‘پانامہ میں کچھ نہیں تھا، والد کو صرف نواز شریف ہونے کے سبب نااہل کیا گیا’

سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی اور لیگی رہنماء مریم نواز نے ایک بار پھر پانامہ کیس کے فیصلے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں استفسار کیا کہ پانامہ میں الزام کیا تھا؟ پھر خود ہی جواب دیتے ہوئے بولیں کہ پانامہ میں کوئی الزام نہیں تھا، اس میں سکینڈل والی کوئی چیز نہیں تھی، وہ لوگ اقامہ کے پیچھے نہیں چھپ سکیں گے، نواز شریف کو صرف نواز شریف ہونے کی وجہ سے نااہل کیا گیا، اور یہی سب سے بڑا الزام تھا۔

پشاور: ڈینگی سے مزید 2 خواتین ہلاک، اموات کی مجموعی تعداد 40 ہو گئی

خیبر پختونخوا میں ڈینگی کی اونچی پرواز جاری ہے۔ پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں آج بھی ایک تیس سالہ خاتون دم توڑ گئی جبکہ پچیس سالہ خاتون نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں جان کی بازی ہاری۔ ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 82 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 264 افراد پہلے ہی مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

ڈینگی پر قابو پانے کے لئے پنجاب اور خیبر پختونخوا حکومتوں کی مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔ اس کے باوجود وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

کراچی: نجی ہسپتال میں پیدا ہونیوالے 5 بچوں میں سے 2 دم توڑ گئے

شہر قائد کے نجی ہسپتال میں پیدا ہونے والے 5 میں سے 2 بچے دم توڑ گئے ہیں۔ بچوں کے والدین نہایت مغموم ہیں۔ تاہم وہ مالی حالات اچھے نہ ہونے کے باعث بچوں کے علاج کے مزید اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔ بچوں کے والد کا کہنا ہے کہ 10 لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں، مزید علاج نہیں کرا سکتے، ایک بیٹی اور بیٹا وینٹی لیٹر پر ہیں۔ والدین نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مدد کی اپیل کی ہے۔

نواز شریف کو جلد پارٹی صدر بنانے کا فیصلہ، قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کو طلب

کوئی انہونی نہ ہو جائے، اس لئے پیر کے روز ہی صدر مملکت ممنون حسین سے بل پر دستخط بھی کروا لئے جائیں گے۔ اگلے روز یعنی تین اکتوبر کو ن لیگ کی جنرل کونسل کا اجلاس ہو گا اور ایک بار پھر نواز شریف مسلم لیگ ن کے صدر بن جائیں گے۔ پارٹی صدر کے انتخاب کے لئے شیڈول بھی جاری ہو چکا ہے۔

ن لیگ کا یہ فیصلہ قانونی طور پر شائد ٹھیک ہو لیکن اس فیصلے کو اخلاقی اور سیاسی پذیرائی ملے گی؟ یا نہیں، یہ سوال بہرحال اپنی جگہ موجود ہے کیونکہ اصل سوال یہ ہے کہ ملک کی سب سے بڑی عدالت سے نااہل ہونے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے لئے پارٹی صدر بننا کیوں ضروری ہے؟

‘سیاسی سمجھ بوجھ سے عاری عمران اپنی جماعت کیلئے بوجھ بن گئے ہیں’

پرویز رشید ایک بار پھر عمران خان پر برس پڑے۔ دنیا نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کپتان پر خوب تنقید کی۔ سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاسی سمجھ بوجھ سے عاری عمران خان خود اپنی جماعت کیلئے بوجھ بنے ہوئے ہیں، عمران خان کا ہر ایشو پر بدلتا نکتہ نظر پارٹی کیلئے باعث شرمندگی بنا ہے۔

پرویز رشید نے خان صاحب سے کہا، بتائیں کہ پختونخوا کا چیئرمین احتساب کمیشن کیوں بھاگا؟ انہوں نے کہا کہ نئے الیکشن کے ذریعے وزیر اعظم بننے کے خواب دیکھنے والے اس اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیوں بننا چاہتے ہیں؟ الیکشن کمیشن، احتساب اور پارلیمنٹ کے موضوعات پر عمران کا مؤقف سیاسی ناپختگی کا ثبوت ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ مسلم لیگ ن کسی کو اپنا لیڈر چھیننے کی اجازت نہیں دے گی، تین اکتوبر کا دن واضح پیغام دے گا کہ نواز شریف کی لیڈرشپ چھینی نہیں جا سکتی، پارٹی صدارت پر نواز شریف کا انتخاب جمہوریت کے مسبقل کیلئے نیک فال ثابت ہو گا۔

‘شہباز کو بعض تنظیموں کی دھمکیاں، دورے سکیورٹی اداروں کی ہدایت پر کم کئے’

مذہبی منافرت پر مبنی مواد کی اشاعت روکنے کیلئے پنجاب حکومت نے بڑا فیصلہ کر لیا۔ جنوبی پنجاب میں آپریشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ پنجاب میں کئی کالعدم تنظیمیں جہادی لٹریچر چھاپنے اور بانڈنے میں پیش پیش ہیں، جن کے خلاف کارروائی کیلئے حکومت نے حساس اداروں کے ساتھ ملکر رپورٹ مرتب کی ہے اور یہ فیصلہ کیا ہے کہ جنوبی پنجاب سے آپریشن شروع کیا جائے گا جس کی تیاری مکمل ہیں۔

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ مفافرت پھیلانے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف کو بعض تنظیموں کی جانب سے دھمکیاں دی گئیں، سکیورٹی اداروں کی ہدایت پر خادم اعلیٰ نے دورے کم کر دیئے ہیں۔

نواز شریف 5 اکتوبر کو اہلیہ کی تیمارداری کیلئے لندن جائیں گے: ذرائع

مسلم لیگ نون کے اندرونی ذرائع کے مطابق، سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی زیرعلاج اہلیہ کی تیمارداری کی غرض سے ایک بار پھر لندن کیلئے اڑان بھرنے والے ہیں۔ تاہم وہ وہاں بھی اپنی سیاسی مصروفیات جاری رکھیں گے اور سینئر پارٹی رہنماؤں سے ان کی ملاقاتوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