كرم ایجنسی میں بارودی سرنگ پھٹنے سے 4 سیكیورٹی اہلكارزخمی

ذرائع كے مطابق لوئر كرم ایجنسی میں پاک افغان سرحد كے قریب فرنٹیئر كور كی گاڑی معمول كے گشت پر تھی كہ علاقہ شوركی میں نامعلوم دہشتگردوں كی جانب سے كچے راستے میں بچھائی گئی 2 بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئی جس سے گاڑی میں  سوار 4 اہلكار محمد گل، معین الدین، عبدالوصی اور محمد خالد زخمی ہوگئے جب کہ گاڑی كو بھی کافی نقصان پہنچا۔

واقعے کے بعد زخمی ہونے والے اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے علاقے كو گھیرے میں لیكر دہشتگردوں كیخلاف سر چ آپریشن شروع كردیا ہے۔

بھارت کا ’’آپریشن ارجن‘‘ کے نام سے سرحدی جارحیت کا اعتراف

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے پاکستان کے خلاف آپریشن ارجن کے نام سے نئی جنگ چھیڑ دی ہے۔ بھارتی میڈیا نے آپریشن کے دوران عام شہریوں اور سرحدی گھروں و کھیتوں کو نشانہ بنانے کا اعتراف بھی کرلیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ آپریشن ارجن کے دوران بھارتی فائرنگ سے 11  پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے۔

بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں یہ حقیقت خود ہی تسلیم کرلی کہ پاکستان نے امن کے لیے کوششیں کیں اور جنگ بندی میں پہل کی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان رینجرز پنجاب کے ڈی جی میجر جنرل اظہر نوید نے بی ایس ایف کے ڈائریکٹر کے کے شرما کو دو بار فون کرکے سرحد پر امن کے قیام کے لیے بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری روکنے کے لیے زور دیا۔

رپورٹ کے مطابق آپریشن ارجن کے دوران بھارتی سرحدی فوج نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے 11  شہریوں کو جاں بحق کیا ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پچھلے سال بھی بھارت نے پاکستان کے خلاف ’’آپریشن رستم‘‘ کیا تھا۔

پاکستان اور چین کی مشترکہ فضائی مشق اختتام پذیر

پاک فضائیہ اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی ائیر فورس کی مشترکہ فضائی مشق اختتام پذیر ہو گئی ۔
ائیروائس مارشل حسیب پراچہ ، ائیر آفیسرکمانڈنگ،سدرن ائیر کمانڈ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے چینی فضائیہ کے جدید لڑاکا طیارے جے الیون میں بھی پرواز کی۔ لیفٹینٹ جنرل زہان شوہن ہو ،ائیرکمانڈر آف ویسٹرن تھیٹر کمانڈ، اور چین کے اعلی عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔
تین ہفتوں پر مشتمل فضائی مشق کے دوران پاک فضائیہ اور چینی فضائیہ نے جدید لڑاکا طیاروں پر مشقیں کیں ۔
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ مشترکہ مشق پاک چین فضائی افواج میں موجود تعاون کومزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

نواز شریف بحران پیدا کر کے سسٹم ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں : نیئر بخاری

زرداری ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ نواز شریف کبھی کہتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا ، نواز شریف ملک میں بحران پیدا کرنا چاہتے اور سسٹم کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں ۔ پیپلزپارٹی سسٹم کو ڈی ریل نہیں ہونے دے گی ۔ سزائیں عدالتوں سے اور ریلیف بھی وہاں سے ملے گا۔
پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کو اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کا حق ہے ۔ پیپلز پارٹی کو خورشید شاہ کی بطور اپوزیشن لیڈر تبدیلی کا کوئی خدشہ نہیں ۔
شیری رحمن کا کہنا تھا کہ حکومت ایک ہانڈی میں دو مزے لیے جا رہی ہے۔ ن لیگ اپنی ساکھ کے لئے ملک کے ساتھ کھیل رہی ہے۔ سلیم مانڈوی والا نے اسحاق ڈار کو فوری مستعفی ہونے کی تجویز دے دی۔

