حلف نامے میں تبدیلی ، اتحادی جماعتیں بھی حکومت مخالفت پر اتر آئیں

ایک شخص کو بچانے کیلئے عجلت یا جان بوجھ کر کی گئی انتخابی اصلاحات بل میں ختم نبوت کے حلف نامے میں ردوبدل پر پورے ملک میں بھونچال آگیا ، سیاسی و مذہبی جماعتیں طیش میں آگئیں ۔
ختم نبوت سے متعلق حلف نامہ کی شق میں ترمیم حکومت کو مہنگی پڑ گئی ،اپوزیشن ہی نہیں اتحادی جماعتیں بھی حکومت کی مخالفت پر اتر آئیں ، ارکان پارلیمنٹ نے فوری ترمیم واپس لینے کیلئے دباؤ بڑھادیا ۔
ایم کیو ایم کے رہنما علی رضا عابدی ، مسلم لیگ ق کے طارق بشیر چیمہ ، تحریک انصاف کے رہنما محسن عزیز ، پاکستان پیپلزپارٹی کے سلیم مانڈوی والا ،جمعیت علمائے اسلام (ف) کی رکن عالیہ کامران ، مسلم لیگ فنکشنل کے غوث بخش مہر، جماعت اسلامی کے صاحبزادہ یعقوب ، تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی اور عوامی نیشنل پارٹی کے غلام احمد بلور نے 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت شق میں ترمیم کے خلاف تمام جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ ایک پیچ پر ہیں ۔ صرف ترمیم کو واپس ہی نہیں لیا جائے بلکہ ذمہ داروں کا تعین کرکے سخت سزا بھی دی جائے ۔

2018 کے الیکشن میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، شہباز شریف

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہمھاری حکومت آنے سے پہلے ملک میں 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوا کرتی تھی جبکہ میں لوڈ شیڈنگ کم کرنے کے کام پر لگا ہوا تھا چھوہارے نہیں بیچ رہا تھا، آج لوڈشیڈنگ کہاں ہے، لوڈشیڈنگ ہوتی تو اس ہال میں اب تک کئی مرتبہ لائٹ جاچکی ہوتی، خزانہ لوٹنے والے آج قوم کو لیکچر دے رہے ہیں، نندی پورپراجیکٹ اور رینٹل پاور میں عوام کی جیبیں کٹ گئیں، جیب کترے کرپشن کرنے کے بعد ٹی وی پر بھاشن دیتے ہیں، ہم مختلف زمانوں اور حالات میں الیکشن لڑتے رہے ہیں،2018 کے الیکشن میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان بتائیں کہ انہوں نے خیبر پختونخوا کے لیے کیا کیا، خیبر پختونخوا میں ڈینگی نے حملہ کیا تو عمران خان پہاڑوں پرچلے گئے، وہ پہاڑوں پر اس لیے چڑھے کہ کہیں ڈینگی کا شکار وہ خود نہ ہوجائیں، جو ڈینگی کا مقابلہ نہیں کر سکے وہ ملک کی حفاظت کیسے کریں گے۔

ترکی میں بم دھماکے کے نتیجے میں 4 فوجی اہلکار ہلاک

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق دھماکا ترک ایرانی سرحد کے قریب واقع صوبے حکاری کے ضلع یوکسکو میں ہوا جہاں کرد جنگجوں کی جانب سے نصب کیے گئے بم کی زد میں سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی آگئی جس کے نتیجے میں 4 فوجی ہلاک ہوگئے۔ حملے میں 5اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز کو طلب کرلیا گیا جنہوں نے دھماکے کے مقام کوگھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ صوبہ حکاری کے گورنر کا دعویٰ ہے کہ اس حملے کے پیچھے کردستان ورکرز پارٹی کے جنگجوؤں کا ہاتھ ہے۔

واضح رہے کہ ترکی نے کردستان ورکرز پارٹی کو دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے جب کہ مملکت میں ہونے والے اکثر دہشت گرد واقعات کا ذمہ دار بھی کرد شدت پسندتنظیم کو ٹہرایا جاتا رہا ہے۔

