں صرف ایک اسپنر کھلانے کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے رہے۔

نوبال پر وکٹیں گنوانے میں محمد عباس بھی وہاب ریاض کے نقش قدم پر چل پڑے

بوظبی ٹیسٹ کے دوسرے روز محمد عباس نے سورنگا لکمل (7) کو بولڈ کرکے اننگز میں پہلی وکٹ حاصل کی۔ اگلے اوور میں پیسر نے دنیش چندیمل کی بیلز بھی اڑا دیں لیکن امپائر نے نوبال کا اشارہ کردیا، البتہ اس کا زیادہ نقصان نہیں ہوا، پیسر نے چوتھی گیند پر سنداکن(8) کو ایل بی ڈبلیو کرنے کے بعد اگلی ہی بال پر نوان پرادیپ فرنینڈو(0) کو بھی چلتا کردیا، نوبال کا فائدہ دنیش چندیمل کو ہوا جو 155پر ناقابل پویلین واپس گئے۔

ٹماٹر، پیاز کی آسمان چھوتی قیمتوں نے مہنگائی 0.8 فیصد بڑھا دی

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ٹماٹر کی قیمتیں بعض شہروں میں 200 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئیں جبکہ پیاز کے نرخ ایک بار پھر 90 روپے تک پہنچ گئے تاہم 27 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ٹماٹر کی ملک میں اوسط قیمت 35.22 فیصد (42روپے) کے اضافے سے 160.44 روپے فی کلوگرام رہی جو ایک ہفتے قبل 118.65 روپے فی کلوگرام ریکارڈ کی گئی تھی، یہ نرخ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 232.86 فیصد زیادہ ہیں۔

ٹماٹر کے ساتھ پیاز کی قیمتوں میں بھی ملک میں اوسطاً 1.36 فیصد کا اضافہ ہوا جو ایک ہفتے میں 66.31 سے بڑھ کر 67.21 روپے فی کلوگرام ہوگئی۔ یہ نرخ بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں 113.16 فیصد زیادہ ہیں، اس کے علاوہ گندم 0.81 فیصد کے اضافے سے 327.36 رروپے فی 10کلوگرام، اوسط معیار کا گڑ 0.63 فیصد بڑھ کر 86.06 روپے فی کلوگرام، خشک دودھ 0.63 فیصد کے اضافے سے فی400گرام ، دال چنا دھلی 0.61 فیصد بڑھ کر 124.64 روپے فی کلوگرام، آٹا 0.60 فیصد اضافے سے 372.96 روپے فی 10 کلوگرام، ایل پی جی 0.32 فیصد بڑھ کر 1186.18 روپے فی 11 کلو گرام (گھریلوسلنڈر)، دال مسور دھلی 0.30 فیصد کے اضافے سے 121.95 روپے فی کلوگرام، بکرے کا گوشت (اوسط معیار) 0.21 فیصد بڑھ کر 712.66 روپے فی کلوگرام، سرسوں کا تیل (اوسط معیار) 0.13 فیصد بڑھ کر 182.32 روپے فی کلوگرام، ویجیٹیبل گھی (کھلا/تھیلی) 0.07 فیصد کے اضافے سے 146.35 روپے فی کلوگرام اور جلانے کی لکڑی 0.01 فیصد بڑھ کر ملک میں اوسطاً 609.14 روپے فی 40 کلوگرام دستیاب ہے۔

اس طرح ایک ہفتے میں 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 10 کے اشیا سستی اور 30 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ پی بی ایس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران سب سے زیادہ کیلے3.56 فیصد(3روپے) گھٹ کر اوسطاً 63.98 روپے فی درجن ہوگئے جبکہ لہسن 3.02 فیصد (8روپے) کی کمی سے 179.74 روپے فی کلوگرام ہوگئے۔

اسی طرح چائے کی پتی0.85 فیصد، سرخ مرچ پسی ہوئی (کھلی)0.76 فیصد، زندہ مرغی 0.57 فیصد، آلو 0.37 فیصد، دال ماش دھلی0.34 فیصد، دال مونگ 0.11 فیصد، انڈے 0.10 فیصد اور چینی کی قیمتوں میں0.07 فیصد فی کلوگرام کمی ہوئی۔

