قذافی سٹیڈیم: سخت سکیورٹی انتظامات، پولیس کے ساتھ ساتھ فوج بھی تعینات

لاہور: حکومت اور پی سی بی نے قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی۔ تمام سکیورٹی ایجنسیز کھلاڑیوں کے ہوٹل، روٹ اور قذافی سٹیڈیم اور اس کے اردگرد کے علاقوں کو مکمل طور پر گھیرے ہوئے ہیں۔ جگہ جگہ پولیس کی موبائلز گشت کر رہی ہیں۔

تیس سے زائد عمارتوں پر سنائپرز کو تعینات کیا گیا ہے۔ آج پولیس کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے جوانوں کی بڑی تعداد بھی سٹیڈیم کے اردگرد تعینات ہے۔

کابل کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر خودکش حملہ، 3 افراد ہلاک

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق کابل میں کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر خود کش بمبار نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق جس وقت دھماکا ہوا اس وقت اسٹیڈیم کے اندر شپاگیزا کرکٹ لیگ کا میچ جاری تھا تاہم حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں کسی کھلاڑی یا آفیشل کو نقصان نہیں پہنچا۔

افغان سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ اہلکار نے اپنی جان کی قربانی دے کر حملہ آور کو اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونے سے روکا جہاں ہزاروں افراد موجود تھے۔ افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق دھماکے کے بعد میچ کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا تھا تاہم کچھ دیر بعد دوبارہ شروع کردیا گیا۔ افغانستان میں شپاگیزا کرکٹ لیگ کے میچز 22 ستمبر تک جاری رہیں گے۔

خیال رہے کہ سابق پاکستانی آل راؤنڈر عبدالرزاق بھی افغان کرکٹ لیگ میں شرکت کے لیے کابل میں موجود ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹرعبدالرزاق نے افغان کرکٹ لیگ سے معاہدہ کیا ہے اور وہ ایک لاکھ امریکی ڈالرکی سیکیورٹی ضمانت پر لیگ میں شرکت کے لیے گزشتہ جمعرات کوکابل روانہ ہوئے تھے۔

اسٹاک ایکسچینچ میں تیزی: ہنڈرڈ انڈیکس میں 1030 پوائنٹس کا اضافہ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز سے ہی مثبت رجحان رہا اور سرمایہ کار پراعتماد نظر آئے۔

ہنڈرڈ انڈیکس میں کاروبار کا آغاز ہی پوائنٹس میں اضافے کے ساتھ ہوا اور کاروبار کے دوران انڈیکس 41 ہزار سے اوپر جاتے ہوئے 42 ہزار کی سطح پر پہنچ گیا۔

کاروبار کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس 42 ہزار 346 کی سطح پر دیکھا گیا تاہم کاروبار کے اختتام پر کچھ پوائنٹس میں کمی واقع ہوئی۔

کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس میں ایک ہزار 30 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 42 ہزار 310 کی سطح پر بند ہوا۔

آج کاروباور کے دوران 9.63 ارب روپے مالیت کے 17.36 کروڑ شیئرز کا لین دین کیا گیا جب کہ ہنڈرڈ انڈیکس میں 2.54 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔

فلوریڈا میں تباہی ، جنوب مشرقی چین میں سمندری طوفان کا خطرہ

فلوریڈا: سمندری طوفان ارما تو گزر گیا لیکن اپنے پیچھے تباہی چھوڑ گیا ۔ حکام کا کہنا ہے فلوریڈا کیز میں ایک چوتھائی گھر مکمل تباہ ہوگئے ۔ نیویارک کی ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ کی بتیاں طوفان ارما سے ہلاک ہونے والوں کے سوگ میں گل کر دی گئیں ۔ فلوریڈا میں ہری کین ارما نے تباہی پھیلا دی ہے ۔ طوفان کو گزرے تین دن ہو گئے لیکن ریاست کی نصف آبادی ابھی تک بجلی کے محروم ہے ۔ وسیع علاقے میں سڑکیں سیلابی پانی میں ڈوبی ہیں ۔