جو ڈینگی کا مقابلہ نہیں کر سکے وہ ملک کی حفاظت کیسے کریں گے‘

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نےکہا کہ صرف این اے 120 ہی نہیں پورا پاکستان مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے  اور مسلم لیگ (ن) نے تاریخی کامیابی پر این اے 120 کے کارکنوں اور کلثوم بھابھی کی جیت پر مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف زمانوں اور حالات میں الیکشن لڑتے رہے ہیں لیکن 2018 کے الیکشن میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت آنے سے پہلے 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اگر اب بھی لوڈشیڈنگ ہوتی تواس ہال میں اب تک کئی مرتبہ جاچکی ہوتی لیکن آج دور دور تک لوڈ شیڈنگ کا نشان نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ کے پی میں ڈینگی نے حملہ کیا تو خان صاحب پہاڑوں پرچلے گئے کہ کہیں ڈینگی کا شکار وہ خود نہ ہوجائیں، جو ڈینگی کا مقابلہ نہیں کر سکے وہ ملک کی حفاظت کیسے کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نندی پور پراجیکٹ میں عوام کی جیبیں کٹ گئیں اور جیب کترے کرپشن کرنے کے بعد ٹی وی پر بھاشن دیتے ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ  ختم نبوت کے معاملے پرنوازشریف نے آج فوری ایکشن لیا اور اس لفظ کو  واپس پرانی حالت میں بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔

سبزیاں ایک مرتبہ پھر عام آدمی کی پہنچ سے دور

سبزیاں ایک مرتبہ عام آدمی کی پہنچ سے در ہو گئیں ۔ کوئی ایک بھی سبزی سرکاری نرخ ناموں پر فروخت نہیں ہو رہی ۔سبزیوں کی فروخت سرکاری نر خ ناموں کے مطابق یقینی بنا نے کے وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات بھی ردی کی ٹوکری کی نذر کر دئیے گئے۔
لاہور میں پیاز، مٹر، ادرک، لہسن، ٹینڈے،کریلے، گوبھی، آلوسمیت دیگر سبزیاں بھی مہنگے داموں ہی فروخت ہو رہی ہیں جب کہ صوبائی دارالحکومت میں ٹماٹرکی سرکاری قیمت ایک سودس روپے کلو ہے جومارکیٹ میں ابھی تک دوسوروپے کلوفروخت ہورہاہے۔ پیاز کی سرکاری قیمت پچپن روپے ہے جو مارکیٹ میں سترسے اسی روپے کلوفروخت ہورہاہے۔
لیموں اورلہسن بھی قیمت سے کہیں مہنگا بیچاجارہاہے۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سےسبزیوں کی قیمتو ں کا نوٹس لینے کا مطا لبہ کیا ہے۔

چوری چھپے لفظ حلف کو اقرار لکھا گیا ، باقی مضمون وہی ، مذہبی تنظیمیں سراپا احتجاج

چوری چھپے لفظ حلف کو اقرار میں تبدیل کرنے پر مذہبی تنظیمیں سراپا احتجاج بن گئیں ۔ جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عطا الرحمان کہتے ہیں کہ چوری چھپے اور تیاری سے لفظ حلف کو کاٹ کر صرف اقرار لکھا گیا جب کہ باقی مضمون وہی ہے ۔ ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں یہ سازش کے تحت کیا گیا۔اس پر بھرپور احتجاج کریں گے۔
سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا کہتے ہیں معاملے پر پارلیمان میں تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے اور وزیر قانون کو برطرف کیا جائے۔
سر براہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کیلئے سب سے بڑا سکیورٹی رسک ہیں۔ 8اکتوبرکو احتجاجی تحریک مشترکہ طور پرشروع کرینگے،صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نوازشریف کہتے ہیں ہم نے مشرف کاقانون اسکے منہ پر دے مارا،مشرف کابھی وزیر قانون زاہد حامد تھا آپ اس قانون کو اس کے منہ پر دے ماریں ۔

