پشاور کے مختلف علاقوں میں فائرنگ، 2 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق

 

پولیس کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے سربند میں زمین کے تنازعے پر مسلح افراد نے فائرنگ کرتے ہوئے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کو قتل کر دیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین بھائی شامل ہیں جبکہ فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی بھی ہوا جس کو بروقت طبی امداد کے لئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچایا گیا۔

دوسری جانب تھانہ پشتخرہ کی حدود پاوکہ میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے 2 خواتین جاں بحق ہو گئیں جن کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم رپورٹ اور شناخت کے لئے ہپستال منتقل کر دیا گیا تا ہم پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

اسد عمر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ، عمران خان سمیت دیگر شخصیات کی شرکت

پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر کے فرزند کے ولیمہ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پارٹی چیئرمین عمران خان، جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی سمیت اہم سیاستدانوں نے شرکت کی۔

شادی کی تقریب میں گورنر سندھ زبیر عمر بھی موجود تھے۔ دعوت ولیمہ کے موقع کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جا چکی ہیں جنھیں لوگ پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔

راؤ انوار کی گرفتاری کا معاملہ، آئی جی سندھ نے حساس اداروں سے مدد مانگ لی

 

نقیب قتل کیس میں پولیس کو درپیش راؤ انوار کی گرفتاری کا مشن سر کرنے کیلئے آئی جی سندھ نے حساس اداروں سے مدد مانگ لی۔ آئی جی سندھ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ملزم راؤ انوار فرار ہونے کی سر توڑ کوششیں کر رہا ہے، ملزم کو جلد گرفتار کر کے سپریم کورٹ میں پیش کرنا ہے، اس سلسلے میں مدد کی جائے۔ اے ڈی خواجہ کا خط ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی اور ڈی جی آئی بی کے نام بھیجا گیا ہے۔

راؤ انوار وردی میں قاتل، سیاستدانوں کی سرپرستی میں کارروائیاں کیں: عمران خان

سہراب گوٹھ میں نقیب محسود کے قتل کے خلاف ہونے والے جرگے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ جرگے کے عمائدین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہماری جنگ اس نظام کے خلاف ہے جس کی وجہ سے نقیب محسود قتل ہوا، ہماری جنگ راؤ انوار جیسے پولیس کے کپڑوں میں قاتلوں کے خلاف ہے، آپ کو خیبر پختونخوا کی پولیس پر فخر ہو گا کیونکہ وہاں کوئی پولیس والا کسی کو قتل نہیں کر سکتا۔

عمران خان نے محسود جرگے سے خطاب کرتے ہوئے راؤ انوار کو وردی میں قاتل قرار دیدیا۔ سیاستدانوں کی سرپرستی میں کارروائیوں کا الزام بھی لگا دیا، کہتے ہیں نقیب سے ظلم ہوا، نظام کے خلاف جنگ لڑنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق ایس ایس پی ملیر کے پیچھے کون ہے؟ سپریم کورٹ کو اس تک بھی پہنچنا چاہئے۔

عمران خان انتظار کے گھر بھی گئے اور مقتول کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا۔ اِس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقدمہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چلایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظار کے والدین پولیس تفتیش سے مطمئن نہیں ہیں، سیدھا سیدھا ایک لڑکے کو قتل کیا گیا ہے۔

انتظار کیس: 15 دن بعد سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی

واقعے کے 15 روز بعد مقتول کے والد سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر لے آئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈیفنس کی ایک روڈ کراسنگ پر انتظار کی سفید رنگ کی کار جیسے ہی رکی سیاہ رنگ کی ایک کار اس کے سامنے آ گئی۔ اسی دوران پیچھے سے تیزی سے موٹر سائیکل سوار سادہ کپٹروں میں ملبوس 2 اہلکار آئے۔

جیکٹ پہنے ایک اہلکار موٹر سائیکل سے نیچے اتر کر کار میں جھانکا۔ اسی دوران ایک اور سیاہ رنگ کی کار انتظار کی کار کے برابر میں آ کر رکی جس میں بیٹھے شخص نے پہلے اہلکار کو اشارہ کیا اور پھر انتظار کو جانے کا اشارہ کیا۔

اسی دوران سامنے سے ایک اور موٹر سائیکل آ کر رکی۔ اشارہ ملنے کے بعد انتظار نے اپنی کار موڑنے کے لئے تھوڑی سی ریورس کی اور آہستہ آہستہ موڑ کاٹتے ہوئے کار کی رفتار بڑھائی۔

انتظار کی کار کے سامنے سے ایک اہلکار گزرا اور جیسے ہی انتظار کی کار نے موڑ کاٹا، پیچھے سے سادہ کپڑوں میں ملبوس 2 اہلکاروں نے فائرنگ شروع کر دی۔

انتظار کی کار کے پیچھے سفید رنگ کی ایک اور کار کو دیکھا جا سکتا ہے۔ انتظار کی کار کیمرے سے غائب ہونے کے بعد دو موٹر سائیکل اور کار میں سوار اہلکاروں کو بھی جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

دستیاب سی سی ٹی وی فوٹیج میں اس سے آگے کے مناظر موجود نہیں جن میں کیس سے متعلق اہم ترین شواہد ہو سکتے ہیں۔