پی بی ایس کے مطابق مہنگائی میں سب سے زیادہ اضافہ 8ہزار روپے ماہانہ تک کمانے والوں کیلیے 0.88 فیصد ہوا جبکہ ماہانہ 12ہزار اور 18ہزار روپے تک آمدن والوں کیلیے 0.83 فیصد، 35ہزار روپے ماہانہ انکم گروپ کیلیے 0.79 فیصد اور 35ہزار روپے سے زیادہ ماہانہ کمانے والوں کیلیے مہنگائی کی شرح میں 0.71 فیصد کا اضافہ ہوا۔

سرکلر ریلوے کے روٹ سے تجاوزات ختم کر دیں، وزیر اعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کے ذریعے پہلے ہی چینی وزارت ٹرانسپورٹ کو کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ فراہم کردی ہے جبکہ ٹینڈر دستاویزات تیار کیے جارہے ہیں، دسمبر کے دوسرے ہفتے تک منصوبے کا ٹھیکہ دیدیا جائے گا، منصوبے کا سنگ بنیاد 25 دسمبر کو وزیر مینشن میں رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے، کیٹی بندر اور دھابیجی پر اسپیشل اکنامک زون کے قیام سے صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا ، کے سی آر، کیٹی بندر اور اسپیشل اکنامک منصوبوں کی سی پیک فریم ورک کے تحت منظوری دی گئی ہے جبکہ کراچی سرکلر ریلوے کا منصوبہ عملدرآمد کے مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔ انھوں نے چین کے سفیر سے کہا کہ میں آپ کے تعاون کے لیے شکر گزار ہوں، کیٹی بندر منصوبے کی فیزیبلٹی تیارہورہی ہے ، دھابیجی میں اکنامک زون کے لیے زمین مختص کردی گئی ہے کیٹی بندر اور اسپیشل اکنامک زون منصوبوں کو منظوری کے لیے آئندہ جوائنٹ ورکنگ گروپ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

چینی سفیر نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ ترقی اور خوشحالی کے لیے اس قسم کی باہمی تفہیم سی پیک منصوبے کی تکمیل کے ساتھ اسے مزید مضبوط بنائے گی، کول مائننگ پروجیکٹ کے لیے کام کرنے والے تھری کارکن اور چینی آپس میں ایک دوسرے کو اپنی بات آسانی سے سمجھادیتے ہیں۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے عائشہ باوانی کالج میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سندھ حکومت کا پختہ عزم اور طالب علموں، والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے تعاون سے کالج کا تدریس شروع ہوئی دوسری صورت میں میں یہ شادی ہال بننے جارہا تھا، یہ بات انھوں نے جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں محکمہ تعلیم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی اجلاس میں سیکریٹری کالجز، سیکریٹری اسکولز اور افسران نے شرکت کی اجلاس میں صوبے میں تعلیم کے شعبے میں بہتری سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔

مراد علی شاہ نے متعلقہ اعلیٰ حکام کو ہدایات دی کہ آئندہ حکومت کی پالیسی اور بنیادی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکولوں، اسپتالوں و دیگر اداروں کے عدالتوں میں چلنے والے کیسز کی باقاعدگی سے پیروی کی جائے اسکولوں اور کالجوں میں تعلیمی معیار کو مزید بڑھایا جائے، تعلیم اس صوبے اور ملک کی ترقی کا واحد ذریعہ ہے۔

کراچی پولیس نے نو اور دس محرم الحرام کی مرکزی مجالس اور جلوس کی سیکورٹی کے سخت اقدامات کر

پولیس نے نو محرم الحرام کی مرکزی مجالس اور جلوسوں کی سیکورٹی کی تمام تر تیاری مکمل کر لی ہیں۔ شہر بھر میں موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس معطل رہے گی جبکہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہوگئی ۔ نو محرم کی مرکزی مجالس اورجلوس کو مکمل سکیورٹی حصار فراہم کیا جائے گا۔۔

نشترپارک اور جلوس کی گزرگاہوں کو 9 سیکٹر اور 23 سب سیکٹر میں تقسیم کیا گیا ہے عزاداران صرف 12 مقامات سے مجالس اور جلوس میں داخل ہوسکیں گے۔ مرکزی جلوس امام بارگاہ شاہ خراساں نشترپارک سے برآمد ہو گا اورایم اے جناح روڈ، سے بریز پلازا، ایمپریس مارکیٹ، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان، جامع کلاتھ مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، لائٹ ہاؤس موڑ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگا۔

