پاناما کیس: شریف خاندان کیخلاف ریفرنسز تیار، تمام اثاثے منجمد کرنیکی سفارش

لاہور: قومی احتساب بیورو لاہور نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے بچوں اور اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنس نیب ہیڈکوارٹر بھجوا دیئے ہیں، ریجنل بورڈ نے نوازشریف، ان کے بچوں اور اسحاق ڈار کے اثاثے منجمد کرنے اور نام ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب ریجنل بورڈ لاہور نے تمام فیصلوں کی منظوری دے کر معاملہ نیب ہیڈکوارٹر بھجوایا ہے، نیب لاہور نے سفارش کی ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے بچوں حسن نواز، حسین نواز اور مریم نواز کے تمام اثاثے منجمد کیے جائیں، نیب لاہور نے 15 روزپہلےشریف فیملی کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش کر چکا ہے۔

نیب لاہور نے سفارش کی ہے کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے تمام منقولہ و غیرمنقولہ اثاثے منجمد کر کے انکا نام بھی ای سی ایل میں ڈالا جائے، اسحاق ڈار کے خلاف کارروائی کی بھی سفارش کی گئی ہے، نیب راولپنڈی نےشریف خاندان کیخلاف عزیزیہ مل ریفرنس کی منظوری دےدی۔ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر ریفرنس بنایا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب راولپنڈی کی طرف سے بھی جلد کارروائی کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد باقاعدہ ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرایا جائیگا۔

ایل پی جی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ

کراچی:عالمی منڈی میں ایل پی جی کی فی میٹرک ٹن کی قیمت 45 ڈالر بڑھنے سے پاکستان میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے اضافہ ہو گیا ہے۔ قیمت میں اضافے سے گھریلو سلنڈر 60 روپے اور کمرشل سلنڈر 240 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔ نئی قیمتوں پر عملدرآمد آج سے ہی شروع ہو گی

کراچی: پاک فوج کی 15 امدادی ٹیمیں انتظامیہ کی مدد کو آ گئیں، نکاسی آب جاری

کراچی: شہر قائد میں ظوفانی بارشوں کے بعد صورتحال بدترین ہے۔ شہری انتظامیہ کی درخواست پر پاک فوج سڑکوں پر آ گئی، عائشہ منزل کے قریب بھاری مشینری سے نکاسی آب کا کام جاری ہے۔ اس موقعہ پر شہریوں کی جانب سے پاک فوج اور سندھ رینجرز کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔ دوسری جانب سعدی ٹاؤن کے قریب سپرہائی وے زیر آب آ گئی جس کے بعد سپرہائی وے پر گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں جہاں رینجرز کے اہلکار شہریوں کی مدد کیلئے پہنچ گئے اور ٹریفک کو دوبارہ بحال کروایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اور رینجرز کی 15 ٹیمیں کراچی میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، یہ ٹیمیں پانی کی نکاسی کے آلات کیساتھ سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہیں۔ ٹیمیں عائشہ منزل، سہراب گوٹھ، غریب آباد انڈرپاس، لیاقت آباد انڈر پاس پر مصروف عمل ہیں، ناظم آباد انڈر پاس، سرجانی سیکٹر فور بی، یوسف گوٹھ، اجتماع گاہ منگو پیر کے علاقے میں بھی امدادی کام جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سٹاپ نمبر 5، پاور ہاؤس چورنگی، سلطان آباد منگو پیر میں امدادی کام جاری ہیں جبکہ لیاقت آباد انڈر پاس سے پانی کی نکاسی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔

ملتان میٹرو بس کیخلاف پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دیں گے: ترجمان پنجاب حکومت

لاہور: ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان کی ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس، ان کا کہنا تھا یابیت کمپنی کی جانب سے جو خط لکھا گیا وہ جعلی تھا، پگڑیاں اچھالنے والے 48 گھنٹے میں معافی مانگیں ورنہ قانونی کاروائی کے لیے تیار رہیں۔ شہباز شریف پر اگر کرپشن ثابت ہو جائے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا ایس ای سی پی ایک خود مختار ادارہ ہے۔ اس کیس کو ٹیسٹ کیس بنائیں گے۔ عوامی فلاحی بہبود کے منصوبوں کو متنازعہ بنایا جا رہا ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت نے بتایا کہ ایس ای سی پی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے جبکہ وہ کل چھ بجے دوبارہ یاد کروائیں گے کہ اگر ثبوت ہیں تو سامنے لائے جائیں۔

جاوید ہاشمی کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا امکان

اسلام آباد:  سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں 10 ستمبر کو ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ حکمران جماعت کی طرف سے عوامی طاقت کے مظاہرے کا ٹاسک امیر مقام، مرتضیٰ جاوید عباسی اور کیپٹن (ر) صفدر کو دیا گیا ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نواز شریف عید الاضحیٰ کے بعد دوبارہ عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ ہزارہ کے دل ایبٹ آباد سے شروع کریں گے جس کے لئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ گزشتہ روز صوبائی عہدیداروں، سابق ٹکٹ ہولڈرز اور ارکان اسمبلی کا ایبٹ آباد میں اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف ایبٹ آباد کے بعد ستمبر کے تیسرے ہفتے جنوبی پنجاب کے ہیڈ کوارٹرز ملتان کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر وہ عوام سے خطاب، ارکان اسمبلی، وزراء، ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی عہدیداروں سے ملاقات بھی کریں گے۔ نواز شریف کے دورہ ملتان کے دوران سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی (ن) لیگ میں شمولیت متوقع ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف سینئر رہنماء مخدوم جاوید ہاشمی کے گھر ملتان جائیں گے، بعد ازاں انہیں ساتھ لے کر جلسہ میں شرکت اور خطاب کریں گے۔

