صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نسل پرستانہ بیان، یورپ بھر میں مظاہرے

نسل پرستانہ بیان پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یورپ میں خفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے لئے آنے سے پہلے امریکی صدر کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ زیورک، جنیوا اور ڈیووس سمیت متعدد شہروں میں ہزاروں افراد نے احتجاج کیا اور ریلیاں نکالیں۔

زیورک میں دو ہزار لوگوں نے شہر کی سڑکوں پر مارچ کیا۔ انہوں نے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تحے جن صدر ٹرمپ اور اکنامک فورم کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہروں کے دوران کئی مشتعل افرا دنے دکانوں کے شیشے بھی توڑ دیئے۔ ڈیووس میں سخت سیکیورٹی کے باوجود مظاہرین بینر اٹھائے اجلاس کے مقام تک پہنچ گئے۔

اسلام کا شدید مخالف جرمن سیاستدان مسلمان ہو گیا

جرمنی کے خبر رساں ادارے میں چھپنے والی خبر کے مطابق اسلام مخالف سیاسی جماعت اے ایف ڈی کے ایک سیاستدان آرتھر واگنر نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ یہ جماعت جرمن انتخابات میں اے ایف ڈی تیسری بڑی سیاسی قوت بن کر سامنے آئی تھی اور آرتھر واگنر 2015ء میں مہاجرین اور اسلام مخالف جماعت میں شامل ہوئے تھے۔

آرتھر واگنر کا تعلق وفاقی جرمن ریاست برانڈنبرگ سے ہے۔ واگنر روسی نژاد جرمن شہری ہیں اور اے ایف ڈی میں شمولیت سے قبل وہ چانسلر انگیلا میرکل کی سایسی جماعت سی ڈی یو کے پلیٹ فارم سے سیاست کر رہے تھے۔

اے ایف ڈی نے اپنی جماعت کے اہم سیاستدان آرتھر واگنر کے اسلام قبول کرنے کی تصدیق کی ہے۔ پارٹی ترجمان ڈینیئل فریزے نے واگنر کے اسلام قبول کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت کو اُن کے اسلام قبول کرنے سے کوئی مسئلہ نہیں۔

خیال رہے کہ آرتھر واگنر ایسے پہلے سیاستدان نہیں ہیں جو اسلام مخالف سیاست کرتے کرتے خود بھی مسلمان ہو گئے۔ اس سے پہلے ہالینڈ کی مسلمان مخالف سیاسی جماعت فریڈم پارٹی سے تعلق رکھنے والے آرنوڈ فان ڈورن نے بھی اسلام قبول کر لیا تھا جس کے بعد انہیں ان کی جماعت سے نکال دیا گیا تھا۔

کراچی: نوعمر لڑکے سے بدفعلی کا ملزم گرفتار

بچے نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزم نے سکول جاتے ہوئے اس کو اغواء کرنے کے بعد بدفعلی کی۔ ملزم اسلم کیماڑی پر مزدوری کرتا ہے۔ ملزم اسلم نے الزام کو مسترد کر دیا ہے۔ پولیس متاثرہ بچے کو طبی معائنے کے لئے سول ہسپتال لے کر گئی۔ معاملے پر مزید کارروائی بچے کی میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہو سکے گی۔

اس سے قبل، بچے سے مبینہ بدفعلی پر کیماڑی میں علاقہ مکینوں نے ملزم کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد رینجرز موقع پر پہنچی اور مبینہ ملزم اسلم کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق، درندگی کے شکار لڑکے عبدالرحمان کو بھی رینجرز نے حفاظتی تحویل میں لے کر پولیس کے حوالے کیا جس کے بعد پولیس نے بچے کا طبی معائنہ کرانے کیلئے اسے سول ہسپتال منتقل کیا۔

دنیا نیوز کی خبر پر وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے معاملے کا نوٹس لیا اور ڈی آئی جی ساؤتھ سے انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

کراچی: جعلی مقابلوں کا سٹیج سجانے کیلئے سامان کباڑیوں سے لینے کا انکشاف

نقیب اللہ قتل کیس میں تحقیقات کے دوران نت نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔ ایس ایس پی راؤ انوار اور ان کی ٹیم کی جانب سے مقابلوں کے لئے استعمال کئے گئے خالی مکانوں کو مارے جانے والے مبینہ دہشتگردوں کی رہائشگاہ ثابت کرنے کے لئے سامان کباڑیوں سے حاصل کیا جاتا تھا۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے سہراب گوٹھ کباڑی مارکیٹ سے 6 دکانداروں کو حراست میں لیا ہے جن کی نشاندہی ناز میر عرف نازک کی جانب سے گئی۔


 


تفتیشی حکام کے مطابق، زیرحراست دکانداروں سے پولیس کو دیئے گئے پرانے فرنیچر، برتن اور مختلف نوعیت کے گھریلو سامان سے متعلق تفتیش کی جا رہی ہے۔



ذرائع کا کہنا ہے کہ زیرحراست دکانداروں کی نشاندہی پر پولیس کے بعض فرنٹ مینوں اور اہلکاروں کو بھی حراست میں لیا جا سکتا ہے۔


زینب کا قاتل عمران 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

زینب کے قاتل عمران کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سخت سکیورٹی میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے پوچھا کہ آپ کے پاس کیا ثبوت ہیں؟ انہوں نے بتایا کہ زینب کی ڈی این اے رپورٹ ہے۔ عدالت نے پوچھا کہ ملزم کی داڑھی تھی، وہ کہاں گئی؟ اس استفسار پر سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ ملزم نے بچی کو زیادتی اور قتل کرنے کے بعد داڑھی کٹوا دی تھی۔ وکیل نے بتایا کہ 20 جنوری کو ملزم کے ڈی این اے کی تصدیق ہوئی اور پولی گرافک ٹیسٹ مثبت آیا۔ ملزم بچوں کو کھانے پینے کی چیزیں دے کر ورغلاتا تھا۔ تفتیشی افسر نے ملزم سے دیگر کیسز کی تفتیش کیلئے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی۔ عدالت نے اسے 14 روز کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا۔