آئی سی سی آفیشلز نے قومی ٹیم کے بیٹ چیک کئے

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بتایا کہ آئی سی سی آفیشلز نے پاکستانی ٹیم کے بیٹ چیک کئے اور تمام کھلاڑیوں کے بیٹ نئے قواعد کے مطابق پائے گئے ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے نئے قوانین کا اطلاق 28 ستمبر سے ہوگا اور پاکستان اور سری لنکا کے مابین پہلا ٹیسٹ انہی قواعد کے مطابق کھیلا جائے گا جس کے مطابق کوئی بھی بیٹ 40 ایم ایم سے چوڑا اور 67 ایم ایم سے موٹا نہیں ہونا چاہیے۔ امپائرز شک ہونے پر کسی بیٹسمین کے بیٹ کی موٹائی اور چوڑائی کی خصوصی گیج سے پیمائش کرینگے۔ اب ایک ٹیسٹ اننگز میں 80 اوورز کے بعد دوبارہ نئے ریویو نہیں ملیں گے بلکہ ایک اننگز میں صرف 2 ہی ریویو ہی دستیاب ہوں گے۔

غیر ملکی خاتون کا عماد وسیم پر دھوکا دہی کا الزام

لاہور:  پاکستانی کرکٹر کا ایک اور بڑا سکینڈل سامنے آ گیا۔ ایک غیر ملکی خاتون نے قومی ٹیم کے نوجوان کرکٹر عماد وسیم پر دھوکا دہی اور جھانسا دینے کے سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔ افغانستان سے تعلق رکھنے والی اس خاتون نے الزام عائد کیا کہ عماد وسیم نے مجھے شادی کا جھانسا دے کر دھوکا دیا۔ افغان خاتون کی عماد وسیم کے ساتھ تصاویر اور گفتگو دنیا نیوز کو موصول ہو گئی ہے۔

تحریک انصاف کو اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے نمبر پورے کرنے کی فکر لاحق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں قائد ایوان کی تبدیلی کے بعد اب اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کی گیم شروع ہو گئی ہے۔ فاٹا کے آزاد ارکان کا پاور پلے، وہ جس پلڑے میں گرے وہی قائد حزب اختلاف بنے گا۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے مجموعی ارکان کی تعداد 120 ہے جن میں پی پی کے 47، پی ٹی آئی کے 32، ایم کیو ایم کے 22، جماعت اسلامی کے 4، اے این پی کے 2، قومی وطن پارٹی اور عوامی مسلم لیگ کا ایک ایک رکن ہے جبکہ 10 رکن آزاد ہیں۔

ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی ایم کیو ایم، شیخ رشید، جمشید دستی اور زین الہٰی کی حمایت کے ساتھ کے 54 ارکان کی حمایت کی دعویدار ہے کیونکہ اس کے تین رکن باغی ہو چکے ہیں۔ پی پی ق لیگ، اے این پی اور قومی وطن پارٹی کی حمایت کے ساتھ نمبر گیم میں 51 ارکان کے ساتھ کھڑی ہے۔

جماعت اسلامی کا جھکاؤ بھی پی پی کی طرف ہے۔ اگر اس نے حمایت کر دی تو نمبر گیم میں پی پی کا پلڑا بھاری ہو گا۔ تاہم فیصلہ فاٹا کے 7 آزاد ارکان کریں گے۔ انہوں نے جس کی حمایت کر دی، وہی قائد حزب اختلاف ہو گا۔

بیگم کلثوم نواز طبیعت بگڑنے پر دوبارہ اسپتال منتقل

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ان کی والدہ کی طبیعت اچانک بگڑ گئی جس کے بعد انہیں دوبارہ اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز ان کی طبیعت بہتر کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔مریم نواز نے عوام سے درخواست کی کہ وہ ان کی والدہ کی جلد صحتیابی  کے لیے دعا کریں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بیگم کلثوم نواز کو تیسری سرجری کے لیے لندن کے اسپتال لایا گیا تھا اور کامیاب سرجری کے بعد انہیں گھر منتقل کردیا گیا تھا اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی تھی۔ بیگم کلثوم نواز علاج کی غرض سے لندن گئی تھیں جہاں ڈاکٹرز نے ان کے گلے میں کینسر کی تشخیص کی تھی۔ کلثوم نواز کے 3 آپریشن کیے جا چکے ہیں جو کامیاب رہے ہیں۔

