شمالی کوریا کی وجہ سے دنیا ایٹمی جنگ کے دہانے پر کھڑی ہے، آنتونیو گوترش

لاہور:  اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل آنتونیو گوترش نے دنیا کو درپیش سات بڑے خطرات سے آگاہ کر دیا، جنرل اسمبلی سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کی وجہ سے دنیا ایٹمی جنگ کے دہانے پر کھڑی ہے، انہوں نے اس مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی جنگ، دہشت گردی اور حل طلب تنازعات، دنیا کو درپیش بڑے خطرات میں سرفہرست ہیں۔ یو این سیکریٹری جنرل کے مطابق انسانی حقوق کی خلاف ورزی ماحولیاتی تبدیلی، سائبر سکیورٹی اور مہاجرین کا مسئلہ بھی عالمی مسائل میں شامل ہیں۔

کوئٹہ میں نشے کے عادی افراد کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ

غیر سرکاری تنظیموں کے اعداد وشمار کے مطابق کوئٹہ شہر میں اس وقت منشیات کے عادی رجسٹرڈ افراد کی تعداد 28 ہزار سے زائد ہے اور ایک سروے کے مطابق بلوچستان میں 2 لاکھ 80 ہزار افراد منشیات استعمال کرتے ہیں جب کہ اصل تعداد اس سے کئی گنا زیادہ ہے۔ منشیات کے عادی افراد میں اکثریت نوجوان طبقے کی ہے جن میں 14 سے 25 سال تک کی عمرکے نوجوان شامل ہیں جب کہ منشیات استعمال کرنے والی خواتین اور لڑکیوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق کوئٹہ شہر کے وسط میں قائم سٹی نالے میں روزانہ 14 لاکھ سے 18 لاکھ روپے تک کی منشیات فروخت کی جاتی ہے۔ صوبائی ایڈز کنٹرول پروگرام کے مطابق منشیات کے عادی افراد کی جانب سے ایک ہی سرنج کے بار بار استعمال کے باعث 750 سے زائد افراد میں ایچ آئی وی ایڈز کی بیماری کی تشخیص ہوچکی ہے جنہیں حکومتی سطح پر علاج ومعالجے کی سہولت فراہم کی گئی ہے اس مرض میں  مبتلا افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جب کہ ایچ آئی وی ایڈز کی روک تھام کے لیے صوبائی اسمبلی میں  پیش کیے گئے مسودے پر قانون سازی التواء کا شکار ہے۔

امریکا کو خطرہ ہوا تو شمالی کوریا کو تباہ کرسکتے ہیں، صدر ٹرمپ

نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے جوہری تجربات پوری دنیا کے لیے خطرہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کی حکومت کرپٹ ہے اور اخلاقی طور پر یہ ایک ناکام ریاست ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے لیڈر کو جارحانہ رویہ ترک کرنے تک تنہا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے لیے واحد راستہ ہے کہ وہ اپنے ایٹمی پروگرام سے دستبردار ہو۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بعض ممالک بدترین صورت حال کی طرف جارہے ہیں، اقوام متحدہ ایسے ملکوں کے مسائل حل کرنے میں مدد کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور انتہا پسندوں نے طاقت کو یکجا کیا ہوا ہے، دہشت گرد دنیا کے کونے کونے میں پھیل گئے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ بنیاد پرست اسلامی دہشت گردی کو ختم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ امریکی عوام کا مفاد سب سے بالاتر رکھتے ہیں، منتخب ہونے کے بعد سے اب تک حکومت نے قابل قدر کام کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے 7 ہزار ملین ڈالر امریکی فوج اور دفاع پر خرچ کیے ہیں اور جلد امریکی فوج پہلے سے زیادہ مضبوط فوج بن جائےگی۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہر ملک سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اپنے لوگوں کے مفادات کا خیال رکھے، تمام ممالک دوسری اقوام کےحقوق کا بھی خیال رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ شام تنازعے کا ایسا سیاسی حل نکالا جائے جو عوام کیلئے باعث احترام ہو۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے یہ پہلا خطاب ہے۔

ایم کیو ایم نے این ایف سی ایوارڈ کا آئینی ترمیمی بل پیش کردیا

ڈپٹی اسپیکرمرتضیٰ جاویدعباسی کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جہاں ایم کیوایم کی کشورزہرا نے مجموعہ تعزیزات 1860 اور 1998 میں مزید ترمیم کرنے کا بل فوجداری قانون ترمیمی بل 2014 پیش کیا جس کی شق وارمنظوری دی گئی۔

