مصطفی کمال قافلے سمیت دس روزہ دورے پر دیہی سندھ پہنچ گئے

سندھ میں سیاسی سر پرائز دینے کا عزم اور الیکشن میں کامیابی کا دعویٰ لئے انیس قائم خانی اور مصطفیٰ کمال کی قیادت میں درجنوں افراد کا قافلہ دس روزہ دورے پر دیہی سندھ پہنچ گیا۔
قافلے کو پاکستان سیکریٹریٹ سے کارکنان نے رخصت کیا جب کہ قائد آباد اور بن قاسم میں والہانہ استقبال کیا گیا۔ اسٹیل ٹاون پہنچنے پر پی ایس پی کارکنان نے زبردست نعرے بازی اور گلپاشی کی
مصطفی کمال نے کہا کہ پورے ملک سے نمائندے الیکشن میں کھڑے کریں گے اور نفرتیں ختم کر کے سندھ کو خوشحال بنائیں گے۔
پی ایس پی قیادت دس روزہ دورے مین ٹھٹھہ ،کوٹری ، ٹنڈوالہ یار ، میرپورخاص ، عمرکوٹ ، تھرپارکر اور نوابشاہ جائیں گے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب مصروف، ڈولفن فورس تین ماہ سے پاسنگ آؤٹ کی منتظر

وزیر اعلیٰ پنجاب کی مصروفیات کے باعث ڈولفن فورس پاسنگ آؤٹ کی منتظر ہے دو ہزار اہلکاروں کی تربیت تین ماہ پہلے مکمل کر لی گئی تھی۔ متعدد بار پاسنگ آؤٹ کا ٹائم دیا پھر کینسل کر دیا گیا۔2000
سے زائد پولیس اہلکار چونگ ٹریننگ سنٹر لاہور سے تربیت یافتہ ہیں۔ فورس میں ملتان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، بہاولپور، فیصل آباد اور لاہور کے اہلکار شامل ہیں۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ کی ریہرسل بھی کئی دفعہ ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے متعدد بار پاسنگ آؤٹ کا ٹائم دیا پھر کینسل کر دیا۔ ڈولفن فورس کیلئے منگوائی گئی موٹر بائیکس کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔

عائشہ گلہ لئی کی اسمبلی رکنیت منسوخی سے متعلق کیس کی سماعت

 الیکشنکمیشن میں عائشہ گلہ لئی کیخلاف اسمبلی رکنیت منسوخی کے حوالے سے ریفرنس کی سماعت ہوئی ۔ عمران خان کے وکیل نے عائشہ گلالئی کی پریس کانفرنسز اور ٹاک شوز کے ٹرانسکرپٹ پیش کردیئے۔ عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عائشہ نے پارٹی پالیسی سے انحراف کیا لہٰذا رکنیت منسوخ کی جائے۔
چیف الیکشن کمشنرکی سربراہی میں 5رکنی کمیشن کے رو برو عمران خان کے وکیل سکندر مہمند نے موقف اختیار کیا کہ عائشہ گلالئی منتخب رکن نہیں ۔ ۔مخصوص نشست پر آئیں ۔ ان کی نامزدگی عمران خان نے بطور پارٹی سربراہ کی ۔ وہ پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے چکی ہیں ۔ پارٹی پالیسی سے انحراف پر انہیں شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ وزیر اعظم کے انتخاب کے دن کیا عائشہ گلالئی نے اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اور ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا ۔ عمران خان کے وکیل نے کہا کہ اس وقت وہ پریس کانفرنس میں تحریک انصاف سے مستعفی ہونے کا اعلان کررہی تھیں ۔ جبکہ تحریری جواب میں انہوں نے بیماری کا کہہ کر غلط بیانی کی۔
رکن الیکشن کمیشن نے استفسار کیا کہ کیا عائشہ گلالئی نے کہا کہ وہ پارٹی چھوڑ رہی ہیں یا چھوڑ دی ۔ سکندر مہمند کا کہنا تھا کہ چھوڑ رہی کا مطلب پارٹی چھوڑ دینے کا تھا ۔ الیکشن کمیشن نے ریفرنس پر سماعت کل تک ملتوی کردی۔