نواز شریف بھی اپنی اہلیہ کی تیمار داری اور عید منانے کے لیے لندن پہنچے تھے تاہم اب وہ وطن واپس آچکے ہیں جب کہ سابق وزیراعظم کے دونوں بیٹے حسن اور حسین نواز اب بھی لندن میں ہی موجود ہیں۔

نواز شریف کے نااہل ہونے کے بعد خالی ہونے والی نشست این اے 120 لاہور میں 17 ستمبر کو ضمنی انتخاب ہوا تھا جس میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بیگم کلثوم نواز امیدوار تھیں اور ملک میں موجود نہ ہونے کے باوجود وہ الیکشن جیت گئی تھیں۔

نواز شریف کے کل برطانیہ روانہ ہونے کا امکان

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے نجی کورئیر کمپنی سے اپنا پاسپورٹ حاصل کرلیا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ برطانوی ویزے کی مدت ختم ہونے پر دوبارہ ویزہ لے لیا جبکہ وہ اپنا پاسپورٹ لینے خود کورئیر کمپنی پہنچے۔

خیال رہے گزشتہ روز نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت بگڑ گئی جس پر انہیں ایمرجنسی میں داخل کیا گیا۔

بیگم کلثوم نواز کو ڈاکٹروں نے کینسر تشخیص کیا ہے اور ان کا علاج لندن میں جاری ہے جہاں ان کے بچے ان کی تیمارداری کے لیے موجود ہیں۔

بیگم کلثوم نواز کی گزشتہ روز طبیعت بگڑ گئی تھی اور ان کی حالت زیادہ خراب ہونے پر انہیں لندن کے پرنس گریس اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں ایمرجنسی میں منتقل کیا۔

اس سے قبل سابق وزیر اعظم کی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ملاقات ہوئی ہے جس میں موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایک گھنٹہ 45 منٹ جاری رہنے والی ملاقات میں پارٹی کی اندرونی صورت حال پر بھی بات کی گئی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پارٹی کے صدر سے متعلق بھی تبادلہ خیال گیا گیا۔

ون آن ون ملاقات میں اداروں کے خلاف جارحانہ پالیسی نہ اپنانے سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نیب میں پیش ہونے کے سابق وزیراعظم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں نااہل کرنے کا فیصلہ ہوچکا تھا جس کے لئے اقامہ کی آڑ لی گئی تاہم حالات کی سنگینی کا سامنا پہلے بھی کیا اور اب بھی کر رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عدالتوں سے فرار ہونا ہمارا طریقہ نہیں، ہمیشہ عدلیہ کی آزادی کے لئے کردار ادا کیا لیکن جانتا ہوں کہ کس جرم کی سزا دی جارہی ہے۔

آرمی چیف کا سوات کا دورہ ، آرمی پبلک سکول ، کالج کا افتتاح کیا

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوات کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے کانجو گیریژن میں آرمی پبلک سکول اور کالج کا افتتاح بھی کیا ۔ اس موقع پر کور کمانڈر پشاور بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مذکورہ تعلیمی ادارے جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہیں ۔ ان اداروں میں 3ہزار 6 سو طلبہ کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جائے گا۔ جبکہ جدید کمپیوٹر ، لیبارٹریز  اور کیھلوں کے سٹیڈیم بھی فراہم کئے گئے ہیں ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے طلبہ ، اساتذہ ، مقامی عمائدین اور انتظامیہ نے ملاقات بھی کی ۔ مقامی عمائدین نے سوات چھاؤنی اور آرمی پبلک سکول اور کالج کے قیام پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بہترین تعلیم و تربیت کی فراہمی سے دیرپا امن و استحکام کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ امن و استحکام کیلئے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے بہتر کوئی طریقہ نہیں