شاہد مسعود کے الزامات پر جے آئی ٹی تشکیل، 10 روز میں چالان جمع کرنے کا حکم

زینب قتل کیس سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت لاہور رجسٹری میں ہوئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے زینب قتل کیس کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے ڈاکٹر شاہد مسعود کے الزامات پر تحقیق کیلئے نئی جے آئی ٹی بنا دی۔ چیف جسٹس نے جے آئی ٹی کو باور کرایا کہ اس معاملے پر تاخیر نہیں چاہتے، تحقیقات مکمل کر کے 10 روز میں چالان عدالت میں پیش کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: زینب قتل کیس: سپریم کورٹ نے نئی جے آئی ٹی تشکیل دے دی

سماعت کے دوران ٹی وی اینکر ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ جو کہا سچ تھا، راؤ انوار کی طرح فرار ہو جاؤں گا جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے، آپ کو ملزم کی بااثر افراد کی پشت پناہی کا دعویٰ ثابت کرنا پڑے گا، نام ای سی ایل میں ڈالیں گے، آپ دلائل کی جگہ مفروضوں پر بات کر رہے ہیں، چالیس اکاؤنٹس ثابت کرنا ہوں گے، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ نیا جوڈیشل کمیشن نہیں بنائیں گے۔

سپریم کورٹ نے زینب کے والد اور وکیل کو میڈیا ٹاک سے روک دیا اور ورثاء کو سکیورٹی دینے کا بھی حکم دیا۔ زینب کے والد نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ انہیں انصاف چاہئے، ملزم عمران کو سرعام سزا دی جائے۔ سپریم کورٹ نے مقتولہ زینب کے والد کو جے آئی ٹی سے مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی۔ چیف جسٹس نے ڈی جی فرانزک لیبارٹری کو باور کرایا کہ ان کی تحقیق پر مقدمے کا انحصار ہے۔

پشاور: نقیب کو انصاف دلوانے کیلئے مظاہرہ، راؤ انوار کی گرفتاری اور سزا کا مطالبہ

ماورائے عدالت قتل ہونے والے قبائلی نوجوان نقیب اللہ محسود کے حق میں پشاور میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ قبائیلی نوجوان، طلباء تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد حیات آباد کے فیز تھری چوک میں جمع ہوئی۔



مظاہرین نے راؤ انوار کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور سابق ایس ایس پی ملیر کی ساتھیوں سمیت گرفتاری اور قرار واقعی سزا کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ یکم فروری کو اسلام آباد میں ہونے والے احتجاجی دھرنے میں قبائلی نوجوان بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔

فیصل آباد: شادی سے انکار پر نوجوان نے فائرنگ کر کے لڑکی کو قتل کر دیا

 

فیصل آباد میں شادی سے انکار پر نوجوان نے 18 سالہ مہوش کو گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کردیا، ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

فیصل آباد چک جھمرہ کے علاقہ اسلام پورہ میں قتل کی افسوسناک واردات رونما ہوئی، 18 سالہ مہوش جو مدرسہ کی طالبہ تھی کو شادی سے انکار پر قتل کر دیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم عمیر لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا اور اکثر لڑکی کو تنگ کرتا تھا۔ مہوش کے والدین کی جانب سے شادی کے انکار پر ملزم عمیر نے گھر میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کردی جسکی زد میں آکر مہوش موت کی وادی میں چلی گئی۔

ملزم موقعہ سے فرار ہوگیا ہے جبکہ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

پنجاب: 20لاکھ مجرموں کے فنگرپرنٹس کاڈیٹا تیار کرنیکا فیصلہ

ڈیٹا بیس کی تیاری اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو مزید اپ گریڈ کرنے کے لیے 49 کروڑ50لاکھ کی لاگت سے آٹومیٹڈ فنگرپرنٹ آڈنٹی فکیشن سسٹم خریدا جائے گا۔

منصوبے پر عملدرآمد کے لیے محکمہ پی اینڈ ڈی میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، منصوبے کے تحت پنجاب کی بڑی جیلوں میں قید تمام چھوٹے بڑے کیسوں میں آئے مجروموں کے فنگر پرنٹس اور پام پرنٹس لئے جائیں گے۔

منصوبے کو چھ ماہ میں آپریشنل کر دیا جائیگا۔

میہڑ: 14سالہ لڑکے سے اسلحے کے زور پر تین ملزمان کی زیادتی

 

 

مدینہ کالونی میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد وقار ملاح کے ورثا قادر ملاح ، محمد عرس ملاح ، مدد ملاح و دیگر نے میہڑ تھانے کے سامنے احتجاج کیا۔ میہڑ پولیس نے اسحاق بروہی سمیت 2 نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں 13 سالہ لڑکے سے بدفعلی کا ملزم گرفتارکر لیا گیا۔ بچے نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزم نے سکول جاتے ہوئے اس کو اغواء کرنے کے بعد بدفعلی کی۔ ملزم اسلم نے الزام کو مسترد کر دیا ہے۔ پولیس متاثرہ بچے کو طبی معائنے کے لئے سول ہسپتال لے کر گئی۔ معاملے پر مزید کارروائی بچے کی میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہو سکے گی۔

اس سے قبل، بچے سے مبینہ بدفعلی پر کیماڑی میں علاقہ مکینوں نے ملزم کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد رینجرز موقع پر پہنچی اور مبینہ ملزم اسلم کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق، درندگی کے شکار لڑکے عبدالرحمان کو بھی رینجرز نے حفاظتی تحویل میں لے کر پولیس کے حوالے کیا جس کے بعد پولیس نے بچے کا طبی معائنہ کرانے کیلئے اسے سول ہسپتال منتقل کیا۔

دنیا نیوز کی خبر پر وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے معاملے کا نوٹس لیا اور ڈی آئی جی ساؤتھ سے انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے۔