کیز فلوریڈا کا پہلا حصہ تھا جہاں اتوار کو ہری کین ارما ٹکرایا تھا ۔ حکام کے مطابق شہر کی ایک چوتھائی عمارتیں یا تو مکمل تباہ ہو چکی ہیں یا اتنا نقصان پہنچ چکا ہے کہ وہ رہنے کے قابل نہیں ۔ منرو کاؤنٹی کے گھروں کو واپس آنے والے رہائشی ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں ۔ فلوریڈا کے گورنر رک سکاٹ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد کہا ہے کہ ارما بہت خوفناک طوفان تھا ، اس سے ہونے والی تباہی اور نقصانات پر قابو پانے میں ابھی بہت وقت لگے گا ۔ ادھر نیویارک میں ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ کی بتیاں طوفان ارما سے ہلاک ہونے والوں کے سوگ میں گل کر دی گئیں ۔ دوسری جانب جنوبی مشرقی چین کو سمندری طوفان تالم کا سامنا ہے ۔

فوجیان اور ژی جیانگ سے ٹکرانے والا یہ سال کا طاقتور ترین طوفان ہوگا جو چین سے پہلے تائیوان میں تباہی مچائے گا ۔ بحر الکاہل میں بننے والا سمندری طوفان تالم جمعرات کو تائیوان سے ٹکرائے گا ۔ اس سلسلے میں حفاظتی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ، تالم اکیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تائیوان کی طرف بڑھ رہا ہے ، جمعرات کو رات گئے جنوب مشرقی چین سے ٹکرائے گا ۔ کیٹگری چار کے اس طوفان کی وجہ سے ہواؤں کی رفتار دو سو بیس کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے ، ہزاروں افراد کو نقل مکانی کی ہدایت کی گئی ہے ۔

ارکان اسمبلی عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، وزیر اعظم

سلام آباد: ( وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے سرگودھا ڈویژن کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سرگودھا ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی اپنے حلقوں کی ترقیاتی و فلاحی سکیموں توجہ دیں، ترقیاتی سکیموں اور منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے دہائیوں سے زیر التواء منصوبوں کو مکمل کیا، ہمیں اپنا ترقیاتی ایجنڈا جاری رکھنا ہو گا، کوئی علاقہ ترقی اور خوشحالی میں پیچھے نہیں رکھیں گے۔

‘پاکستان لوگوں کے ووٹوں کی وجہ سے بنا تھا، ووٹ کی قدر ہونی چاہئے’

راولپنڈی:  پریس کلب میں میڈیا ورکرز ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ جس ادارے میں خاتون کی نمائندگی نہ ہو وہ ادارہ نامکمل ہوتا ہے اور پاکستان کی آبادی میں نصف سے زائد حصہ خواتین کا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ راولپنڈی پریس کلب میں آنے کا مطلب اپنے گھر آنا ہے، پاکستان میں جب جب جمہوریت پر حملہ ہوا تو صحافیوں نے اس کے خلاف اپنا کردار ادا کیا، عوام کے ووٹ کو عزت ملنے تک ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ صحافیوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں، صحافیوں کی سکیورٹی اور سیفٹی کا بل جلد پارلیمنٹ سے پاس ہو گا، میڈیا تنقید کیساتھ ساتھ اچھے کاموں کی تعریف بھی کرے، حکومت اگر بہت سے اچھے کام کر رہی ہوتی ہے تو برے بھی ہو رہے ہوتے ہیں لیکن ایسی تنقید نہ کریں جس سے پاکستان کو نقصان پہنچے۔

قوم کی دعائیں قومی ٹیم کے ساتھ، کرکٹ دیوانوں کا آملہ سے محبت کا بھرپور اظہار

کراچی: جنوبی افریقن کرکٹر ہاشم آملہ پاکستان پہنچے تو ان کے نام کی کار بھی کراچی کی سٹرکوں پر آ گئی۔ ہاشم آملہ سے ہے دل کا معاملہ، جبھی تو ان کے دیوانے نے سجائی ہاشم آملہ کار! گاڑی پر ان کی تصویریں لگائیں اور ہاشم آملہ کے نعرے بھی خوب بلند کئے۔ یہی نہیں، ساؤتھ افریقن کرکٹر کو گاڑی ساتھ لے جانے کی بھی پیشکش کر دی۔

کراچی کی سڑکوں پر فراٹے بھرتی ہاشم آملہ کار شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ گاڑی کے مالک کاشف تسلیم کو مایہ ناز بیٹسمین سے ملنے کی بھی خواہش ہے۔