مسلم لیگ ن کا ورکرز کنونشن ، کارکنوں کی صحافیوں سے بد تمیزی

لاہور میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا ۔ ورکرز کنونشن میں نواز شریف نے بھی شرکت کی ۔ سابق وزیر اعظم کی آمد سے قبل کارکن ایک مرتبہ پھر لڑ پڑے ۔
لیگی کارکن  میڈیا کے ساتھ بھی بار بار بد تمیزی کرتے رہے اور  کیمرہ مین پر بھی تشددکیا۔
مسلم لیگ ن کی قیادت بھی اپنے ورکروں کو کنٹرول نہ کر پائی ۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں تعلیمی ایمرجنسی کا پول کھل گیا

سندھ میں تعلیمی ایمرجنسی کا پول وزیراعلی مرادعلی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں کھل گیا ۔چھ ہزار اسکولوں کی عمارتیں مخدوش، بتیس سو اسکول بند اور ہزاروں اسکول بنیادی سہولیات کے بغیر چل رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم سے متعلق اجلاس میں انکشاف ہوا کہ سندھ کے چھ ہزار ایک سو ستاون اسکولوں کی عمارتیں انتہائی مخدوش ہیں  جبکہ چودہ سو پچانوے اسکول عارضی اور نوسو ترپن کافی عرصے سے بند ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سات سو اڑسٹھ بند درسگاہوں کو کھولنے کیلئے کوشش ہی نہیں کی گئی۔
سندھ میں تعلیم کا مجموعی بجٹ دو سو ارب روپے مگر لاکھوں بچے اسکول جانے سے محروم جبکہ امتحانی نتائج میں بھی سرکاری درسگاہوں کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔ سندھ حکومت اسکولوں کو بجلی فراہم کرنے کیلئے خرچ کرتی ہے مگر اٹھارہ ہزار اسکول بجلی اور سترہ ہزار واش رومز کے بغیر ہیں ۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے اعتراف کیا کہ زیادہ تر اسکولز بجلی سے محروم ہیں ۔ پچیس سو پرائمری، ایک ہزار سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولز کو ماڈل بنانے کا حکم۔

امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس غیر علانیہ دورے پر افغانستان پہنچ گئے

امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس غیر علانیہ دورے پر افغانستان پہنچ گئے ۔ امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وہ جلد پاکستان بھی جائیں گے ۔
امریکی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ شدت پسند گروہوں کی مبینہ مدد کے معاملے پر کسی اقدام سے پہلے پاکستان سے ایک بار پھر اس مسئلے پر بات کریں گے۔

اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی،انڈیکس 40 ہزار سے نیچے گرگیا

اسٹاک ایکسچینج میں آج  ٹریڈنگ کے دوران ابتداء سے کے ایس ای 100 انڈیکس تنزلی کا شکار رہا اور اب تک اس میں 1190 پوئنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

مارکیٹ کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار مزید کام کرنے کے لیے تیار نہیں جبکہ ملکی سیاست میں جاری غیر یقینی کی صورتحال شدید مندی کی وجہ بتائی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما پیپرز کیس کا فیصلہ آنے کے بعد پہلی مرتبہ کے ایس ای 100 انڈیکس 40 ہزار پوائنٹ کی سطح سے نیچے گیا ہے۔

اسٹاک مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر حکومتی مالیاتی ادارے مارکیٹ میں مدد فراہم نہیں کرتے تو موجودہ صورتحال جلد ہی بحران کی شکل اختیار کر جائے گی۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے کے ایس ای 100 انڈیکس 42 ہزار پوائنٹس سے زائد کی سطح پر موجود تھا جبکہ موجودہ ہفتے کے آغاز سے ہی اس میں کمی واقع ہورہی ہے اور تین روز کے اندر انڈیکس میں 2 ہزار پوائنٹس سے زائد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

اسٹاک مارکیٹ تجزیہ کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر آج کے ایس ای 100 انڈیکس 39 ہزار 9 سو پوائنٹس سے نیچے پر بند ہوا تو اس میں آئندہ روز بھی واضح کمی آئے گی۔