بلوچستان ہائی کورٹ کا گزین مری کی رہائی کا حکم

جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس نظیراحمد لانگو پر مشتمل بلوچستان ہائی کورٹ کے ڈویژنل بنچ نے گزین مری کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کی حراست کو ‘غیرقانونی’ قرار دے دیا۔

بنچ نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شیہاک بلوچ سے گزین مری کی حراست کے حوالے سے سوالات کیے جس پر انھوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اس بارے میں عدالت کو بتا سکتی ہے۔

شیہاک بلوچ کا کہنا تھا کہ سیکریٹری داخلہ اس وقت ایرانی حکام کے ساتھ مشترکہ سرحدی کمیشن میں شرکت کررہے ہیں اس لیے وہ دستیاب نہیں ہوں گے۔

بنچ نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گزین مری کی رہائی کا حکم دے دیا۔

یاد رہے کہ گزین مری کو گزشتہ ماہ خود ساختہ طویل جلاوطنی کے بعد وطن واپسی پرسابق جج نواز مری کے قتل کے الزام پر گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد مقامی عدالت کے حکم پر 5 روزہ ریمانڈ میں لیویز کے حوالے کردیا گیا تھا۔

بعد ازاں کوئٹہ کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج راشد محمود نے عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو 10 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا

تاہم کوئٹہ کی مقامی انتظامیہ نے نواب زادہ گزین مری کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ گزین مری کو تھری ایم پی او کے تحت جیل بھیج دیا گیا ہے۔

بیگم کلثوم نواز کے پہلے کیمو تھراپی سیشن کیلئے تیاری

سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز ان دنوں برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں زیر علاج ہیں جہاں ان کے گلے کے سرطان کا علاج کیا جا رہا ہے۔ ان کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے اپنی والدہ کی صحت بارے بتایا ہے۔ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے بتایا ہے کہ امی کو پہلے کمیوتھراپی سیشن کیلئے تیار کیا جا رہا ہے، ہم سب کی دعاؤں کے شکر گزار ہیں، جو ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتی ہیں۔

خیال رہے کہ بیگم کلثوم نواز کے گلے میں سرطان کی تشخیص ہوئی ہے، تاہم یہ مرض قابل علاج ہے۔ بیگم کلثوم نواز ان دنوں لندن میں زیر علاج ہیں جہاں ان کے شوہر سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف ان کی تیمار داری کیلئے موجود ہیں۔
دوسری جانب، مریم نواز اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئی ہیں جہاں ان سے وزراء اور لیگی رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں احتساب عدالت میں پیشی کے معاملات زیرغور آئے۔

جاوید اقبال بھی قمر زمان ثابت ہوئے تو بڑا رد عمل آئے گا، عمران خان

ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ چیرمین نیب کی تعیناتی میں ہماری کوئی مشاورت نہیں، اس میں بھی نوازشریف کو بچانے کی کوشش کی گئی، نیب کے پچھلے چیرمین نے زرداری اور اسحاق ڈار کو بچایا۔

عمران خان نے کہا کہ خورشید شاہ پر بھی کرپشن کے کیسز ہیں، حکومت اور اپوزیشن نے چیرمین نیب پر مک مکا کرلیا ہے لیکن قوم چیرمین نیب جاوید اقبال کی طرف دیکھ رہی ہے، قوم نیب میں احتساب کی توقع کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے وزیر کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں، جاوید اقبال نے احتساب کردیا تو قوم ان کی تعریف کرے گی اور اگر جاوید اقبال بھی قمر زمان ثابت ہوئے تو اس پر زبردست رد عمل آئے گا۔