چوہدری نثار کی عزت کرتی ہوں ان کے اپنے خیالات ہیں، مریم نواز

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا جس کے لیے مسلم لیگ (ن) نے کلثوم نواز کو امیدوار نامزد کیا ہے اور تحریک انصاف کی جانب سے یاسمین راشد امیدوار ہیں جب کہ پیپلزپارٹی نے فیصل میر کو میدان میں اتارا ہے۔

کلثوم نواز ان دنوں علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں اور ان کی انتخابی مہم ان کی صاحبزادی مریم نواز چلا رہی ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے جے یو پی کے رہنما پیر اعجاز ہاشمی سے ملاقات کی جس کےبعد میڈیا سے گفتگو میں پیر اعجاز ہاشمی نے جے یو پی کی جانب سے این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں کلثوم نواز کی حمایت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ این اے 120 کےمعرکے میں فتح کی دعا ہے، حمایت کرنے پر اویس نورانی اور جے یو پی کا شکریہ ادا کرتی ہں، والدہ کے الیکشن میں آگے بڑھ کر حمایت کرنے پر سب کی شکر گزار ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ سڑکیں ہرجگہ بن رہی ہیں اور کام ہورہے ہیں، انتخابی مہم میں سرکاری وسائل استعمال کرنے کا الزام لگانے والے ان وسائل کا نام بھی بتائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہار کے خوف سے بہانے تلاش کرنا مخالفوں کی پرانی عادت ہے، اگر مقابلہ کرنا ہے تو میدان میں آؤ یہ بہانے نہیں چلیں گے۔

چوہدری نثار سے متعلق سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار میرے بڑے اور والد کے ساتھی ہیں، ان کی بہت عزت کرتی ہیں جب کہ ان کے اپنے خیالات ہیں۔

واضح رہےکہ جیونیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا تھا کہ بچے بچے ہوتے ہیں اور بچے غیر سیاسی ہوتے ہیں، مریم نواز کا بے نظیر بھٹو کے ساتھ موازانہ درست نہیں اگر انہیں لیڈر بننا ہے تو خود کو ثابت کرنا پڑے گا۔

سب صحیح چلتا رہا تو آئی سی سی ایونٹ بھی پاکستان میں ہوسکتے ہیں، رچرڈسن

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے پاکستانی عوام کا میچ کو سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

رچرڈسن نے کہا کہ سیکیورٹی کا مسئلہ پوری دنیا کا ہے، تمام ممالک اور کھیل اس سے متاثر ہوئے، یہ سیریز یقینی طور پرپاکستان میں ہر قسم کی بحالی میں مدد گار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جائلز کلارک نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے بہت کام کیا، کرکٹ فیملی یکجا ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں ایک ساتھ ہیں۔

آئی سی سی سربراہ نے کہا کہ ہماری توجہ پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں کرانے اور دیگر رکن ممالک کو پاکستان میں کھلانے پر ہے، ہمارا مقصد پاکستان کو مشکل وقت میں مدد فراہم کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب صحیح چلتا رہا تو آئی سی سی ایونٹ بھی پاکستان میں ہوسکتےہیں، دوسال کے دوران پاکستان میں حالات بہت بہتر ہوئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر بی سی سی آئی پاکستان سے کھیلنے پر رضامند نہیں تو آئی سی سی اسے مجبور نہیں کرسکتا، پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز دونوں ممالک کی رضامندی سے ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ممبر ممالک کے درمیان قانونی چارہ جوئی کے خلاف ہے۔

صوبائی حکومت اور آئی جی سندھ کے درمیان معاملات طے پاگئے

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹانے کے بعد سندھ حکومت اور آئی جی کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت اور آئی جی سندھ کے درمیان معاملات طے پاگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے آئی جی سندھ کو عہدے پر برقرار رکھنے کے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ بھی موخر کردیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے کہنے پر آئی جی اے ڈی خواجہ نے صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال سے ملاقات بھی کی جب کہ اس موقع پر تبادلوں اور تعیناتیوں سمیت تمام معاملات مشاورت سے انجام دینے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ اور صوبائی وزیر داخلہ کے درمیان تعلقات بہتر کرنے میں سید مراد علی شاہ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