عمران کی ڈی این اے رپورٹ


دوسری جانب، قاتل عمران کی ڈی این اے رپورٹ دنیا نیوز کو موصول ہو گئی ہے جس کے مطابق، درندہ عاصمہ بی بی، تہمینہ، عائشہ آصف، ایمان فاطمہ، نور فاطمہ، لائبہ، کائنات بتول اور زینب امین نامی ننھی بچیوں کے ساتھ درندگی کرنے کے بعد انہیں قتل کرنے میں ملوث ثابت ہوا ہے۔

 

2 مزید لاپتہ بچیوں کے ورثاء کی زینب کے گھر آمد، انصاف کیلئے دہائی

کاہنہ سے جون 2015ء میں لاپتہ ہونے والی 7 سالہ سویرا کا والد بھی انصاف کی خواہش میں قصور پہنچ گیا۔ بے بس باپ زینب کے گھر کے باہر سویرا کی تصویر اٹھائے انصاف کیلئے دہائی دیتا رہا۔ جھنگ میں اغواء ہونے والی 12 سالہ بچی کے والدین بھی انصاف کی امید میں قصور پہنچ گئے۔

لواحقین کا مطالبہ ہے کہ ان کے ملزموں کی گرفتاری کیلئے بھی زینب کیس کی طرح مستعدی دکھائی جائے۔

توہین عدالت کیس: نہال ہاشمی نے غیرمشروط معافی مانگ لی

سینیٹر نہال ہاشمی کے وکیل نے توہین عدالت کیس میں تحریری معافی پیش کی تو عدالت نے اعتراض اٹھایا کہ اس کے الفاظ درست نہیں، نوک پلک درست کرکے دوبارہ لکھ کر دی جائے۔ جسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ نہال ہاشمی کی عمر 80 سال سے زیادہ ہوتی تو کہہ سکتے تھے کہ بچپن کے دانت دوبارہ نکل آئے ہیں، درست الفاظ کا چناؤ کیا جائے تو توہین عدالت نہیں ہوتی۔

نہال ہاشمی نے دوبارہ تحریری معافی داخل کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کے لئے جان بھی حاضر ہے، غیرمشروط معافی مانگ کر خود کو عدلیہ کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں، جس پر جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ آپ تو ہماری زمین تنگ کرنے چلے تھے، ہمارے بچوں کے بارے میں بھی کیا کچھ کہہ دیا۔ عدالت نے معافی مانگنے پر فیصلہ محفوط کر لیا جو بعد میں سنایا جائے گا۔

بحری معیشت کو تقویت دے کر قومی پیداوار کو بڑھایا جا سکتا ہے: نیول چیف

تاجر برادری کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول سٹاف نے بحری شعبے میں اقتصادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے ملک کی بحری معیشت کو مستحکم بنا کر ملک کی مجموعی قومی پیداوار کو تین گنا تک لے جایا جا سکتا ہے۔ نیول چیف نے مزید کہا کہ ملک کے بحری شعبے کی بہتری کے لیے ہمیں مل جل کر کام کرنا ہو گا اور ملک کی ترقی اور اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی۔

انتظار قتل کیس میں نیا موڑ، سی ٹی ڈی کو مقتول کی دوست لیلیٰ کی تلاش

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مدیحہ کیانی نے 2 بار انتظار کو لیلیٰ سے دور رہنے کا مشورہ دیا۔ مدیحہ کو انتظار کے پاس پولیس افسر نے خاص پیغام دیکر بھیجا تھا۔ انتظار نے لیلیٰ کے ساتھ دوستی چھوڑنے سے انکار کیا تھا۔ ڈیفنس کے کلب میں انتظار، لیلیٰ اور مدیحہ کو آئس پیتے بھی دیکھا گیا۔

ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ انتظار ملائیشیاء سے کراچی بھی لیلیٰ کے کہنے پر آیا تھا، سی ٹی ڈی تفتیشی ٹیم نے لیلیٰ کی تلاش شروع کر دی ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظار کے موبائل ڈیٹا ریکارڈ سے تمام صورتحال سامنے آ جائیگی۔


انتظار کے والد کا بیان


دوسری جانب، انتظار کے والد اشتیاق احمد نے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لیلیٰ نامی لڑکی کو نہیں جانتا، نہ وہ ملائیشیا گئی، ایسی باتیں بالکل غلط ہیں، انتظار تو ملائیشیا سے نہیں آ رہا تھا، میں خود انتظار کو لینے کے لئے ملائیشیا گیا تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقدس حیدر کو شامل تفتیش کیا جائے۔


مقدس حیدر کا بیان


دوسری جانب، انتظار کیس میں ملوث سابق ایس ایس پی مقدس حیدر نے بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔ اپنے بیان میں مقدس حیدر نے کہا ہے کہ خاتون مدیحہ کیانی اور انتظار کو نہیں جانتا۔


مدیحہ کا بیان


حادثہ کے وقت انتظار کی گاڑی میں موجود خاتون مدیحہ کیانی کا بیان بھی قلمبند کر لیا گیا ہے۔ مدیحہ نے تفتیشی ٹیم کو دیئے گئے بیان میں کہا ہے کہ مقدس حیدر کو نہیں جانتی۔



دونوں کے بیانات کی روشنی میں سی ٹی ڈی نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ بیانات ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عامر فاروقی کے روبرو ریکارڈ کرائے گئے۔