ایم کیو ایم نے آئین کے آرٹیکل 160 میں ترمیم کا بل پیش کیا جس میں تجویزدی گئی ہے کہ این ایف سی کے تحت صوبوں کوملنے والی رقم آبادی کے تناسب سے اضلاع میں تقسیم کی جائے۔

وفاقی وزیرشیخ آفتاب نے پہلےاس بل کی مخالفت کی تاہم کچھ دیربعد حمایت کردی۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رکن نوید قمرنے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ این ایف سی رقم کی تقسیم صوبوں کی صوابدید ہے۔

قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ بل وفاق کوکمزورکرنے کے مترادف ہے۔

ڈپٹی اسپیکر نے بل کو قومی اسمبلی کی متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔

ایم کیو ایم کی کشور زہرا کا اعلیٰ عدالتوں کے بنچزکوضلعی ہیڈ کوارٹرزتک وسعت دینے کا ترمیمی بل 2017 بھی متعلقہ قائمہ کمیٹی کوبھجوادیا گیا۔

قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کی ڈاکٹرفوزیہ حمید کی ملک میں نئے چھوٹے ڈیم تعمیرکرنے کی قرارداد حکومتی حمایت پرمنظورکرلی گئی۔

وفاقی وزیر شیخ آفتاب نے کہا کہ ملک میں نئے چھوٹے ڈیم بننا ضروری ہے اس تجویزکی حمایت کرتے ہیں۔

شکیلہ لقمان کی وفاقی سرکاری ملازمین کی تعلیمی انکریمنٹس بحال کرنے کی قرارداد بھی حکومت کے مخالفت نہ کرنے پر منظورکرلی گئی۔

سندھ کی سب سے بڑی بیماری زرداری ہے، عمران خان

تحریک انصاف آج حیدرآباد میں پاور شو کررہی ہے جس کے لیے چیرمین عمران خان حیدرآباد پہنچے اس موقع پر وائس چیرمین شاہ محمود قریشی، پارٹی کے جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی ان کے ہمراہ تھے۔

حیدرآباد ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری جنگ کسی شخصیت کے  نہیں بلکہ کرپشن کے خلاف ہےاور ہماری جنگ انصاف کی ہے، جو چوری سندھ کے لوگوں سے ہو رہی ہے شاید کہیں اور نہیں ہو رہی، عوام کے تعلیم اورعلاج پر لگنے والا پیسہ ملک سے چوری ہو کر لانچوں کے ذریعے دبئی چلاجاتا ہے جہاں عوام کے پیسوں سے محلات بنائے جارہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہم کرپشن کے خلاف عوام کو بیدار کررہے ہیں،سندھ کے عوام کرپشن کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں جب کہ سندھ کی سب سے بڑی بیماری زرداری ہے۔

نواز شریف کو احتساب عدالت میں پیش نہیں ہونا چاہیے، مریم نواز

اپنے ٹوئیٹر پیغام میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا احتساب کی آڑ میں نواز شریف کو سیاسی اور ذاتی انتقام کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ یہ سارا معاملہ ایک ڈھونگ ہے۔

پاناما لیکس پر سپریم کورٹ کے حکم پر بننے والے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم تحفظات کے باوجود پیش ہوئے اور اس امید کےساتھ پیش ہوئے کہ عدالتی نظام قانونی راستہ اختیار کرے گا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف، حسن، حسین اور مریم نواز کے علاوہ کیپٹن (ر) محمد صفدر اور کو آج احتساب عدالت کے روبرو پیش ہونا تھا تاہم ان میں سے کوئی شخص پیش نہ ہوا۔

عدالت نے عدم پیشی پر شریف فیملی کو 26 ستمبر کو دوبارہ طلب کرلیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف تین نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران نیب کی سات رکنی ٹیم نے پاناما کیسز میں نیب کی نمائندگی کی جس میں اسپیشل پراسیکیوٹر سردار مظفر، عمران شفیق، افضل قریشی، سہیل عارف، اصغر خان، عرفان بھولا اور واثق ملک شامل تھے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیتے ہوئے نیب کو نواز شریف، ان کے بچوں اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔

یواین اجلاس، خواجہ آصف کی اہم ملاقاتیں

خواجہ آصف کی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ وزیرخارجہ نے عرب ریاستوں کے سیکرٹری جنرل سمیت کرغزستان، بوٹسوانا اورنامیبیا کےہم منصب سے ملاقات کی۔

ملاقات میں علاقائی امن، ہم آہنگی اورتعاون پرتبادلہ خیال کے ساتھ  ساتھ فلسطین

خیبرپختونخوا کے کالجز کے اساتذہ کا مجوزہ نجکاری کے خلاف احتجاج

خیبرپختونخوا کے سرکاری کالجز کے اساتذہ مجوزہ نجکاری اورٹیچنگ اسسٹنٹس کو مستقل نہ کئے جانے کے خلاف کلاس رومز چھوڑ کر پشاور کی سڑکوں پر آگئے۔

خیبرپختونخوا کے سرکاری کالجز میں طلبہ کو پڑھانے والے مرد و خواتین اساتذہ کلاسز چھوڑ کر پشاور کے صوبائی اسمبلی چوک میں جمع ہوگئے اور لیکچر دینے کی بجائے نعرہ بازی کرنے لگے۔

سرکاری کالجز کی پروفیسرز اور لیکچررز کالجوں میں بورڈ آف گورنرز قائم کرکے مجوزہ نجکاری کے خلاف جبکہ ٹیچنگ اسسٹنٹس اپنی ملازمت مستقل نہ ہونے پر سراپا احتجاج رہے۔

کالج اساتذہ سے مذاکرات کر کے احتجاج ختم کرانے کے لیئے پی ٹی آئی کے ایم پی اے فضل الٰہی ادھر پہنچے لیکن مظاہرین نے وزیراعلٰی کے علاوہ کسی سے مذاکرات نہ کرنے کا کہہ کرانہیں واپس کردیا۔

صوبے بھر سے آئے سرکاری کالجز کے اساتذہ نے اسمبلی چوک پر ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

کراچی: واٹر بورڈ کے 217 اہلکار مدت سے لاپتہ، متحدہ لندن کے رہنماء بھی شامل

کراچی: (دنیا نیوز) جب دفاتر میں افسر نہ ہوں تو فیلڈ میں کام کیسے ہو؟ کراچی واٹر بورڈ کے 217 افسران ڈیوٹی پر نہیں آتے۔ یہ افسر اور اہلکار کہاں ہیں؟ یہ بھی کوئی نہیں جانتا۔ ان بھگوڑے افسروں میں گریڈ 17، 18 اور 19 کے افسر بھی شامل ہیں۔ فہرست میں شامل شکیل عمر گریڈ 18 کے افسر اور ایم کیو ایم لندن کے رہنماء ہیں جبکہ قاسم علی رضا بھی ایم کیو ایم لندن کے کارکن اور گریڈ 17 کے افسر ہیں۔

حیران کن بات یہ ہے کہ واٹر بورڈ کی جانب سے ان افسروں کی فزیکل ویری فیکیشن کے دعوؤں کے باوجود نہ ان کو نوکریوں سے فارغ کیا جا رہا ہے اور نہ ان کی جگہ نئے افسر تعینات کئے جا رہے ہیں جس کا خمیازہ کراچی کے عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

چینی بینک کی پاکستان میں مزید سرمایا کاری میں دلچسپی

کراچی:  ایشین انفرا سٹریکچرز انویسٹمنٹ بینک کے وفد نے پاکستانی حکام سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں مزید سرمایا کاری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ عالمی جریدے کے مطابق چینی بینک کی سرمایا کاری سے گرتے ہوئے زرمبادلہ اور بڑھتے ہوئے مالیاتی خسارے کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی، جس سے روپے کو استحکام ملے گا۔

اس وقت چینی انویسٹمنٹ بینک گوجرہ سے شور کوٹ ایم فور منصوبے کی تکمیل اور تربیلا ڈیم کے توسیعی منصوبے سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا کی جانب سے 1 ارب 70 کروڑ ڈالرز کے کولیشن سپورٹ فنڈ کا معاملہ کھٹائی میں پڑ جانے کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے اور دیگر امور میں سپورٹ کے لئے ایشن انفرا سٹریکچر انویسٹمنٹ بینک کی سرمایا کاری سے معیشت کو سہارا ملے گا۔