کراچی میں بارشوں سے عوام کی مشکلات، وزیر اعظم کا نوٹس

اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے فوج، رینجرز، این ایچ اے، کے پی ٹی اور وزارت پورٹ اینڈ شپنگ سمیت تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کراچی کی سڑکیں کلیئر اور مواصلات کا نظام فوری بحال کرایا جائے۔ وزیر اعظم نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں، تمام وسائل یکجا کر کے شاہراہوں کو صاف کیا جائے اور شہر اور دیگر علاقوں کا مواصلاتی نظام بحال کیا جائے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی کا ملک کے دوسرے حصوں سے بلاتعطل رابطہ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو تمام ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔

کراچی پانی پانی، شاہراہوں پر سیلاب کا منظر، 14 جاں بحق، عوام چھتوں پر محصور

کراچی:  شہر قائد میں بادل کیا برسے، سارا کراچی ہی ڈوب گیا۔ جدھر نگاہ دوڑائیں، پانی ہی پانی نظر آتا ہے۔ مرکزی شاہراہوں پر جیسے سیلاب آ گیا ہے۔ حکومت نے رین ایمرجنسی کیا نافذ کی، الٹا بارش کے ہوتے ہی جیسے حکومت اور انتظامیہ بھی پناہ گزین ہو گئی۔

ناظم آباد میں سب سے زیادہ بارش کے باعث علاقہ تالاب کا منظر پیش کر رہا ہے۔ شارع فیصل، ڈرگ روڈ، لیاقت آباد، نارتھ کراچی، یونیورسٹی روڈ اور شارع پاکستان بھی پانی سے بھر گئی ہے۔ شادمان ٹاؤن، سرجانی، گلشن حدید اور لانڈھی کے علاقے بھی سیلاب کی تصویر دکھانے لگے ہیں۔

ناگن چورنگی سے پاور ہاؤس چورنگی تک 2 کلو میٹر کا علاقہ بھی ڈوب گیا ہے۔ شہریوں کا کام پر پہنچنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ گلیاں محلے تالاب بن گئے ہیں۔ نشیبی علاقوں میں صورتحال گھمبیر ہے۔ ندی نالے ابل پڑے ہیں اور پانی نکلنے کے راستے بند ہو گئے ہیں۔ عوام گھروں کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اہم شاہراہوں اور ذیلی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کے مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔ سڑکوں پر گاڑیاں پانی کی نذر ہو گئی ہیں۔ حالیہ بارش نے شہر کی گندگی کو بھی نمایاں کر دیا ہے اور کچرا پانی کے اوپر تیرنے لگا ہے۔ شہری انتظامیہ کی کارکردگی اور دعوؤں کی بھی قلعی کھل گئی ہے۔

عیسیٰ نگری سے گزرنے والے گجر نالے کی حفاظتی ریلنگ پانی میں بہہ گئی ہے۔ ادھر اورنگی ٹاؤن میں نالہ اوور فلو ہو گیا مگر منچلے بچوں نے ناظم آباد انڈر پاس کو سوئمنگ پول بنا لیا۔

کرنٹ لگنے کے واقعات اور حادثات میں کئی افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ شہر کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہیں۔ کئی علاقوں میں بجلی کے پول گر گئے ہیں جگہ جگہ وولٹیج کم ہے اور ٹرپنگ کی شکایت ہے۔ کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ صرف 80 فیڈر بند ہیں!، ادھر بارش کی تباہ کاریوں کو دیکھ کر سندھ رینجرز میدان میں آ گئی ہے۔ اورنگی ٹاؤن اور پاک کالونی میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ سکول میں ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہر میں تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جمعے کی شام تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

مسجد الحرام اور مسجد النبوی میں عید الاضحیٰ کے روح پرور اجتماعات

مکہ المکرمہ: مسجد الحرام اور مسجد النبوی میں عید الاضحیٰ کی نماز ادا کر دی گئی، حجاج کرام کا قربانی کے بعد سر منڈوانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دوسری جانب حجاج کرام نے مزدلفہ میں رات کھلے آسمان تلے قیام کیا۔ جس کے بعد اب رمی جمرات کا عمل جاری ہے۔ بڑے شیطان کو کنکریاں ماری جا رہی ہیں۔ حجاج قربانی کے بعد سر منڈوائیں گے اور احرام کھول دیں گے، پھر طواف زیارت کے لئے مسجد الحرام جائیں گے۔ 11، 12 ذوالحج کو بھی زوال کے بعد شیطان کو کنکریاں ماریں گے، 12 ذی الحج کو غروب آفتاب سے قبل منیٰ سے نکلنا ہوگا، اس کے بعد وہ روانگی سے قبل خانہ کعبہ کا الوداعی طواف کریں گے۔