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کی چوری کرنےوالوں کو وی آئی پی پروٹوکول مل رہا ہے اور چھوٹے آدمی جیلوں میں سڑرہے ہیں، ملک کا وزیراعظم ایک نااہل اور کرپٹ شخص کو اپنا وزیراعظم کہہ رہا ہے، میں دیکھ رہا ہوں اور قوم بھی دیکھ رہی ہے، انہوں نے 30 ہزار کروڑ کا حساب دینا ہے، اگر دیکھا کہ بڑے ڈاکوؤں کو بچایا جارہا ہے تو سڑکوں پر نکل کر پرامن احتجاج ہی ایک حق ہے۔

عمران خان نے کہا کہ زرداری  اور نواز شریف نے خود کو بچانے کے لیے فیصلہ کیا تھا کہ چیرمین نیب خود لائیں گے اور اس مقصد کے لیے انہوں نے آئین بدل دیا ،آٹھویں ترمیم لے آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے اتنا قرضہ لیا کہ ملک کی سالمیت خطرے میں ڈال دی، اس طرح کے لوگ اگر بیٹھے ہوئے تو کسی سازش کی ضرورت نہیں، آج چوری چھپانے کے لیے عدلیہ اور فوج کو برا بھلا کہہ رہے ہیں یہ سازش ہے۔

چیرمین پی ٹی آئی نے امریکی پالیسی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ ہندوستان کی زبان بول رہا ہے، ٹرمپ نے اپنی ناکامی کا سارا بوجھ پاکستان پر ڈال دیا، پاکستان کی خارجہ پالیسی فیل ہے، آخری 2 سال میں جب خارجہ پالیسی پر کام کرنا تھا تو وزیراعظم کو پاناما کی پڑی تھی اور وہ اپنا پیسہ بچا رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج معیشت کا برا حال ہے لیکن اسحاق ڈار عدالت کے چکر ماررہے ہیں، ان تمام چیزوں کا حل ملک میں نیا الیکشن ہے کیونکہ اس طرح ملک نہیں چل سکتا۔

اس سے قبل ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جانور تو اتنا کھاتا ہے جس سے اس کا پیٹ بھر جائے لیکن انسان جب جانوربنتا ہے تو کھا کھا کربھی اس کا پیٹ نہیں بھرتا۔

عمران خان نے کہا کہ میں ساری دنیا پھرچکا ہوں، پاکستان جیسا ملک دنیا میں کہیں نہیں، پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا، جب برا وقت آئے تو سوچو کہ کیا غلطی کی، غلطی سدھارو پھر آگے بڑھو۔

چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 2018 میں تحریک انصاف پاکستان کے سارے صوبوں میں حکومت بنائے گی، ہم نے قانون کو سب کے لیے ایک بنانا ہے، کسی طاقتور کو پکڑا جائے تو یہ نہ کہے کہ مجھے کیوں نکالا۔

انہوں نے آصف زردای کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری سینما کے ٹکٹ بلیک کرتا تھا، آج زرداری کے پاس سندھ میں ایک لاکھ ایکڑ اراضی ہے، عزیر بلوچ نے کہا کہ اس نے شوگر ملوں پر قبضہ کرکے زرداری کو دیا، آج زرداری 19 شوگر ملوں کا مالک بنا بیٹھا ہے، نوازشریف اسی لیے کہتے ہیں کہ زرداری دندنا پھررہا ہے تو مجھے کیوں پکڑا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بے نظیر کے بعد زرداری نے کاغذ دکھایا کہ میں اور بلاول پارٹی سربراہ ہیں، اگر پیپلزپارٹی میں میرٹ ہوتی تو اعتزاز احسن اور بلاول میں کیا مقابلہ تھا۔

چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ زیادہ نہیں ملک کا 200 سے 300 ارب روپیہ باہر پڑا ہے، سپریم کورٹ نے نکالا تو کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا، ان کے لندن میں بڑے بڑے گھر ہیں، صرف بتائیں پیسہ باہر کیسے گیا اور کتنا گیا، کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا، میں بتا سکتا ہوں کیوں نکالا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے بڑے بڑے مجرم اسمبلیوں میں آتے ہیں اس سے زیادہ شرمناک بات کیا ہے، اسمبلی کی بورنگ تقرریں سن سن کر نیند آگئی، آنکھ کھلی تو لگا ڈاکوؤں میں آگیا ہوں، ہم بڑے ڈاکوؤں کو جیل میں ڈال کر دکھائیں گے، ہم نے طاقتور کو قانون کےنیچے لانا ہے اور ملک میں قانون کی بالادستی قائم کرنی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہماری ساری پالیسیاں غربت کم کرنے کے لیے ہوں گی، آج تمام پالیسیاں امیروں کے لیے ہیں جس کی وجہ سے امیر امیر اور غریب غریب تر ہورہا ہے، 10 کروڑو لوگوں کو پانچ سال میں غربت سے نکالنا ہماری پالیسی ہے۔

کراچی کے علاقے اشرف آباد میں بھی تیزدھار آلے کے وار سے خاتون زخمی

کراچی کے علاقے اشرف آباد میں تیزدھار آلے کے وار سے خاتون زخمی ہو گئی ۔ حملہ آور پراسرار ملزم ہی ہے یا کوئی اورسوالات جنم لینے لگے ۔
دوسری جانب کراچی پولیس پراسرار حملہ آور کو اب تک گرفتار نہیں کر پائی ۔
پولیس کو راولپنڈی کے محمد علی کیس کا بھی جائزہ لیا جانے لگا ۔ محمد علی نے 25 خواتین پرحملے کئے تھے ۔
ساہیوال میں بھی وسیم نامی ملزم کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔

ملتان سلطانز نے شعیب ملک سمیت 9 کرکٹرز کا انتخاب کرلیا

پی ایس ایل کے تیسرے سیزن کیلئے ملتان سلطانز میں پلاٹینم کیٹیگری میں شعیب ملک اور کیرون پولارڈ شامل ہیں، ڈائمنڈ پلیئر کے طور پر منتخب ہونے والے سنگا کارا ٹیم کے مینٹور بھی ہونگے جب کہ ان کے ساتھ سہیل تنویر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

محمد عرفان، جنید خان گولڈ جب کہ صہیب مقصود، کاشف بھٹی اور عرفان خان سلور کیٹیگری کرکٹر کے طور پر لئے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ دیگر ٹیمیں پہلے ہی اسکواڈز میں پلیئرز برقرار رکھنے یا تبادلوں کا فیصلہ کرتے ہوئے 9،9 کھلاڑی منتخب کرچکی ہیں، اگلے مرحلے میں مین ڈرافٹ میں باقی پلیئرز کا انتخاب ہوگا۔

اسٹاک ایکسچینج میں مندی جاری، 100 انڈیکس میں 489 پوائنٹس کی کمی

کاروباری دن کا آغاز منفی رجحان سے ہوا اور پہلے سیشن میں 100 انڈیکس میں 800 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس سے ہنڈریڈ انڈیکس 40 ہزار 300 کی سطح سے نیچے آگیا۔

دوسرے سیشن میں کاروبار میں اتار چڑھاؤ جاری رہا تاہم سیشن کے اختتام پر 100 انڈیکس مجموعی طور پر 489 پوائنٹس کمی کے بعد 40 ہزار 610 پوائنٹس پر بند ہوا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس کے کاروبار میں 367 کمپنیوں نے حصہ لیا اور 73 کمپنیوں کی قیمتوں میں اضافہ، 273 کی قیمتوں میں کمی اور 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

آرمی چیف سے پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود کی ملاقات

یڈمرل ظفر محمود عباسی نے ایڈمرل ذکاءاللہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد 7 اکتوبر کو نئے امیر البحر کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کےمطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی جس میں پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو پاک بحریہ کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

جب کہ پاک بحریہ کے سربراہ نے جی ایچ کیو میں یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