نشتر پارک اور جلوس کی گزرگاہ کی دکانوں کو سیل کر کے اطراف کی سڑکوں کو کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ مجلس اور جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والے 287 راستوں اور اطراف کی 124 عمارتوں پر پولیس اہلکار تعینات ہوں گئے۔ نشترپارک اور جلوس کی گزرگاہ پر کھلنے والے 344 عمارتوں کے دروازے بھی مخصوص وقت کے دوران بند رہیں گے۔

کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے کیٹ کے نام سے پانچ خصوصی ٹیمیں تسکیل دی گئی ہیں ۔ جبکہ شہر کے تمام سرکاری اور نیم سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ رہے گی۔

اقوام متحدہ کے سربراہ روہنگیا مظالم پر میانمار کی حکومت اور فوج پر برس پڑے

روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر۔اقوام متحدہ کے سربراہ میانمار کی حکومت اور فوج پر برس پڑے، ان کا کہنا ہے کہ امن کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

میانمار کی حکومت اور فوج کی جانب سے بیگناہ نہتے روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر اقوام عالم کی خاموشی بھی ٹوٹنے لگی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں میانمار کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس کا کہنا تھا کہ میانمار میں نسلی امتیاز نے انتہا پسندی کی شکل اختیار کرلی ہے۔ میانمار کی فوج کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے میانمار کی حکومت سے قتل عام روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ میانمار حکومت مہاجرین کی واپسی اور بحالی کو ممکن بنائے۔ انہوں نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ میانمار میں امن لانے کیلئے کوششیں تیز کرنی چاہیں۔

دوسری طرف میانمار کی حکومت نے اقوام متحدہ کی ٹیم کے رخائن ریاست کے دورے کو بغیر وجہ بتائے اچانک منسوخ کر دیا ہے۔ جبکہ رخائن میں فوجی کارروائی کے آغاز کے ساتھ ہی میانمار کی حکومت نے وہاں سے اقوام متحدہ کے عملے کو جبراً بے دخل کردیا تھا۔

یاد رہے کہ اب تک 5لاکھ سے زیادہ روہنگیا مسلمان میانمار سے نقل مکانی کر کے بنگلہ دیش جا چکے ہیں جنہیں خوراک اور طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔

ملتان بڑی تباہی سے بچ گیا سی ٹی ڈی کی بر وقت کاروائی چار دہشتگرد گرفتار

سی ٹی ڈی نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے شہر سے چار خطرناک دہشتگرد گرفتار کر لیئے ہیں ۔ملزمان محرم الحرام میں شہر میں بد امنی پیدا کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

ملزموں سے چھ دستی بم، پستول اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے جبکہ گرفتار دہشتگردوں کی شناخت طاہر، شفقت، علی اور ناصر کے ناموں سے ہوئی ہے دوسری طرف مرید کے میں پولیس کے سرچ آپریشن میں سات خطرناک اشتہاری ملزم گرفتارہوئے ہیں اور ان سے اسلحہ بھی برآمد ہو ہے۔

نواز شریف کے بچوں اور داماد کے وارنٹ گرفتاری جاتی امرا پہنچا دیے گئے

احتساب عدالت اسلام آباد کی جانب سے نوازشریف کے تینوں بچوں مریم نواز، حسین نواز، حسن نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔ ذرائع  کے مطابق سمن کی تکمیل کروانے کیلئے نیب کی ٹیم پولیس کے ہمراہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے گھر جاتی امرا پہنچی جہاں سیکیورٹی اہلکاروں نے نیب کی ٹیم کو روکنے کی کوشش کی لیکن ٹیم زبردستی جاتی امرا کانفرنس روم میں بیٹھ گئی اور مطلوبہ افراد کے بارے میں معلومات مانگی جس پر بتایا گیا کہ تمام مطلوبہ افراد بیرون ملک ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم نے نواز شریف کے بچوں اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاتی امرا پہنچادیے جو نواز شریف کے پرسنل سیکریٹری قمر زمان نے وصول کیے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نوازشریف ان کے بچوں اور داماد کے خلاف دائر ریفرنسز کی سماعت کی تھی۔ سماعت کے دوران نواز شریف تو پیش ہوئے تاہم ان کے بچے، حسین، حسن، مریم نواز اور دامار کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے حسن، حسین، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو 2 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے ان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